• Thu, 24 October, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

دسمبر میں کئی بڑی فلموں کی ریلیز، باکس آفس پر پیسوں کی برسات کی اُمید

Updated: August 25, 2024, 1:20 PM IST | Inquilab Desk | Mumbai

سال کے آخر میں عامر خان کی فلم ’ستارے زمین پر‘ کے ساتھ ہی کئی اور بڑی فلمیں ریلیز ہوں گی جن میں ورون دھون کی ’بے بی جان‘، وکی کوشل کی ’چھاوا‘، ملٹی اسٹارر فلم ’ویلکم ٹو دی جنگل‘ اور اَللو اَرجن کی کامیاب فلم ’پشپا: دی رائز‘ کے سیکویل کے نام قابل ذکر ہیں، اب دیکھنا یہ ہے کہ ۲۰۲۴ء کا دسمبر بالی ووڈ کیلئے سال بھر کی بھرپائی کرسکتا ہے یا نہیں ؟

The poster of `Sitare Zameen Par` can be seen. Photo: INN
’ستارے زمین پر‘ کا پوسٹر دیکھا جاسکتا ہیں۔ تصویر : آئی این این

یہ سال بالی ووڈ کیلئے کچھ خاص نہیں رہا۔ ۸؍ ماہ گزر گئے لیکن ابھی تک کوئی بھی ایسی فلم ریلیز نہیں ہوئی ہے جو ۵۰۰؍ کروڑ کا ہندسہ بھی چھوپائی ہو جبکہ گزشتہ سال اس عرصے میں پٹھان، جوان اور غدر۔ ۲؍ جیسی کئی فلمیں باکس آفس پر تہلکہ مچا چکی تھیں۔ ایسے میں ساری نگاہیں عامر خان کی فلم ’ستارے زمین پر‘ ٹکی ہوئی ہیں جو سال کے آخر میں ریلیز ہو گی۔ اس کے ساتھ ہی دسمبر کے مہینے میں کئی اور اہم فلمیں ریلیز ہونے والی ہیں جن سے بالی ووڈ نے بڑی امیدیں وابستہ کررکھی ہیں۔ ان فلموں سے کسی نہ کسی حوالے سے شاہ رخ خان اور سلمان خان کی بھی وابستگی ہے۔ آئیے ! ایک ایک کرکے ہم ان فلموں کا جائزہ لینے کی کوشش کریں جو دسمبر کے پہلے ہفتے سے آخری ہفتے تک ریلیز ہونے والی ہیں۔ 
چھاوا(۶؍ دسمبر)
 لکشمن اُتیکر کی ہدایت کاری میں بننے والی یہ فلم دسمبر کے پہلے ہفتے میں ریلیز ہوگی۔ یہ ایک تاریخی فلم ہے جو مشہور مراٹھا بادشاہ ’چھترپتی سمبھا جی مہاراج‘ کی زندگی پر مبنی ہے۔ وکی کوشل، رشمیکا مندانہ اور اکشے کھنہ اس کے مرکزی کردار ہیں جبکہ دنیش ویجن نے اسے پروڈیوس کیا ہے۔ یہ فلم ’میڈوک فلمز‘ کمپنی کی ہے جس کی حالیہ ریلیز فلم ’استری۔ ۲؍‘ ان دنوں باکس آفس پر جلوہ بکھیر رہی ہے۔ فلم میں وکی نے مرکزی کردار ادا کیا ہے جبکہ رشمیکا مندانا نے سمبھاجی مہاراج کی بیوی مہارانی یسو بائی کا کردار نبھایا ہے۔ اکشے کھنہ شہنشاہ اورنگ زیب کے کردار میں ہیں۔ فلم کی شوٹنگ مکمل ہو چکی ہے اور اس کی ریلیز تاریخ بھی ۶؍ دسمبر بہت پہلے سے طے کردی گئی ہے۔ اس صورت میں اس کا ٹکراؤ فلم’پشپا‘ سے ہونا طے مانا جارہا ہے۔ گزشتہ سال وِکی کوشل کی فلم ’سیم بہادر‘ کا فلم ’اینی مل‘ سے ٹکراؤ ہوا تھا اور دونوں ہی فلمیں باکس آفس پر کامیاب رہی تھیں۔ باکس آفس کے ماہرین کے مطابق فلم ’چھاوا‘ اور’پشپا۔ ۲‘ ` کے معاملے میں بھی کچھ ایسا ہی ہو سکتا ہے۔ 
پشپا۔ ۲؍:دی رول (۶؍ دسمبر)
 اَللو ارجن کی مشہور اور کامیاب فلم ’پشپا:دی رائز‘کی یہ سیکوئل ہے جو ۶؍ دسمبر کوریلیز ہونے والی ہے۔ ۵۰۰؍ کروڑ کے بجٹ میں بنی اس فلم کے ہدایت کار، کہانی نویس اور اسکرین پلے رائٹر’سوکمار‘ہیں۔ اس سریز کی پہلی فلم بھی انہوں نے ہی بنائی تھی جو زبردست کامیابی سے ہمکنار ہوئی تھی۔ حالانکہ اس فلم کا بین الاقوامی سطح پر ’اسپائیڈر مین: نو وے ہوم‘ سے مقابلہ تھا، اس کے باوجود اچھا کلیکشن کیا تھا۔ پہلی فلم ہی کی طرح اس سیکوئل کے مرکزی کردار بھی اللو ارجن، رشمیکا مندانہ اور فہد فاضل ہیں۔ پہلے یہ فلم ۱۵؍ اگست کو ریلیز ہونے والی تھی لیکن اس کا پوسٹ پروڈکشن کام باقی رہ گیا تھا، اسلئے اس کی تاریخ آگے بڑھا کر ۶؍ دسمبر کی گئی ہے۔ 
ویلکم ٹو دی جنگل (۲۰؍ دسمبر)
 یہ ’ویلکم‘ سیریز کی تیسری فلم ہے۔ یہ ایک ملٹی اسٹارر فلم ہے جس میں جیکی شراف، اکشے کمار، سنیل شیٹی، آفتاب شیو داسانی، ارشد وارثی، پریش راول، جانی لیور، راج پال یادو، تشار کپور، شریاس تلپڑے، روینہ ٹنڈن، لارا دتہ، جیکلین فرنانڈیز اور دشا پٹانی کے نام قابل ذکر ہیں۔ اس کے ہدایت کار احمد خان ہیں جبکہ اس سیریز کی سابقہ دونوں فلموں کے ہدایت کار انیس بزمی تھے۔ اس سیریز کی پہلی فلم ’ویلکم‘ ۲۰۰۷ء میں ریلیز ہوئی تھی جس میں نانا پاٹیکر، کترینہ کیف، اکشے کمار اور پریش راول مرکزی کردار میں تھے۔ باکس آفس پر اس فلم نے زبردست کمائی کی تھی۔ ۲۰۱۵ء میں اس سیریز کی دوسری فلم ’ویلکم بیک‘ ریلیز ہوئی تھی۔ اس میں ناناپاٹیکر، انل کپور، ڈمپل کپاڈیا، پریش راول، جان ابراہم اور شروتی ہاسن مرکزی کردار میں تھے۔ اپنے برے دور سے گزر رہے اکشے کمارہی نہیں، بالی ووڈ نے بھی ا س فلم سے ڈھیر ساری امیدیں وابستہ کررکھی ہیں۔ 
مفاسا: دی لائن کنگ (۲۰؍ دسمبر)
 ۲۰؍ دسمبر کو ہی بین الاقوامی سطح پر ’والٹ ڈزنی پکچرس‘ کی فلم ’مفاسا: دی لائن کنگ‘ بھی ریلیز ہونے جارہی ہے۔ ۲۰۱۹ء میں ریلیز ہونے والی فلم ’دی لائن کنگ‘ کے ہندی وزژن کیلئے شاہ رخ خان اور ان کے بیٹے آرین خان نے اپنی آواز دی تھی۔ یہ فلم اس کی’ پریکوئل‘ یعنی اس سے پہلے کی کڑی ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اس میں شاہ رخ اور آرین کے علاوہ شاہ رخ کے چھوٹے بیٹے’ ابرام‘ نے بھی اپنی آواز دی ہے۔ ’دی لائین کنگ‘ نے ہندوستان میں تقریباً۱۵۸؍ کروڑ روپے کی کمائی کی تھی۔ ’مفاسا ‘ سے بھی فلم ساز کچھ اسی طرح کی توقع کررہے ہیں۔ 
ستارے زمین پر (۲۵؍ دسمبر)
  عامر خان کی اس فلم کا انتظار ایک طویل عرصے سے کیا جارہا ہے۔ دراصل عامرخان کے مداح انہیں پردے پر دیکھنا چاہ رہے ہیں۔ اگر یہ کہا جائے تو غلط نہ ہوگا کہ اس فلم کےذریعہ پردہ سیمیں پر اُن کی واپسی ہورہی ہے۔ باکس آفس پر فلم ’لال سنگھ چڈھا‘کی ناکامی کے بعدانہوں نے اداکاری سے ایک وقفہ لے لیا تھا۔ یہ فلم ۲۵؍ دسمبر کو ریلیز ہوگی۔ ’ستارے زمین پر‘ ۲۰۱۸ء میں ریلیز ہونے والی ہسپانوی فلم ’چمپئن‘ کا ہندی ری میک ہے۔ کہانی ایک باسکٹ بال کوچ کی ہے جو ذہنی طور پر بیمار لوگوں کو تربیت دیتا ہے۔ عامر اس میں کوچ کے کردار میں نظر آئیں گے۔ کہا جاتا ہے کہ اس کردار کیلئے عامرخان سے پہلے سلمان خان اور رنبیر کپور سے رابطہ کیا تھا لیکن بات نہیں بنی تو خود ہی اداکاری کا فیصلہ کیا۔ اس میں ان کے مقابل جینیلیا ڈی سوزا ہیں جبکہ ہدایتکار کی ذمہ داری آر ایس پرسنا ادا کررہے ہیں۔ خیال رہے کہ اسی نوعیت کی عامر خان کی فلم ’تارے زمین پر‘۲۰۰۷ء میں ریلیز ہوئی تھی جو سپر ہٹ رہی تھی۔ ۱۲؍ کروڑ کے بجٹ والی اُس فلم نے۱۰۰؍ کروڑ کا کاروبار کیا تھا۔ 
بے بی جان (۲۵؍ دسمبر)
 اس فلم کی اہمیت اسلئے بڑھ جاتی ہے کہ اس سے ’ایٹلی‘ کا نام جڑا ہوا ہے جن کی فلم ’جوان‘ نے گزشتہ سال زبردست کامیابی حاصل کی تھی۔ یہ دراصل ان کی تمل فلم ’تھیری‘ کا ہندی ری میک ہے۔ اس کے ہدایت کار ’کالیس‘ ہیں۔ بالی ووڈ میں انہیں کم لوگ جانتے ہیں لیکن تمل ناڈو میں ان کی اپنی دھاک ہے۔ پہلے یہ فلم مئی میں ریلیز ہونے والی تھی لیکن پھر اعلان کیا گیا کہ اسے۲۵؍ دسمبر کو ریلیز کیا جائے گا۔ ابھی حال ہی میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ اس فلم میں سلمان خان کیمیو کرنےوالے ہیں۔ ہدایت کار نے ان کیلئے ایک بڑا ایکشن سیکونس تیار کیا ہے۔ 
 اب دیکھنا یہ ہوگا کہ بالی ووڈ کیلئے یہ دسمبر کیسا جاتا ہے؟ کیا یہ سال بھرکی بھرپائی کرپاتا ہے یا نہیں ؟

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK