آپ کو مہاتما گاندھی کی زندگی پر مبنی ہالی ووڈ کی مشہور فلم’گاندھی‘ تو یاد ہی ہوگی جو کہ ۱۹۸۲ء میں ریلیز ہوئی تھی۔ اس فلم نے پوری دنیا میں تہلکہ مچا دیا تھا اور اس فلم کو خوب پسند کیا گیا تھا۔
EPAPER
Updated: December 31, 2024, 11:02 AM IST | Inquilab News Network | Mumbai
آپ کو مہاتما گاندھی کی زندگی پر مبنی ہالی ووڈ کی مشہور فلم’گاندھی‘ تو یاد ہی ہوگی جو کہ ۱۹۸۲ء میں ریلیز ہوئی تھی۔ اس فلم نے پوری دنیا میں تہلکہ مچا دیا تھا اور اس فلم کو خوب پسند کیا گیا تھا۔
آپ کو مہاتما گاندھی کی زندگی پر مبنی ہالی ووڈ کی مشہور فلم’گاندھی‘ تو یاد ہی ہوگی جو کہ ۱۹۸۲ء میں ریلیز ہوئی تھی۔ اس فلم نے پوری دنیا میں تہلکہ مچا دیا تھا اور اس فلم کو خوب پسند کیا گیا تھا۔ اس کے ساتھ ہی اس فلم میں مہاتما گاندھی کا کردار ادا کرنے والے اداکار بین کنگزلی کی بھی بہت شہرت ہوئی تھی۔ حالانکہ وہ پہلے ہی سے ہالی ووڈ کے ایک مشہور اداکار رہے ہیں۔ بین کنگزلی ۳۱؍دسمبر۱۹۴۳ء کو ایک انگریز ماں اور ہندوستانی گجراتی والدکے ہاں پیدا ہوئے۔ ان کے والد کا تعلق جام نگر سے تھا۔ ان کا پیدائشی نام کرشنا پنڈت بھانجی تھا۔ کنگزلی نےتھیٹر میں اپنے کریئرکاآغاز کیا، ۱۹۶۷ءمیں رائل شیکسپیئر کمپنی میں شمولیت اختیار کی اور اگلے ۱۵؍سال بنیادی طور پر تھیٹر میں ہی کام کرتے رہے۔ انہیں اپنے ٹیلی ویژن کےکرداروں کے لیے بھی جانا جاتا ہے، انہوں نےمرڈررز امنگ آس: دی سائمن ویسنتھل اسٹوری (۱۹۸۹ء)، جوزف (۱۹۹۵ء)، این فرینک: دی ہول اسٹوری (۲۰۰۱ء)، اورمسز ہیرس (۲۰۰۶ء) میں پرائم ٹائم ایمی ایوارڈ کی نامزدگی حاصل کی۔
۱۹۶۰ءکی دہائی میں، کرشنانےاپنا نام بدل کر بین کنگزلی رکھ لیا، تاکہ انہیں غیر ملکی نام کی وجہ سے انگریزی فلموں وغیرہ میں کام مل سکے۔ انہوں نے ریڈیو ٹائمز کو بتایا تھا کہ ’’جیسے ہی میں نے اپنا نام تبدیل کیا، مجھے کام ملنے لگا۔ میں نے کرشنا بھانجی کےطورپر ایک آڈیشن دیا تھا اور انہوں نے کہا، کہ آپ کاآڈیشن اچھا تھالیکن ہم یہ نہیں سمجھ پارہےکہ آپ کو ہمارے آنے والے سیزن میں کیسے جگہ دیں گے۔ ‘‘انہوں نے مزید کہا کہ ’’میں نےاپنا نام تبدیل کیا، انہوں نے کہا کہ آپ کب شروع کر سکتے ہیں ؟‘‘ ۱۹۷۱ء میں کنگزلی نےبراڈوےکیلئے کام کرنا شروع کیا۔ ان کا پہلا ڈرامہ ولیم شیکسپیئر کا لکھا ہوا’اے مڈ سمر نائٹس ڈریم‘ تھا۔
کنگزلی کے کیریئر میں ایک اہم موڑاس وقت آیا جب انہوں نےتاریخی سوانح حیات پر مبنی فلم گاندھی(۱۹۸۲ء) میں کام کیا۔ اس کی ہدایت کاری رچرڈ ایٹنبرو نے کی تھی، جس میں کنگزلی نے نوآبادیاتی مخالف کارکن اورامن کے پیغامبرمہاتما گاندھی کا اہم کردار ادا کیا تھا۔ فلم تنقیدی اور مالیاتی طور پر کامیاب رہی جس پرشکاگو سن ٹائمزکےفلم نقاد راجر ایبرٹ نے مرکزی کردار میں کنگزلی کی کاسٹنگ کی تعریف کرتےہوئےلکھا تھا کہ ’’انہوں نےاس کردارکو مکمل طور پراپنالیا ہےکہ محسوس ہوتا ہے جیسے گاندھی جی کی روح اسکرین پر آگئی ہے۔ کنگزلی کی کارکردگی عمدہ ہے اور وہ اسکرین پر تقریباً ہمیشہ خاموش، مشاہدہ کرنے والے اور نرم گو نظر آتے ہیں۔ ان کی کارکردگی ایسی طاقت کے ساتھ سامنے آتی ہے کہ ہمیں بعد میں احساس ہوتا ہے کہ گاندھی کی سراسر اخلاقی قوت ان الفاظ کے پیچھے ضرور رہی ہوگی۔ ‘‘ فلم گاندھی میں مرکزی کردار میں بہترین اداکار کے لیے انہیں بافٹا ایوارڈ، اور بہترین اداکار کاگولڈن گلوب ایوارڈ دیا گیا تھا۔ انہوں نے ۵؍دہائیوں پر محیط اپنے پورے کرئیرمیں کئی اعزازات حاصل کئے ہیں، جن میں اکیڈمی ایوارڈ، ایک بافٹا ایوارڈ، ایک گریمی ایوارڈ، اور ۲؍ گولڈن گلوب ایوارڈز کے ساتھ ساتھ ۴؍ پرائم ٹائم ایمی ایوارڈز اور۲؍لارنس اولیور ایوارڈز کے لیے نامزدگی شامل ہیں۔ کنگزلی کو۲۰۰۲ءمیں برطانوی فلم انڈسٹری کے لیے خدمات کےعوض نائٹ بیچلر مقرر کیا گیاتھا۔ انہیں ۲۰۱۰ءمیں ہالی ووڈ واک آف فیم پر ایک اسٹارسےنوازاگیااور۲۰۱۳ءمیں برٹانیہ ایوارڈ دیا گیا۔