• Sun, 24 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

پونے: برگرکنگ شہر میں واقع ’’برگر کنگ‘‘ سے ٹریڈ مارک کی قانونی جنگ ہار گیا

Updated: August 18, 2024, 5:36 PM IST | Inquilab News Network | Pune

امریکی کمپنی نے کہا کہ اس کے فاسٹ فوڈ ریسٹورنٹس کی طرف سے پیش کی جانے والی مصنوعات اور خدمات کے اعلیٰ معیار نے پونے میں واقع ’’برگر کنگ‘‘ کو زبردست شہرت دلائی ہے۔

 Burger King. Photo: INN
برگر کنگ۔ تصویر: آئی این این

امریکہ کی ’برگر کنگ ‘ کارپوریشن، پونے (مہاراشٹر) میں اپنے نام کی فاسٹ فوڈ کی دکان کے خلاف ۱۳؍ سال پرانی قانونی جنگ ہار گئی ہے۔ یہاں کی ضلعی عدالت نے کمپنی کی طرف سے ٹریڈ مارک کی خلاف ورزی کا الزام لگانے کے مقدمہ کو خارج کردیا ہے۔۱۶؍ اگست کو پونے کی ضلعی عدالت کے جج سنیل وید پاٹھک نے اپنے حکم میں کہا تھا کہ شہر میں واقع فاسٹ فوڈ کی دکان ’برگرکنگ ‘ ہندوستان میں امریکی برگر کنگ کی دکان کھلنے سے پہلے ہی قائم کی گئی تھی اور مؤخر الذکر یہ ثابت کرنے میں ناکام رہا ہے کہ مقامی فوڈ آؤٹ لیٹ نے اس کی خلاف ورزی کی ہے۔ عدالت نے برگر کنگ کارپوریشن کی طرف سے دائر ۲۰۱۱ء کے مقدمے کو مسترد کر دیا، جس میں ٹریڈ مارک کی خلاف ورزی کے ساتھ مالی نقصانات کو روکنے کیلئے مستقل حکم امتناعی کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ کارپوریشن نے پونے میں واقع برگر کنگ فوڈ کے مالکان اناہیتا ایرانی اور شاپور ایرانی کے خلاف دائر مقدمہ میں ۲۰؍ لاکھ روپے ہرجانے کا مطالبہ بھی کیا تھا۔

یہ بھی پڑھئے:برطانیہ: نسل پرستانہ فساد نے ۹۲؍ فیصد مسلمانوں میں احساس عدم تحفظ پیدا کر دیا

عدالت نے کہا کہ برگر کنگ کارپوریشن نے خاص طور پر ۲۰۱۴ء میں ہندوستان میں اپنے ٹریڈ مارک برگر کنگ کے تحت  ریسٹورنٹس  کے ذریعے خدمات فراہم کرنا شروع کیں جبکہ شہر کی اس فاسٹ فوڈ ’’برگر کنگ‘‘ کا ریستوراں ٹریڈ مارک کو  ۱۹۹۱ء میں دیا گیا تھا۔ جج نے اس بات پر زور دیا کہ امریکی کمپنی نے تقریباً ۳۰؍ برسوں بعد ہندوستان میں ٹریڈ مارک کا استعمال کیا، اس دوران پونے کے برگر کنگ نے اس نام سے مسلسل خدمات فراہم کیں، جس سے وہ اپنے ٹریڈ مارک کے استعمال کو قانونی طور پر مستحکم بناتے رہے۔ واضح رہے کہ ۱۹۵۴ء میں جیمز میک لامور اور ڈیوڈ ایڈجرٹن نے برگر کنگ کے نام سے ایک ریستوراں شروع کیا تھا جو اس وقت دنیا بھر کے ۱۰۰؍ سے زیادہ ممالک میں ہے جبکہ امریکہ میں اس کے ۱۳؍ ہزار آؤٹ لیٹس ہیں۔ اس کے تقریباً ۹۷؍ فیصد ریستوراں آزاد فرنچائزیز کے زیر ملکیت چلائے جاتے ہیں۔ ملٹی نیشنل کمپنی اس وقت دنیا کی دوسری سب سے بڑی فاسٹ فوڈ ہیم برگر کمپنی ہے۔

یہ بھی پڑھئے:سویڈن : ملک چھوڑ کر جانے والوں کی حوصلہ افزائی سے گریز

کمپنی نے ۲۰۱۴ء میں ہندوستان میں نئی ​​دہلی، ممبئی، پونے میں اپنے آؤٹ لیٹس کھولے تھے۔ عالمی کمپنی نے اپنی درخواست میں کہا ہے کہ موجودہ مقدمہ دائر کرنے کی ضرورت ۲۰۰۸ء میں اس لئے پیش آئی کہ اسی وقت معلوم ہوا تھا کہ اس کا ٹریڈ مارک اپلی کیشن پہلے سے ہے اور پونے میں اسی نام سے ایک دکان چلائی جارہی ہے۔ تاہم، اب غیر ملکی فرم ٹریڈ مارک کی یہ ۱۳؍ سالہ جنگ ہار چکی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK