معاون اداکاروں سے ایک معاہدہ پر دستخط بھی لئے گئے ہیں جس میں یہ وعدہ لیاگیا ہے کہ وہ فلم کے مشمولات کے تعلق کسی کو کچھ نہیں بتائیں گے۔
EPAPER
Updated: January 12, 2025, 2:15 PM IST | Upala KBR | Mumbai
معاون اداکاروں سے ایک معاہدہ پر دستخط بھی لئے گئے ہیں جس میں یہ وعدہ لیاگیا ہے کہ وہ فلم کے مشمولات کے تعلق کسی کو کچھ نہیں بتائیں گے۔
۲۰۱۹ء میں جب ہالی ووڈ فلم ’’ایوینجرس ‘‘ کے عملے نے فلم کی تشہیر کیلئے دنیا بھر کا سفر کیاتھاتو اس وقت اس خبر نے ناظرین اور مداحوں کو حیران کرکے رکھ دیاتھا کہ کئی امریکی فلم انڈسٹری کے کئی ستاروں کی اداکاری سے سجی اس ایکشن فلم سے وابستہ چند افراد کو ہی فلم کی پوری اسکرپٹ تک رسائی حاصل تھی۔ یہ اس لئے کیاگیاتھا کہ فلم کے ریلیز ہونے سے پہلے ہی اس کے کچھ حصے کہیں ناظرین تک پہلے ہی لیک نہ ہوجائیں۔ بنانے والوں نے فلم کی کاسٹ میں شامل زیادہ تر افراد کو صرف ان مناظر تک ہی رسائی دی تھی جن میں وہ تھے۔ ہندوستان میں صورتحال مختلف نہیں ہے۔ ادارہ انقلاب کویہ معلوم ہوا ہے کہاے آر مُروگاداس کی فلم ’’سکندر‘‘ کے کلیدی اداکار سلمان خان اور رشمیکا مندانہ نے بھی یہی کیا ہے۔ انہو ں نے فلم کی مکمل کہانی کو اپنے تک ہی محدود رکھا ہے۔ فلم کے معاون اداکارکاجل اگروال، ستیہ راج، اننت مہادیون، شرمن جوشی، پرتیک ببر، نواب شاہ اور نجینی دھو َن کو فلم کی اسکرپٹ تک بہت محدود رسائی دی گئی ہے۔
نمائندہ انقلاب سے بات چیت میں اس کی تصدیق کرتے ہوئے فلم سے وابستہ ایک شخص نے بتایا کہ معاون اداکاروں سے ایک معاہدہ پر دستخط بھی لئے گئے ہیں جس میں یہ وعدہ لیاگیا ہے کہ وہ فلم کے مشمولات کے تعلق کسی کو کچھ نہیں بتائیں گے۔ مذکورہ شخص کے مطابق ’’انہیں ان کے سین کے بارے میں بھی شوٹنگ شروع ہونے سے چند دن قبل اطلاع دی جاتی ہے۔ فلم ساز کہانی اور اسکرپٹ کو خفیہ رکھ رہے ہیں کیوں کہ وہ چاہتے ہیں کہ فلم سے وابستہ کوئی بات قبل از وقت باہر نہ جائے۔ منصوبہ یہ ہے کہ ہر چیز کو سرپرائز کے طور پر پیش کیا جائے گا اور ناظرین کو فلم کا پہلا ٹریلر ریلیز ہونے کےبعد ہی کرداروں کے بارے میں کچھ معلوم ہوسکےگا۔ ایک ایسے وقت میں جبکہ پردے کے پیچھے کی چیزیں فلم سازوں کے علم میں لائے بغیر سوشل میڈیا تک پہنچا دی جاتی ہیں، مروگاداس اور پروڈیوسر ساجد نڈیاڈوالا کی طرف سے یہ احتیاطی اقدامات نا مناسب بھی نہیں معلوم ہوتے۔ ‘‘
فلم سے وابستہ مذکورہ شخص نے بتایا کہ ’’یہ قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں کہ فلم سکندر مروگاداس کی تامل فلم سرکار (۲۰۱۸) سے متاثر ہے لیکن یہ سچ نہیں ہے۔ ‘‘ انہوں نے بتایا کہ ’’ اگر ناظرین کو یہ لگا کہ یہ فلم ری میک ہے، تو وہ یوٹیوب پر دونوں فلموں کےتقابلی ویڈیوز بنا سکتے جس سے فلم غیر ضروری تنقیدوں کا نشانہ بنے گی۔ فلم سازوں کا کہنا ہے کہ یہ فلم نئی اور اوریجنل ہے جس کی اسکرپٹ ساجد نڈیاڈ والا اور مروگاداس نے ملک کر تیار کی ہے۔ ‘‘
چونکہ فلم میں ملک کی تمام فلم انڈسٹریز سے وابستہ اداکاروں کو لیاگیا ہے اس لئے اس بات کو بھی یقینی بنایا جارہاہے کہ عملہ شوٹنگ کے منظم شیڈول پر عمل کرے۔ نمائندہ انقلاب سے گفتگو میں فلم سے وابستہ شخص نے بتایا کہ ’’سب کچھ منظم طریقے سے کیا جا رہا ہے تاکہ کسی کو کسی بھی حصے کی دوبارہ شوٹنگ نہ کرنی پڑے۔ ڈبنگ بھی اسی طرح کی جا رہی ہے، جیسے ہی کوئی اداکار کسی سین کی شوٹنگ مکمل کرتا ہے ویسے ہی یعنی فوراً بعد ڈبنگ مکمل کر لی جاتی ہے۔ فی الحال، ممبئی میں فلم کی آخری شیڈول کی شوٹنگ ہورہی ہے۔ فروری میں سلمان اور ان کے مد مقابل اداکاروں کے اہم مناظر کی شوٹنگ کے ساتھ فلم مکمل ہوجائےگی۔
رشمیکا مندانہ کے زخمی ہونے کی بنا پر شوٹنگ میں رخنہ
رشمیکامندانہ جو ’پشپا -۲‘ کی کامیابی سے سرشار ہیں، جِم میں ورک آؤٹ کے دوران زخمی ہوگئی ہیں۔ اس کی وجہ سے ’فلم سکندر‘ کی شوٹنگ کا شیڈول متاثر ہوا ہے۔ ۲۸؍ سالہ اداکارہ کو ڈاکٹروں نے مکمل صحت یابی کیلئے کچھ دنوں کے آرام کا مشورہ دیا ہے۔ ان کے قریبی ذرائع کے مطابق وہ تیزی سے ٹھیک ہورہی ہیں اور بہت جلد شوٹنگ پر لوٹ آئیں گی۔ وہ فلم سکندر میں سلمان خان کے ساتھ کلیدی رول میں ہیں۔ اس فلم کے آخری مرحلے کی شوٹنگ ممبئی میں جنوری کے پہلے عشرے میں شروع ہونی تھی مگر رشمیکا کے زخمی ہوجانے کی وجہ سے کچھ دنوں کیلئے اسے موخر کرنا پڑسکتاہے۔