• Sun, 24 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

ناظرین کے دلوں میں خاص جگہ بنانےوالے بالی ووڈ اداکار راج ببر

Updated: June 24, 2024, 12:29 PM IST | Mumbai

ممبئی آنے کے بعد انہیں مرکزی اداکار کی حیثیت سے اپنی شناخت بنانے کیلئے کافی جدوجہد کرنی پڑی۔ اس دوران وہ پروڈیوسر اور ڈائریکٹر پرکاش مہرہ کے دفتر میں ایک چھوٹے سے کمرے میں رہ کر جدوجہد کیا کرتے تھے۔

Raj Babbar. Photo: INN
راج ببر۔ تصویر: آئی این این۔

بالی ووڈ میں راج ببرکو ایک ایسے اداکار کے طور پرشمار کیا جاتا ہے، جنہوں نے اپنی بااثر اداکاری سے متوازی سنیماکے ساتھ کمرشیل سنیما میں بھی ناظرین کے دلوں میں خاص جگہ بنائی ہے۔ راج ببر۲۳؍ جون۱۹۵۲ء کو پیدا ہوئے تھے۔ ۱۹۷۵ء میں نیشنل اسکول آف ڈراما سے گریجویشن مکمل کرنے کے بعد وہ اداکار بننے کا خواب سجائے ممبئی آگئے تھے۔ 
ممبئی آنے کے بعد انہیں مرکزی اداکار کی حیثیت سے اپنی شناخت بنانے کیلئے کافی جدوجہد کرنی پڑی۔ اس دوران وہ پروڈیوسر اور ڈائریکٹر پرکاش مہرہ کے دفتر میں ایک چھوٹے سے کمرے میں رہ کر جدوجہد کیا کرتے تھے۔ 
راج ببر نے اپنے فلمی کریئر کا آغاز۱۹۸۰ء میں فلم ’سو دن ساس کے‘ سے کیا تھا۔ اس فلم میں انہوں نے اداکارہ رینا رائے کے شوہر کا کردار نبھایا تھا۔ یہ فلم باکس آفس سپر ہٹ ثابت ہوئی۔ فلم ’سو دن ساس کے‘ کی کامیابی کے باوجود راج ببر کو بطور اداکار کام نہیں مل رہا تھا۔ یقین تو سبھی نے دلایا لیکن کسی نے بھی انہیں کام کرنے کا موقع نہیں دیا۔ اسی درمیان راج ببر کو نذرانہ پیار کا، ساجن میرے ساجن کی، جذبات اور آپ تو ایسے نہ تھے جیسی کچھ فلموں میں کام کرنے کا موقع ملا لیکن ان فلموں سے انہیں کوئی خاص فائدہ نہیں ہوا۔ راج ببر کی قسمت کاستارہ۱۹۸۰ء میں بی آر چوپڑا کی فلم ’انصاف کا ترازو‘ سے چمکا۔ اس فلم میں انہوں نے ایک منفی کردار ادا کیا تھا۔ اس فلم کی کہانی بی آر چوپڑا نے کئی افراد کو سنائی لیکن کوئی بھی اداکار فلم میں کام کرنےکے لئے راضی نہیں ہوا۔ بی آر چوپڑا نے جب فلم کی کہانی راج ببر کو سنائی تو انہوں نے اس فلم کو ایک چیلنج کے طور پر لیا اور اس پر راضی ہوگئے۔ ۱۹۸۰ء میں ریلیز فلم ’انصاف کا ترازو‘ سپرہٹ ثابت ہوئی اور وہ کافی حد تک انڈسٹری میں اپنا شناخت قائم کرنے میں کامیاب رہے۔ فلم ’انصاف کا ترازو‘ کی کامیابی کے بعد راج ببر، بی آر چوپڑا کے پسندیدہ اداکار بن گئے اور انہوں نے راج ببر کو تقریباً اپنی ہر فلم میں کام دینا شروع کردیا۔ ان فلموں میں نکاح، آج کی آواز، دہلیز، کرایہ دار عوم اور کل کی آواز جیسی فلمیں شامل ہیں۔ 
فلم ’انصاف کا ترازو‘ کی کامیابی کے بعد راج ببر نے اپنی ویلن کی شبیہ کی پروا کئے بغیر رومانوی فلموں میں اداکاری جاری رکھی۔ ان فلموں میں پونم ڈھلون کے ساتھ ’پونم‘ اور انیتا راج کے ساتھ ’پریم گیت‘ جیسی فلمیں شامل ہیں۔ ان فلموں کو ناظرین نے بہت پسند کیا لیکن اس کامیابی کا سہرا راج ببر کے بجائے اداکاراؤں کو دیا گیا۔ ۱۹۹۲ء میں ریلیز ہونے والی فلم ’کرم یودھا‘ راج ببر کے کریئر کی بطور مرکزی اداکار آخری فلم ثابت ہوئی۔ یہ فلم باکس آفس پر ناکام رہی۔ اس کے بعد راج ببر نے اداکاری میں یکسانیت سے بچنے اور ایک کریکٹر ایکٹر کے طور پراپنی شناخت قائم کرنے کیلئے مختلف کردار نبھائے۔ 
راج ببر کے فلمی کریئر میں اداکارہ سمیتا پاٹل کے ساتھ ان کی جوڑی کو خوب پسند کیا گیا تھا۔ ان کی جوڑی سب سے پہلے۱۹۸۱ء میں ریلیز فلم’تجربہ‘ میں ایک ساتھ نظر آئی۔ بعد میں انہوں نے اداکارہ سمیتا پاٹل سے شادی کرلی۔ راج ببر نے ہندی فلموں کے علاوہ پنجابی فلموں میں بھی اداکاری کی اور ناظرین کو لطف اندوز ہونے کا موقع دیا۔ راج ببر نے فلموں میں متعدد کردار نبھانے کے بعد سماجی خدمت کیلئے سیاست میں قدم رکھا۔ راج ببر نے اپنے چار دہائی طویل فلمی کریئر میں تقریباً ڈھائی سو سے زائد فلموں میں کام کیا۔ وہ آج بھی جوش و خروش کے ساتھ سیاست کے میدان میں سرگرم ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK