بالی ووڈ کے معروف اداکار نانا پاٹیکر۷۴؍ برس کے ہو گئے۔ نانا پاٹیکر یعنی وشواناتھ پاٹیکر یکم جنوری۱۹۵۱ءکوممبئی میں ایک متوسط مراٹھی گھرانےمیں پیدا ہوئے۔
EPAPER
Updated: January 02, 2025, 12:53 PM IST | Mumbai
بالی ووڈ کے معروف اداکار نانا پاٹیکر۷۴؍ برس کے ہو گئے۔ نانا پاٹیکر یعنی وشواناتھ پاٹیکر یکم جنوری۱۹۵۱ءکوممبئی میں ایک متوسط مراٹھی گھرانےمیں پیدا ہوئے۔
بالی ووڈ کے معروف اداکار نانا پاٹیکر۷۴؍ برس کے ہو گئے۔ نانا پاٹیکر یعنی وشواناتھ پاٹیکر یکم جنوری۱۹۵۱ءکوممبئی میں ایک متوسط مراٹھی گھرانےمیں پیدا ہوئے۔ ان کے والد دنکر پاٹیکر ایک پینٹرتھے۔ نانا نے ممبئی کے جے جے اسکول آف آرٹس میں تعلیم حاصل کی۔ اس دوران وہ کالج کےزیر اہتمام ڈراموں میں حصہ لیا کرتےتھے۔ نانا پاٹیکر کو اسکیچنگ کا بھی شوق تھا اور وہ مجرموں کے اسکیچ بنا کر ممبئی پولیس کو ان کی شناخت کیلئے دیتے تھے۔
ناناپاٹیکر کو ابتدائی کامیابی دلانے میں پروڈیوسر ڈائریکٹر این چندراکی فلموں کا بڑا ہاتھ رہا۔ انہیں پہلا بڑا بریک فلم ’انکش‘ (۱۹۸۶ء)سے ملا۔ اس فلم میں نانا پاٹیکرنے ایک بے روزگار نوجوان کا کردار ادا کیا تھا جو کام نہ ملنے پر سماج سے ناراض ہوتا ہے اور الٹے سیدھےراستے پر چلتا ہے، نانا پاٹیکر نے اپنے کردار کو اتنےخلوص سے نبھایا کہ شائقین آج بھی اس کردار کو فراموش نہیں کرسکے ہیں۔ اسے محض اتفاق ہی کہا جائے گا کہ این چندرا نے اس فلم سے بطور پروڈیوسر اورہدایت کار اپنے فلمی کرئیرکاآغاز کیا تھا۔ ۱۹۸۷ء میں نانا پاٹیکر کو این چندرا کی ہی فلم ’پرتیگھات‘میں کام کرنےکاموقع ملا۔ اگرچہ پوری فلم اداکارہ سجاتا مہتا پر مبنی تھی، لیکن نانا نے اس فلم میں ایک پاگل پولیس اہلکار کا چھوٹا سا کردار ادا کرکے اپنی اداکاری کا لوہا منوایا۔
۱۹۸۹ءمیں ریلیزہونےوالی فلم’پرندہ‘ کا شمار نانا پاٹیکرکی کامیاب فلموں میں ہوتا ہے۔ ودھو ونود چوپڑاکی پروڈیوس کردہ اس فلم میں نانا پاٹیکر نے ایک ذہنی طور پر خراب لیکن انڈر ورلڈ کے بے تاج بادشاہ کا کردار ادا کیا جو غصے کی حالت میں اپنی بیوی کو زندہ جلانےسے نہیں ہچکچاتا۔ نانا پاٹیکر اس کردار کو روکھے انداز میں ادا کر کے شائقین کی تالیاں لوٹنے میں کامیاب رہے۔ ۱۹۹۱ءمیں نانا نے فلم ڈائریکشن میں بھی قدم رکھا اور’پرہار‘کی ہدایت کاری کے ساتھ ساتھ اداکاری بھی کی۔ اس فلم کی سب سے دلچسپ بات یہ تھی کہ اس نے اداکارہ مادھوری دکشت کو گلیمر سے عاری کردار ادا کراکے ناظرین کے سامنے ان کی اداکاری کی صلاحیت کا ایک نیا روپ پیش کیا۔ ۱۹۹۲ءمیں ریلیز ہونے والی فلم ’ترنگا‘بطور مرکزی اداکار نانا پاٹیکرکی پہلی سپر ہٹ فلم ثابت ہوئی۔ پروڈیوسر ڈائریکٹر میہل کمار کی اس فلم میں انہیں ڈائیلاگ ڈلیوری کے بے تاج بادشاہ راجکمار کےساتھ کام کرنے کا موقع ملا لیکن نانا پاٹیکر نے بھی اپنےمخصوص ڈائیلاگ اسٹائل سے اداکاری کے معاملےمیں راجکمار کو سخت مقابلہ دے کر شائقین کو محظوظ کیا۔
۱۹۹۶ءمیں ریلیزہونے والی فلم’خاموشی‘میں ناظرین کو ان کی اداکاری کی ایک نئی جہت دیکھنے کو ملی۔ اس فلم میں انہوں نے اداکارہ منیشا کوئرالا کے گونگے باپ کا کردار ادا کیا۔ یہ کردار کسی بھی اداکار کے لیے بہت بڑا چیلنج تھا۔ ڈائیلاگ بولے بغیر صرف آنکھوں اور چہرے کے تاثرات سے سامعین کو سب کچھ بتانا نانا پاٹیکر کی اداکاری کی ایسی مثال تھی جسے شاید ہی کوئی اداکار دہرا سکے۔
۲۰۰۷ءمیں ریلیز ہونے والی فلم’ویلکم‘ میں نانا پاٹیکرکی اداکاری کا نیا رنگ دیکھنےکو ملا۔ اس فلم سے پہلے ان کے بارے میں کہا جاتا تھا کہ وہ صرف سنجیدہ اداکاری کی صلاحیت رکھتےہیں لیکن نانا نے اپنی زبردست مزاحیہ اداکاری سےشائقین کو مسحور کر دیا اور اپنےناقدین کو ہمیشہ کے لیے خاموش کر دیا اور فلم کو سپرہٹ کر کے نانا پاٹیکر کو فلم فیئر ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔ نانا پاٹیکر کو۳؍ بار نیشنل ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔ نانا پاٹیکر کی فلم ونواس حال ہی میں ریلیز ہوئی ہے۔