• Thu, 19 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

ایسی فلمیں جو ’ہارر‘ کے ساتھ ’کامیڈی‘ بھی ہوں، فلم شائقین کو زیادہ پسند آتی ہیں

Updated: September 15, 2024, 6:05 PM IST | Deepesh Pandey | Mumbai

باکس آفس پراستری ۲؍ کی زبردست کامیابی کے بعد فلموں کے اس نئے سلسلے کو دیگر فلمساز بھی آگے لےجارہے ہیں، مستقبل قریب میں اس قسم کی کئی فلمیں ریلیز ہونےوالی ہیں۔

Stree 2. Photo: INN
استری۲۔ تصویر : آئی این این

ہارر کامیڈی فلم ’استری ۲‘باکس آفس پر دھوم مچا رہی ہے۔ اس نے اب تک۷۰۰؍ کروڑ روپے سے زیادہ کی کمائی کرلی ہے اور یہ سلسلہ دراز ہوتا جارہا ہے۔ اس سال ہارر تھرلر فلم ’شیطان‘ اور ہارر کامیڈی فلم ’مُنجیا‘ نے بھی خوب کمائی کی تھی۔ آنے والے دنوں میں اسی طرح کے موضوع پر بنائی گئی فلم ’بھول بھُلیا۳‘بھی قطار میں ہے۔ آئیے مافوق الفطرت موضوعات پر بنائی جانے والی فلموں کی دلچسپی اور ان کی تیاری کے چیلنجوں کا تفصیل سے جائزہ لیں۔ 
استری ۲؍ کے سامنے سب کچھ ناکام ہو جاتا ہے 
 تقریباً ۶؍ سال قبل ریلیز ہونے والی فلم ’استری‘ میں گھروں کے باہر دیواروں پر لکھی گئی’ اواِستری کل آنا‘ کی تحریرفلم شائقین کے ذہنوں میں نقش ہو گئی تھی۔ اب ایک بار پھر شہر کا ماحول ’استری ۲‘کی وجہ سے کچھ ویسا ہی ہے لیکن اس بار کی دہشت’ سرکٹے‘ کی وجہ سے ہے۔ اس بار ’اِستری‘ سے خوف نہیں بلکہ تحفظ کی التجا ہے۔ فلم ’استری ۲‘بنانے والوں نے اس کی تیسری قسط بنانے کا منصوبہ بھی بنالیا ہے۔ وہ جلد ہی اس کا اعلان کرسکتے ہیں۔ اس کا اعلان ہوتے ہی اس کی کہانی پربھی کام شروع ہوجائے گا۔ اطلاعات کے مطابق اس کی کہانی لکھنے والوں کی کوشش ہے کہ اس بار نئے سرے سے کہانی ترتیب دیں۔ 
 ہارر کامیڈی فلم ’استری ۲‘ کی کشش اور عوام میں اس کی دلچسپی نےجان ابراہم کی ایکشن فلم ’ویدا‘ کوبھی زیر کر دیاتھا جس کی وجہ سے ایکشن فلم ناکام رہی۔ اس سال ریلیز ہونے والی مُنجیا ایک بھوت کی کہانی پر مبنی فلم تھی جو ادھوری محبت کی تلاش میں بھٹکتا ہے۔ یہ فلم مہاراشٹر کے دیہی علاقوں میں رائج بھوت مُنجیا سے متعلق کہانیوں پر مبنی تھی لیکن اس کی کہانی کی کشش ایسی تھی کہ کم بجٹ میں بننے والی یہ فلم سو کروڑ کے کلب میں شامل ہوگئی۔ 
 فلم کی کامیابی میں کہانی اہم ہوتی ہے
 خوف اور سنسنی سے بھری ان کہانیوں کی طرف بڑھتی ہوئی کشش کے بارے میں مُنجیا اور استری ۲؍کے مصنف نیرین بھٹ کہتے ہیں کہ ایسا نہیں ہے کہ صرف ہارر کامیڈی کی وجہ سے لوگ ان فلموں کو پسند کر رہے ہیں۔ ماضی میں اس طرز کی کئی فلمیں بنی ہیں جو کامیاب نہیں ہو ئیں۔ شائقین اس کہانی کو اس لئے پسند کر رہے ہیں کیونکہ اس میں ایک محبت کی کہانی ہے جو ایک اچھے پیغام کے ساتھ بہت زیادہ تفریح ​​بھی فراہم کرتی ہے۔ پروڈیوسر دنیش وِجن چونکہ ہارر کامیڈی فلموں کا سلسلہ (یونیورس) شروع کرنے جارہے ہیں، اس لئے ان فلموں کے کرداروں کو ایک دوسرے کی کہانی سے جوڑنا بھی اسے دلچسپ بنا رہا ہے۔ استری ۲؍میں اکشے کمار اور ورون دھون کے کیمیو کو شائقین نے بہت پسند کیا تھا۔ 
اچھی ’ہارر‘ فلمیں ہر دور میں مقبول رہیں 
 خالص ہارر فلمیں ہندی سنیما میں کم ہی بنتی ہیں، لیکن گزشتہ چند برسوں میں فلم سازوں کی ’ہارر‘ کے ساتھ کامیڈی یا مافوق الفطرت عناصر کو ملا کر فلمیں بنانے میں دلچسپی بڑھ گئی ہے۔ خوف ناک فلموں کی باکس آفس پر کارکردگی کے بارے میں تجارتی تجزیہ کار ترن آدرش کا کہنا ہے کہ یہ اسٹائل ہمیشہ سے سنیما شائقین میں مقبول رہا ہے۔ پچھلی صدی میں ۷۰ء کی دہائی میں ’رامسے برادرس‘ بہت زیادہ ہارر فلمیں بنایا کرتے تھے اور وہ کامیاب بھی ہوتی تھیں۔ اس سال کی ریلیز شیطان، مُنجیا اور استری ۲؍ بھی کامیاب رہیں تاہم، پچھلے کچھ برسوں میں، یہاں خالص ہارر فلمیں کم ہی بن رہی ہیں۔ 
اس میں ساؤنڈ کا کمال بھی ہوتا ہے
 دراصل ہارر فلموں میں ساؤنڈ اِیفیکٹس اور وی ایف ایکس کی مدد سے اسکرین پر خوف کا ماحول بنایا جاتا ہے جس کا لطف صرف تھیٹرس ہی میں لیا جاتا ہے۔ خالص ہارر فلموں کے ناظرین محدود ہوتے ہیں، اسلئے فلمساز جوکھم اٹھانےسے گریز کرتے ہیں۔ ہارر طرز کےفلمی شائقین میں اس وقت اضافہ ہوا جب اس میں کامیڈی اور دیگر چیزیں بھی شامل کی گئیں۔ ہارر کامیڈی کی شروعات یا بازیافت کہیں، ۲۰۰۸ء میں فلم بھول بھُلیا سے ہوئی تھی۔ فلم کو شائقین کی بڑی تعداد نے پسند کیا تھا۔ 
 اس کے بعد اس طرز کی فلموں کی فہرست میں استری، گول مال اگین، بھوت پولیس، فون بھوت اور بھول بھُلیا۲؍ جیسی کئی ہٹ فلمیں شامل ہوگئیں۔ استری کے پروڈیوسر دنیش وجن کا کہنا ہے کہ سچ پوچھیں تو میں خود خوفناک فلمیں نہیں دیکھ سکتا۔ میں نے اس میں کامیڈی کو شامل کیا ہے تاکہ میں خود فلم دیکھ سکوں اور دوسروں کو بھی اسے دیکھنے کیلئے تحریک دوں۔ میرے جیسے بہت سے لوگ ہیں، جو خالص ہارر فلمیں نہیں دیکھ سکتے چنانچہ ہم نے ایک ہارر کامیڈی فلم بنائی۔ اس طرح کی فلمیں بناتے وقت ہارر اور کامیڈی کے درمیان توازن برقرار رکھنا ایک تنگ راستے پر چلنے کے مترادف ہوتاہے۔ اگر دونوں میں سے کوئی ایک بہت زیادہ ہے تو آپ توازن کھو بیٹھیں گے اور نیچے گر جائیں گے۔ 
استری ۲؍ کی کامیابی کی وجہ سے اس طرز کی فلمیں بنانے والے فلمسازوں میں جوش و خروش پایا جاتا ہے۔ دیوالی کے موقع پر ریلیز ہونے والی ’بھول بھُلیا۳‘ کے لئے بھی اسے اچھا اشارہ قرار دیا جا رہا ہے۔ منجولیکا یعنی ودیا بالن بھی اس فلم میں کارتک آرین کے ساتھ نظر آئیں گی، اسلئے یقینی طور پراس میں بھرپور تفریح ہوگی۔ 
ہارر کامیڈی، خوف ناک فلموں سے مختلف ہے
ان دنوں ہارر کامیڈی فلمیں بہت مقبول ہیں، فلمساز وکرم بھٹ، جنہوں نے راز اور۱۹۲۰ء جیسی ہارر فلمیں بنائی ہیں، ہارر کامیڈی کو ہارر فلمیں تسلیم نہیں کرتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ہارر فلموں کا کام ڈرانا ہوتا ہے۔ میں ہارر کامیڈی کو بنیادی طور پر کامیڈی فلم قرار دیتاہوں ۔ خالص ہارر اور ہارر کامیڈی فلموں کے درمیان موازنہ نہیں کرنا چاہئے۔ خالص ہارر کےشائقین بہت وفادار ہوتے ہیں۔ وہ ہر وقت ہارر فلمیں دیکھتے ہیں اور اس کی کہانیاں بہت پسند کرتے ہیں۔ میرے خیال میں ہارر فلموں اور ہارر کامیڈی فلموں کو الگ الگ زمرے میں رکھنا چاہئے۔ 
نئی خوفناک کہانیاں 
 ہارر کامیڈی کے اس سلسلے کو آگے لے جانےکیلئے مستقبل قریب میں کئی فلمیں ریلیز ہونے والی ہیں۔ ان میں سب سے زیادہ منتظر فلموں میں بھول بھُلیا۳، دی ورجن ٹری، چھوری۲، ویمپائر س آف وجے نگر اور بھیڑیا ۲؍ کے نام قابل ذکر ہیں۔ ان فلموں کے حوالے سے بالی ووڈ میں کافی جوش و خروش پایا جارہا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK