• Sat, 21 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

امیتابھ بچن نے مائیکل جیکسن سے پہلی ملاقات یاد کی، کہا مَیں حواس باختہ ہوگیا تھا

Updated: September 12, 2024, 8:33 PM IST | Mumbai

’’کون بنے گا کروڑ پتی‘‘ سیزن ۱۶؍ کے ایک ایپی سوڈ میں میزبان امیتابھ بچن نے عالمی شہرت یافتہ گلوکار مائیکل جیکسن کے ساتھ اپنی پہلی ملاقات کے بارے میں بتایا۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ کتنی جدوجہد کے بعد وہ مائیکل جیکسن کا ایک شو دیکھنے میں کامیابی حاصل کرپائے تھے۔

Amitabh Bachchan Image: X
امیتابھ بچن۔ تصویر: ایکس

’’کون بنے گا کروڑ پتی‘‘ سیزن ۱۶؍ کے ایک ایپی سوڈ میں میزبان امیتابھ بچن نے عالمی شہرت یافتہ گلوکار مائیکل جیکسن کے ساتھ اپنی پہلی ملاقات کا تجربہ بیان کرتے ہوئے بتایا کہ وہ اس وقت حواس باختہ ہوگئے تھے۔ ہندوستان ٹائمز کی ایک رپورٹ کے مطابق امیتابھ بچن نے کہا کہ ’’ میں اس وقت نیویارک کے ایک ہوٹل میں ٹھہرا ہوا تھا۔ ایک دن میرے دروازے پر دستک ہوئی۔ مَیں نے جب دروازہ کھولا تو سامنے مائیکل جیکسن کھڑے تھے۔ انہیں سامنے دیکھ کر میں حواس باختہ ہوگیا۔ حواس پر قابو پانے میں چند سیکنڈز لگے۔ میں نے انہیں ہیلو کہا تو انہوں نے پوچھا کہ کیا یہ ان کا کمرہ ہے۔ جب میں نے کہا کہ یہ ان کا کمرہ نہیں ہے اور وہ غلطی سے یہاں آگئے ہیں تو وہ اپنے کمرے کی جانب بڑھ گئے۔ اس کے بعد انہوں نے ایک شخص کو بھیجا کہ وہ غلطی سے جس کمرے میں چلے گئے تھے، وہاں ٹھہرنے والے شخص سے فون پر بات کروائیں۔ اس کے بعد ہم نے ملاقات کی اور کچھ دیر تک باتیں بھی کیں۔ اتنے مشہور ہونے کے بعد بھی وہ نرم دل تھے اور انتہائی عاجزی سے ملے۔‘‘

بگ بی نے وہ واقعہ بھی بتایا جب وہ امریکہ میں مائیکل جیکسن کے ایک شو میں شریک ہوئے تھے۔ اپنے تجربے کو یاد کرتے ہوئے امیتابھ بچن نے کہا کہ ’’مائیکل جیکسن کا امریکہ میں ایک شو تھا، اور یہ نیویارک سے شو کے مقام تک جانے کی جدوجہد تھی۔ جب ہم ہوٹل پہنچے تو ہمیں بتایا گیا کہ وہاں کمرے دستیاب نہیں ہیں۔ ہم نے ان سے درخواست کی لیکن ان کا کہنا تھا کہ تمام ۳۵۰؍ کمرے مائیکل جیکسن اور ان کی ٹیم کیلئے بک ہیں۔ متعدد کوششوں کے بعد، ہم اسٹیڈیم کے پچھلے حصے میں نشستیں حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئے۔ وہ ایک غیر معمولی فنکار تھے۔ ان کا گانا اور رقص غیر معمولی تھا۔ تالیوں کی گونج کے درمیان ایک جادوئی ماحول تھا۔‘‘ واضح رہے کہ مائیکل جیکسن کا انتقال ۲۰۰۹ء میں ہوا تھا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK