• Fri, 24 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

باکسنگ لیجنڈ مائیک ٹائسن ہیوی ویٹ باکسنگ میچ میں جیک پال سے ہار گئے

Updated: November 16, 2024, 9:07 PM IST | Austin

نیٹ فلکس پر لائیو نشر کئے گئے ’’جیک ورسیز ٹائسن‘‘ میں ۵۸؍ سالہ مائیک ٹائسن اپنے حریف ۲۸؍ سالہ جیک پال کو بمشکل چند مکے ہی مار سکے اور جیک نے یہ میچ آسانی سے جیت لیا۔

Photo: X
تصویر: ایکس

مائیک ٹائسن کی پروفیشنل باکسنگ میں متنازع واپسی جمعہ کی رات یکطرفہ شکست پر ختم ہوئی۔ یوٹیوبر سے پرائز فائٹر بنے جیک پال ٹیکساس میں ہیوی ویٹ چیمپئن مائیک ٹائسن کے خلاف متفقہ فیصلے کے ذریعے فتح یاب ہوئے۔ ۵۸؍ سالہ مائیک ٹائسن نے آرلنگٹن کے اے ٹی اینڈ ٹی اسٹیڈیم میں ۸؍ راؤنڈ کے مقابلے کے دوران اپنے حریف کو بمشکل ایک مکا لگا سکے جبکہ جیک پال نے تینوں کارڈز 80-72, 79-73, 79-73؍ پر بڑے مارجن سے کامیابی حاصل کی۔ ۲۷؍ سالہ جیک پال نے اپنی اعلیٰ رفتار اور حرکت کا استعمال کرتے ہوئے عمر رسیدہ مائیک ٹائسن پر آسانی سے غلبہ حاصل کرلیا اور تیسرے راؤنڈ میں مکے مارنے کے بعد سابق غیر متنازع ہیوی ویٹ چیمپئن ٹائسن کو مشکل میں ڈال دیا۔

اس کے باوجود جیک پال انہیں ناک آؤٹ کرنے سے قاصر رہے جس کا انہوں نے جمعرات کو اس وقت وعدہ کیا تھا جب ٹائسن نے انہیں طمانچہ رسید کیا تھا۔ تاہم، ٹائسن میچ کے دوران پوری طرح ناکام نظر آئے۔ حتمی اعدادوشمار سے پتہ چلتا ہے کہ ٹائسن نے ۹۷؍ میں سے صرف ۱۸؍ مکے مار سکے جبکہ جیک نے ۲۷۸؍ مکے مارے جن میں سے ۷۸؍ ٹائسن کو لگے۔ ۸؍ ویں راؤنڈ کے آخری سیکنڈز کی گنتی ختم ہونے کے بعد، جیک پال گھنٹی بجنے سے پہلے مائیک ٹائسن کو جھک کر خراج بھی پیش کیا۔

تصویر: ایکس

مَیں خوش ہوں: مائیک ٹائسن
باکسنگ کے بعد مائیک ٹائسن نے کہا کہ ’’میں لڑنے آیا ہوں۔ میں نے کسی پر کچھ ثابت نہیں کیا، مَیں نے صرف اپنے آپ کو ثابت کیا۔ میں جو کچھ کر سکتا ہوں اس سے خوش ہوں۔مَیں کوئی عذر پیش نہیں کرنا چاہتا۔ ‘‘ ٹائسن نے اپنے مخالف جیک پال کی تعریف کی کہ ’’وہ ایک اچھا فائٹر ہے۔‘‘ لیجنڈری باکسر نے کہا کہ ’’مَیں آگے فائٹ کروں گا یا نہیں؟ یہ صورتحال پر منحصر ہے۔مجھے نہیں لگتا کہ یہ میری آخری فائٹ تھی۔‘‘ دلچسپ بات یہ ہے کہ جمعہ کے مقابلے کیلئے ٹائسن کو مبینہ طور پر ۲۰؍ ملین ڈالر ادا کئے گئے ہیں۔ 

یہ بھی پڑھئے: اقوام متحدہ کی مالیاتی کمیٹی کی اسرائیل کیخلاف ۲؍ قراردادیں منظور

میچ سے قبل امریکہ، یو اے ای اور ہندوستان میں نیٹ فلکس ڈاؤن ہوگیا
ٹائسن اور پال کے میچ سے قبل دنیا بھر سے لاکھوںصارفین نیٹ فلکس سے جڑ گئے تھے۔ یہ میچ نیٹ فلکس پر لائیو نشر کیا گیا تھا۔ تاہم، متحدہ عرب امارات، ہندوستان اور امریکہ میں میچ سے قبل نیٹ فلکس کا سرور ڈاؤن ہوگیا اور صارفین کو دقتوں کا سامنا کرنا پڑا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK