عائشہ نےاسکول کی تعلیم سینٹ انتھونی گرلز ہائی اسکول، چمبور سےمکمل کی اور اس کے ساتھ ہی بطور چائلڈ آرٹسٹ کام کرنا شروع کردیا۔
EPAPER
Updated: April 10, 2025, 11:01 AM IST | Mumbai
عائشہ نےاسکول کی تعلیم سینٹ انتھونی گرلز ہائی اسکول، چمبور سےمکمل کی اور اس کے ساتھ ہی بطور چائلڈ آرٹسٹ کام کرنا شروع کردیا۔
ٹارزن: دی ونڈر کار سے بالی ووڈ میں قدم رکھنے والی عائشہ ٹاکیہ آج ۳۹؍برس کی ہوگئیں۔ عائشہ نے اپنے اداکاری کرئیرکا آغاز محض ۱۳؍ برس کی عمر میں کیا تھا۔ عائشہ ٹاکیہ کی پیدائش ۱۰؍ اپریل ۱۹۸۶ءکو ممبئی میں ایک گجراتی ہندو باپ نشیت ٹاکیہ اور ایک مسلم ماں فریدہ کے ہاں ہوئی تھی۔ عائشہ نےاسکول کی تعلیم سینٹ انتھونی گرلز ہائی اسکول، چمبور سےمکمل کی اور اس کے ساتھ ہی بطور چائلڈ آرٹسٹ کام کرنا شروع کردیا۔ پہلی بار عائشہ کو شاہد کپور کے ساتھ مشہور ہیلتھ ڈرنک ’’کمپلان‘‘کے اشتہار میں چائلڈایکٹر کے طور پر دیکھا گیا تھا۔ عائشہ ڈزنی چینل کے لیے بھی کام کر چکی ہیں جہاں سے انھیں ماہانہ۸؍ ہزار روپے ملتے تھے۔
۲۰۰۰ءمیں، عائشہ ٹاکیہ گلوکارہ فالگونی پاٹھک کے میوزک ویڈیو میری چونر اُڑ اڑ جائے میں نظر آئیں۔ اس گانے کے بعد عائشہ کو ملک بھر میں شناخت ملی۔ اس کے علاوہ وہ میوزک ویڈیوز شیک اٹ ڈیڈی اور ایک ریمکس گانے ’نہیں نہیں ابھی نہیں ‘ میں بھی نظر آئیں۔ جس کی وجہ سے عائشہ کو کافی شہرت ملی اور لگاتار ہٹ ویڈیوزدے کر انہیں بالی ووڈ فلموں میں کام کرنے کی آفرز ملنے لگے۔
ٹی وی اشتہارات اورماڈلنگ میں کرئیر بنانے کےبعد عائشہ نے فلموں کا رخ کیا۔ عائشہ نے سب سےپہلے فلم سوچا نہ تھا میں کام کیا لیکن پروڈکشن میں تاخیر کی وجہ سے یہ فلم ریلیز نہیں ہو سکی۔ جس کی وجہ سے ان کی دوسری فلم عباس-مستان کی سپر نیچرل ایکشن تھرلر ’ٹارزن دی ونڈر کار‘(۲۰۰۴ء)پہلے ریلیزہوگئی۔ یہ فلم باکس آفس پر فلاپ ثابت ہوئی لیکن عائشہ کو ان کی بہترین اداکاری اور گلیمرس انداز کی وجہ سےسراہاگیا اور انہوں نے بہترین خاتون ڈیبیوکے لیے فلم فیئر ایوارڈ اور آئیفا ایوارڈ جیتا۔ اس کے علاوہ عائشہ نے دل مانگے مور، سوچا نہ تھا، شادی نمبر ون، ہوم ڈیلیوری جیسی فلموں میں کام کیا۔
عائشہ کی پہلی۷؍فلمیں بیک ٹو بیک فلاپ رہیں۔ ۲۰۰۶ءمیں عائشہ پہلی بار فلم ڈور میں نان گلیمرس روپ میں نظر آئیں۔ عائشہ کو ایک راجستھانی بیوہ کاکردار ادا کرنے پر ناقدین کی جانب سے کافی پذیرائی ملی اور یہ ان کے کریئر کی پہلی ہٹ فلم ثابت ہوئی۔ ۲۰۰۷ء میں عائشہ کی۶؍فلمیں ریلیز ہوئیں جن میں سلام عشق، کیش، فل اینڈ فائنل شامل ہیں۔ ۲۰۰۹ءمیں عائشہ کو سلمان خان کے ساتھ فلم وانٹیڈ میں کام کرنے کا موقع ملا۔ یہ فلم پہلے امریتا راؤ کو پیش کی گئی تھی لیکن جب انہوں نے اسے ٹھکرا دیا تو عائشہ اس فلم کی ہیروئن بن گئیں۔ یہ عائشہ کے کرئیر کی سب سےبڑی ہٹ فلم ثابت ہوئی۔ ۲؍سال بعد عائشہ نے ۲۰۱۱ءکی فلم موڑ کے بعد اچانک انڈسٹری چھوڑدی۔ صرف ۲۱؍فلموں میں نظر آنے والی عائشہ اکثراپنی اداکاری سے زیادہ اپنی ذاتی زندگی اور تنازعات کی وجہ سے سرخیوں میں رہتی ہیں۔ ہندی فلموں کے علاوہ انہوں نے تیلگو فلموں میں بھی کام کیا ہے۔ ۲۰۰۶ء میں، وہ ’موسٹ ڈیزائریبل وومن آف انڈیا‘ کی فہرست میں شامل ہوئیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر وہ اداکارہ نہ بنتی تو وہ ٹریول شو کی اینکر ہوتی کیونکہ انہیں کیمرے کے ساتھ سفرکرنا پسند ہے۔ انہوں نے ہالی ووڈ فلم ’اے نائٹ ود دی کنگ‘ میں بھی کام کیا۔ عائشہ ٹاکیہ نے محض ۲۳؍سال کی عمر میں مشہور سیاست داں ابو عاصم اعظمی کے بیٹے فرحان اعظمی سے شادی کی جو خود بھی ایک ریستوران کے مالک ہیں۔ شادی کے لیے عائشہ نے اسلام قبول کیا اور خود کو فلموں سے دور کر لیا۔ عائشہ کا ایک بیٹا میکائیل ہے۔