انوپم کھیر بالی ووڈ کے ان چند نامور اداکاروں میں سے ایک ہیں جنہوں نے مزاحیہ، سنجیدہ، منفی اور جذباتی کرداروں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔
EPAPER
Updated: March 08, 2025, 12:08 PM IST | Inquilab News Network | Mumbai
انوپم کھیر بالی ووڈ کے ان چند نامور اداکاروں میں سے ایک ہیں جنہوں نے مزاحیہ، سنجیدہ، منفی اور جذباتی کرداروں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔
انوپم کھیر بالی ووڈ کے ان چند نامور اداکاروں میں سے ایک ہیں جنہوں نے مزاحیہ، سنجیدہ، منفی اور جذباتی کرداروں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔ ان کا فلمی کریئر چار دہائیوں پر محیط ہے، اور وہ نہ صرف ہندوستان بلکہ بین الاقوامی سینما میں بھی مقبولیت حاصل کر چکے ہیں۔ انوپم کھیر کی اداکاری کا جادو ہر نسل کے شائقین کو متاثر کرتا ہے، اور ان کا نام لیجنڈری اداکاروں میں شامل ہے۔
اپنے ۴؍دہائیوں سے زیادہ عرصہ پر مشتمل اپنے کریئر میں انہوں نے ۵۴۰؍ فلموں میں کام کیا ہے۔ انہیں اب تک تک ۲؍ مرتبہ نیشنل ایوارڈ اور ۸؍مرتبہ فلم فیئر ایوارڈ مل چکے ہیں۔ حکومت ہند کی جانب سے انہیں ۲۰۰۴ء میں انہیں پدم شری اور ۲۰۱۶ء میں پدم بھوشن ایوارڈ سےنوازا جاچکا ہے۔
انوپم کھیر ۷؍مارچ ۱۹۵۵ءکو ہماچل پردیش کے شہر شملہ میں پیدا ہوئے تھے۔ ان کے والد ایک سرکاری ملازم تھے اور انوپم کھیر کا بچپن ایک متوسط طبقے کے ماحول میں گزرا۔ مالی مشکلات کے باوجود، انہوں نے اپنی تعلیمی زندگی میں بہترین کارکردگی دکھائی اور اداکاری میں دلچسپی کی بناپرنیشنل اسکول آف ڈراما(این ایس ڈی) میں داخلہ لیا، جہاں انہوں نے اپنی اداکاری کے جوہر نکھارے۔
ابتدائی دنوں میں، انہیں کئی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ ان کے پاس کھانے کے پیسے تک نہیں ہوتے تھے، لیکن ان کی لگن اور محنت نے انہیں کامیابی کے راستے پر ڈال دیا۔
انوپم کھیر نے فلمی دنیا میں ۱۹۸۲ءمیں فلم’آگمن‘ سے قدم رکھا، لیکن انہیں اصل پہچان ۱۹۸۴ءکی فلم ’سارانش‘سےملی۔ اس فلم میں انہوں نے ایک بوڑھے باپ کا کردار ادا کیا، جو اپنے بیٹے کی موت کےبعد درد اور جدوجہد سے گزرتا ہے۔ حیران کن بات یہ ہے کہ اس وقت انوپم کھیرکی عمر صرف ۲۹؍سال تھی، لیکن انہوں نے ایک بزرگ شخص کے کردار میں شاندار اداکاری کی، جس نے انہیں فلم انڈسٹری میں ایک مضبوط مقام دلایا۔ اس فلم کیلئے انہیں بہترین اداکار کا فلم فیئر ایوارڈ بھی دیا گیا تھا۔
انوپم کھیرنےفلم سازی اور ہدایتکاری میں بھی اپنی صلاحیتیں آزمائیں۔ ۲۰۰۲ءمیں، انہوں نے’اوم جے جگدیش‘ نامی فلم کی ہدایت کاری کی، جس میں انیل کپور، ابھیشیک بچن اور فریدہ جلال نے اہم کردار ادا کئے تھے۔ اس کے علاوہ انہوں نے’انوپم کھیر ایکٹنگ انسٹی ٹیوٹ‘کی بھی بنیاد رکھی، جہاں وہ نئی نسل کے اداکاروں کو اداکاری کی تربیت دیتے ہیں۔
انوپم کھیر کی شادی کرن کھیرسےہوئی، جو خود بھی ایک معروف اداکارہ اور سیاستدان ہیں۔ کرن کھیر کے پہلے شوہر سے ان کے بیٹے سکندر کھیر ہیں، جو بالی ووڈمیں اپنی جگہ بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
انوپم کھیر وہ اداکار ہیں جنہوں نے ہر طرح کے کردار میں اپنی مہارت دکھائی ہے۔ وہ صرف ایک اداکار ہی نہیں بلکہ ایک استاد، ایک مصنف، ایک موٹیویشنل اسپیکر، اور ایک کامیاب پروڈیوسر بھی ہیں۔ ان کے۵؍دہائیوں پر مشتمل فلمی کیریئر میں وہ آج بھی ایک متاثر کن شخصیت کے طور پر جانے جاتے ہیں، اور ان کا نام ہمیشہ بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکاروں میں شمار ہوگا۔