• Sat, 21 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

بینا رائے نے تاج محل اور انارکلی جیسی فلموں سے مقبولیت کی بلندی حاصل کی

Updated: December 07, 2024, 10:56 AM IST | Inquilab News Network | Mumbai

بینارائے۱۹۵۰ء کی دہائی میں ایک مقبول ترین اداکارہ تھیں۔ انہوں نے بنیادی طور پر ہندی سنیما کے بلیک اور وائٹ دور میں اداکاری کی تھی۔

Actress Bina Rai  who played many wonderful roles. Photo: INN
کئی شاندار کردار ادا کرنے والی اداکارہ بینا رائے۔ تصویر: آئی این این

بینارائے۱۹۵۰ء کی دہائی میں ایک مقبول ترین اداکارہ تھیں۔ انہوں نے بنیادی طور پر ہندی سنیما کے بلیک اور وائٹ دور میں اداکاری کی تھی۔ انہوں نے انارکلی(۱۹۵۳ء)، گھونگھٹ (۱۹۶۰ء)اور تاج محل (۱۹۶۳ء)میں اپنے کرداروں کے ذریعہ سب کا دل موہ لیا تھا۔ فلم گھونگھٹ میں اپنی اداکاری کے لیے فلم فیئر اعزاز برائے بہترین اداکارہ جیتا تھا۔ 
تب کسی نے سوچا بھی نہیں تھا کہ اتنی شہرت حاصل کرنے والی اداکارہ بینا رائے اس طرح اچانک شادی کرلیں گی اور اپنے کروڑوں مداحوں کا دل توڑ دیں گی لیکن انہوں نے ایسا ہی کیا۔ دراصل اداکار پریم ناتھبینا رائے کی خوبصورتی کے دیوانے تھے۔ بھگوانداس ورما کی فلم ’عورت’ پریم ناتھ کے ساتھ بینا رائے کی پہلی فلم تھی۔ اس فلم کی شوٹنگ کے دوران دونوں کے درمیان محبت ہوگئی۔ کچھ ہی وقت بعد دونوں نےشادی کرلی۔ اس فلم میں بینا رائے نے ایک تیزطرار شوخ لڑکی کا کردار ادا کیا تھا۔ ہر شاٹ کے بعد وہ شرما جاتی تھیں۔ انہیں بار بار ایسا کرتے دیکھ پریم ناتھ نے چھیڑتے ہوئے اپنے انداز میں کہا، تمہارے جیسی لڑکی کو فلموں میں کام کرنے کی بجائے گھر بسا لینا چاہئے۔ وقت کے ساتھ پردے کی محبت حقیقی زندگی میں بھی جھلکنے لگی اور دونوں نے شادی کر لی۔ آج کی ہیروئنیں سرخیوں میں رہتے ہوئے شادی نہیں کرتیں، لیکن بینا رائے نے ایسا نہیں سوچا۔ اس کی وجہ تھی کہ وہ ایک روایتی ہندوستانی خاندان سے تھیں۔ یہی وجہ تھی کہ انہوں نے فلمی چکاچوند کو کبھی اپنے اوپر حاوی نہیں ہونے دیا۔ شادی کے بعد بینا رائے نے گھریلو ذمہ داری سنبھالتے ہوئے بھی چند اچھی فلموں میں اداکاری کی۔ شادی کے بعد بھی انہیں بطور ہیروئن خوب شہرت ملی۔ ’عورت’ کے بعد گوہر، شعلے، شگوفہ(۱۹۵۳)، مینار، گو ل کنڈا کا قیدی (۱۹۵۴)، سردار، میرین ڈرائیو، انسانیت، مدبھرے نین (۱۹۵۵)، چندرکانت، ہمارا وطن، درگیش نندنی (۱۹۵۶)، تلاش، سمندر، چنگیز خاں (۱۹۵۷)، گھونگھٹ، واللہ کیا بات ہے (۱۹۶۰)، تاج محل (۱۹۶۳)، دادی ماں (۱۹۶۶) اور رام راجیہ (۱۹۶۷) فلموں میں انہوں نےاداکاری کی۔ ان فلموں میں ان کے ہیرواشوک کمار، دلیپ کمار، دیو آنند، بھارت بھوشن، کشور کمار، پردیپ کمار، اجیت، پریم ناتھ، کشور ساہو، کمار سین، آغا، رحمان اور شمی کپور جیسے اپنے وقت کے جانے مانے اداکار تھے۔ 
بینا رائے کی فلم ’انارکلی’ کی کامیابی کے بعد پروڈیوسر ڈائریکٹرکے۔ آصف نے انہیں اپنی فلم ’مغل اعظم‘میں انار کلی کا اہم کردار دینے کی بات کی تھی، لیکن بات نہیں بنی۔ بینا رائے نے پتہ نہیں کیوں، اس کےلئے انکار کر دیا۔ بینا رائے نے ویسے تو اشوک کمار، پریم ناتھ اور بھارت بھوشن کے ساتھ زیادہ فلمیں کیں، لیکن انہیں لوگوں کے دل میں بسانے والی فلمیں تھیں انارکلی اور تاج محل۔ ان میں ان کے ہیرو پردیپ کمارتھے۔ جس طرح لوگ انارکلی کے گیت سن کر جھوم اٹھتے تھے، اسی طرح تاج محل کےگیت بھی سدا بہار ثابت ہوئے۔ جو وعدہ کیا وہ نبھانا پڑے گا، جو بات تجھ میں ہے تری تصویر میں نہیں۔ اورپاؤں چھو لینے دو پھولوں کو عنایت ہوگی نے تو اس وقت کے بہت سے عاشق نوجوانوں کو متوالا بنادیا تھا۔ 
 کبھی لاکھوں دلوں پر راج کرنے والی بینا رائے آخری وقت میں ممبئی کے مالابار میں واقع انیتابھون میں بیٹےپریم کشن اور کیلاش ناتھ کے ساتھ رہتی تھیں۔ پریم کشن فلم – سیریل پروڈکشن سے منسلک ہیں۔ پریم کشن کی بیٹی آکانشا بھی کئی فلموں میں کام کر چکی ہیں۔ بینا رائے کا انتقال۶ دسمبر۲۰۰۹ءکو ہوا تھا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK