دہلی کی وزیراعلیٰ نے پریس کانفرنس میں کیجریوال کی گاڑی پرحملہ کرنے والوں کی تصویریں دکھائیں اورانہیں پرویش ورما کا خاص قرار دیا، بتایا کہ یہ پیشہ ورمجرم ہیں، ایم پی سنجے سنگھ نے سوال اٹھایا کہ یہ قاتل اورڈاکو دہلی میں کیا کررہے ہیں، کیا بی جے پی ان کےذریعے الیکشن جیتنا چاہتی ہے ؟
وزیر اعلیٰ آتشی سنگھ اور سنجے سنگھ پریس کانفرنس کے دوران۔ تصویر: پی ٹی آئی
دہلی کی وزیر اعلیٰ آتشی نے اتوار کی صبح ایک پریس کانفرنس کی اور کیجریوال پر حملے کے معاملے میں بی جے پی کارکنوں پر تازہ الزامات لگائے۔ انہوں نے کہا کہ کیجریوال پر بی جے پی کے تین غنڈوں نے حملہ کیا۔ یہ تینوں پیشہ ور مجرم تھے جوکیجریوال کو مارنا چاہتے تھے۔ تینوں کے خلاف چوری اور ڈکیتی سے لے کر اقدام قتل تک کے مقدمات درج ہیں۔
آتشی سنگھ نے کہا کہ یہ عام کارکن نہیں بلکہ تربیت یافتہ غنڈے ہیں۔ الیکشن میں ممکنہ شکست کو دیکھتے ہوئے بی جے پی گھبرا گئی ہے۔ وہ کیجریوال کی جان لینے پر تلی ہوئی ہے۔ پہلا حملہ آور راہل عرف شینکی تھا جو بی جے پی لیڈر ہے۔ پرویش ورما کا بہت خاص ہے۔ اس کے علاوہ دوسرے حملہ آور کا نام روہت تیاگی ہے۔ روہت پرویش ورما کی تشہیر کرتا ہے۔ تیسرا شخص سوُمیت ہے۔ اس کے خلاف چوری اور ڈکیتی کا مقدمہ درج ہے۔ وزیر اعلیٰ آتشی نے کہا کہ اروند کیجریوال کی گاڑی پر نئی دہلی اسمبلی حلقہ میں حملہ کیا گیا۔ حملہ کرنے والے بی جے پی کے غنڈے تھے۔ سب نے ویڈیو دیکھا اور ان کی گاڑی پر اتنا بڑا پتھر پھینکا گیا کہ اگر کسی کو لگتا تو اس کی جان جا سکتی تھی۔ وہ لوگ کون تھے؟آتشی نے ان حملہ آوروں کی تصویریں بھی دکھائیں۔ راجیہ سبھا ایم پی سنجے سنگھ نے پریس کانفرنس میں کہا کہ یہ قاتل اور ڈاکو نئی دہلی اسمبلی حلقہ میں کیا کر رہے ہیں ؟ ان کا مقصد کیا ہے؟ ان میں سے کچھ کے خلاف قتل کے مقدمات درج ہیں جبکہ کچھ کے خلاف ڈکیتی کے مقدمات درج ہیں۔ بی جے پی ان کے ذریعے الیکشن جیتنا چاہتی ہے۔ اروند کیجریوال پر آئے روز حملے ہو رہے ہیں۔ کل کا حملہ اروند کیجریوال کو قتل کرنے کی کوشش تھا۔ اس حملے میں دہلی پولیس بھی ملوث ہے۔ پولیس ملوث نہ ہوتی تو اب تک ملزم گرفتار ہو چکے ہوتے۔
عام آدمی پارٹی (اے اے پی/آپ ) کے سینئر لیڈر منیش سیسودیا نے اس دوران کہا کہ بی جے پی خوفزدہ بزدلوں کی پارٹی ہے۔ اگر ان میں کیجریوال کے کاموں کے خلاف لڑنے کی ہمت نہیں ہے تو اپنے غنڈوں سے ان پر حملہ کروا دیا۔ اس سے زیادہ گھٹیا اور نچلی سطح کی سیاست نہیں ہوسکتی جو بی جے پی کر رہی ہے۔ اب دہلی کے لوگ اس اینٹ کا منہ توڑ جواب دیں گے۔
پرویش ورما نے الزامات کا جواب دیا
ان الزامات کے بارے میں بی جے پی لیڈر پرویش ورما نے کہا کہ ۱۱؍ سال تک وزیر اعلیٰ رہنے کے بعد بھی کیجریوال کو گھر گھر جا کر انتخابی مہم چلانی پڑ رہی ہے ۔ اس میں جب انہیں صحیح جواب نہیں ملا تو انہوں نے تین نوجوانوں کو اپنی کار سے ٹکر مار دی جب انہوں نے روزگار کا مطالبہ کیا۔
نئی دہلی اسمبلی حلقے سے بی جے پی کے امیدوار پرویش ورما نے کہا کہ والمیکی کمیونٹی کے لوگ اروند کیجریوال کی پارٹی کے کارکن ہوا کرتے تھے لیکن جب ان کا کام نہیں ہوا تو انہوں نے اروند کیجریوال اور ان کی پارٹی سے خود کو دور کر لیا۔ تب سے یہ لوگ اروند کیجریوال کیلئے غنڈے بن گئے ہیں ۔ پرویش نے کہا کہ انہوں نے الیکشن کمیشن سے نوجوانوں پر گاڑی چڑھانے کی شکایت بھی کی ہے۔
کانگریس کا کیجریوال پر لوگوں کو گمراہ کرنے کا الزام
کانگریس نے کرایہ داروں کو مفت بجلی اور پانی دینے کے معاملے پر عام آدمی پارٹی کے قومی کنوینر اروند کیجریوال کو نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ عوامی حمایت میں کمی کی وجہ سے وہ مسلسل جھوٹے وعدے کرکے عوام کو گمراہ کررہے ہیں۔ دہلی پردیش کانگریس کے صدر دیویندر یادو نے کہا کہ کیجریوال پھسلتی عوامی حمایت کی وجہ سے مسلسل عوام کو گمراہ کر رہے ہیں اور اپنے جھوٹ کو دہرا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انہوں (کیجریوال) نے ۲۰۱۵ ء اور۲۰۱۹ء میں بھی ووٹ حاصل کرنے کیلئے یہی وعدہ کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ کیجریوال گزشتہ۱۰؍ برسوں میں اپنے وعدوں کو پورا نہیں کیا اور اب انہیں احساس ہو گیا ہے کہ ان کی بدعنوان حکومت ختم ہونے والی ہے، اس لیے وہ انتخابات میں اپنے جھوٹ اور فریب پر مبنی اعلانات کر کے کرایہ داروں کی ہمدردی حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
کیجریوال پر کوئی حملہ نہیں ہوا : پرویش ورما
بی جے پی لیڈر اور نئی دہلی اسمبلی حلقہ سے امیدوار پرویش ورما نے دعویٰ کیا ہے کہ اروند کیجریوال پر کوئی حملہ نہیں ہوا ہے بلکہ وہ عوام سے سوالات سے بچنےکیلئے تقریب کے مقام سے بھاگ گئے تھے۔ ورما نے اتوار کی صبح صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کیجریوال نئی دہلی اسمبلی حلقے سے انتخاب ہار رہے ہیں، اس لئے انہوں نے حملے کی جھوٹی کہانی بنائی ہے۔
مرکزی وزیررونیت سنگھ بٹو کی کیجریوال پر تنقید
مرکزی وزیر رونیت سنگھ بٹو نے کہا کہ کیجریوال پنجاب حکومت کا پیسہ لوٹ رہے ہیں اور روزانہ پریس کانفرنس کر رہے ہیں ۔ بٹو نے کہا کہ آپ نے پچھلی بار پنجاب اور دہلی دونوں ریاستوں میں ایک ہزار روپے دینے کا وعدہ کیا تھا، اس کے لیے فارم بھی بھرے گئے۔ لیکن، یہ کہیں بھی مکمل نہیں ہوا۔ اب آپ نے ۲۵۰۰؍ روپے روپے دینے کا وعدہ کیا ہے۔