• Mon, 23 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

ہالی ووڈ کی فلموں کا انتخاب غلط فیصلہ نہیں تھا، وہاں بہت کچھ سیکھنے کو ملا

Updated: July 11, 2023, 5:59 PM IST | Abdul Karim Qasim Ali | Mumbai

فلم ’تھری ایڈیٹس‘ سے کریئر کا آغاز کرنے والے علی فضل آج بالی ووڈ کا معروف نام ہیں۔ ان کی ’مرزا پور‘ ویب سیریز بلاک بسٹر ثابت ہوئی۔

Ali Fazal And Richa Chadha. Photo : INN
علی فضل اور رچا چڈھا۔ تصویر : آئی این این

فلم ’تھری ایڈیٹس‘ سے کریئر کا آغاز کرنے والے علی فضل آج بالی ووڈ کا معروف نام  ہیں۔  ان کی ’مرزا پور‘ ویب سیریز بلاک بسٹر ثابت ہوئی۔ علی فضل  بالی ووڈ  تک محدود نہیں ہیں بلکہ وہ ہالی ووڈ میں بھی  مقدر آزما چکے ہیں اور آج انہیں غیرملکی فلم انڈسٹری میں وقعت کی نظر سے دیکھا جاتاہے۔  ہالی ووڈ میں انہوں  نے ’فاسٹ اینڈ فیورس‘ سے کریئر کی شروعات کی  اور آج وہ وہاں کے کئی  اہم پروجیکٹس کا حصہ ہیں۔گزشتہ دنوں  انہوں   نے اپنی قریبی دوست رچاچڈھا سے شادی کی اور ان کے ساتھ اپنا ایک پروڈکشن ہاؤس بھی شروع کردیا۔ نمائندہ انقلاب سے ان کی گفتگو
بین الاقوامی اور قومی پروجیکٹس  پر بیک وقت کام کرتے وقت کتنا دباؤ ہوتاہے ؟
 قومی اور بین الاقوامی پروجیکٹس کے ساتھ بہت سی چیزیں شیڈول کے مطابق ہوتی ہیں لیکن کبھی کبھی کسی وجہ سے اگر کوئی رخنہ پڑجائے یا کسی اداکار کی وجہ سے شوٹنگ مسترد ہوجائے تب  بڑی پریشانی پیش آتی ہے کیونکہ مجھے دیگر پروجیکٹس کیلئے بھی وقت نکالنا ہوتا ہے۔ بہرحال اس وقت دوستی اور عاجزی کام آتی ہے۔  ویسے  اس دباؤ سے زیادہ بین الاقوامی سطح کے معروف اور منجھے ہوئے اداکاروں کے ساتھ کام میں مزہ آتاہے۔ ان  کے ساتھ پردہ پر نظرآنا بھی اہمیت کا حامل ہے۔ 
 بین الاقوامی پروجیکٹس پر کام کرکے خود کو کتنا مطمئن پاتے ہیں؟
   وہاں  آپ کو باصلاحیت اور اچھے فنکاروں کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملتاہے۔ شروعات میں تھوڑی پریشانی ہوئی لیکن  اب   وہاںکے ماحول سے ہم آہنگ ہونے کے بعد خود کو مطمئن محسوس کرتاہوں۔ وہاں آپ کے ساتھ  ۲۴؍ ممالک کے افراد کام کرتے ہیں۔ کیمرہ مین اسپین کا  ہے تو ٹیکنیشین  بلغاریہ سے۔ سیٹ پر پاکستانی، بنگلہ دیشی اور سعودی کے شہری بھی  ہوتے ہیں۔ وہاں کے ایکشن زبردست ہوتے ہیں جسے دیکھ کر آپ خود بھی مطمئن ہوجاتے ہیں۔ میرے خیال میں میں نے ہالی ووڈ کی فلموں کا انتخاب کرکے کوئی غلط فیصلہ نہیں کیا ۔
  کانس فلم فیسٹیول کا تجربہ کیسا رہا؟
  کانس فلم فیسٹیول میں شرکت کا تجربہ ہمیشہ ہی قابل قدر ہوتاہے۔ ہندوستان کی نمائندگی کرکے زیادہ خوشی ہوتی ہے۔ اس بار میں اور رچاساتھ گئے تھے اور دونوں نے سرخ قالین پر اپنا جلوہ بکھیرا۔ اس طرح کے فلم فیسٹیول میں شرکت کرنے سے ایک اچھی بات یہ ہوتی ہے کہ آپ کا رابطہ   دیگر فلم انڈسٹریز کے افراد سے ہوتاہے۔  ان کے ساتھ کام کرنے  کے مواقع بڑھتے ہیں۔  میں نے  اور رچا نے بہت سے فلمسازوں اور ہدایتکاروں سے ملاقات کرکے اپنے پرڈوکشن ہاؤس کو متعارف کروایا۔
 شادی کے بعد کے تجربات کیسے رہے ہیں؟
 بہت اچھے، جب آپ اپنی دوست سے شادی کرتے ہیں تو اسے آپ کے بارے میں سب کچھ معلوم ہوتاہے۔ دونوں ایک دوسرے کے ساتھ اطمینان محسوس کرتے ہیں۔ شادی سے پہلے ہی میرے اور رچا کے اچھے تعلقات تھے  جسے ہم نے ایک خوبصورت رشتہ کا رنگ دے دیا۔ ایک دوسرے کے کام سے زیادہ اپنی  نجی زندگی کے بارے میں گفتگو کو ترجیح دیتے ہیں۔ دونوں  نے مل کرپروڈکشن ہاؤس شروع کیا ہے جو  آہستہ آہستہ قدم بڑھا رہا ہے۔  
 فلم’ فُکرے‘ کا تیسرا حصہ کیسا ہوگا؟
  پہلےدو حصے تو بہت تفریحی تھے، کورونا کی وجہ سے اس کے تیسرے حصہ کی ریلیز میں تاخیر ہوئی ہے، یہ شکایت میری نہیں ہے بلکہ شائقین کی  ہوسکتی ہے اور بجا ہے۔ویسے فلم کا تیسرا حصہ پہلے دونوں سے بہتر ثابت ہونے والا ہے۔یہ فلم کب ریلیز ہوگی اس کے بارے میں کہنا مشکل ہے بہرحال ہم بھی کوشش کررہیں کہ جلد ہی یہ فلم ریلیز ہوجائے ۔
 او ٹی ٹی پر ایک اداکار آزادی سے کام کرسکتاہے؟
  دیانتداری سے کہوں تو اداکار کیلئےاو ٹی ٹی پر چیلنج نہیں ہوتابلکہ اس کے فلمسازوں اور ہدایتکاروں کیلئے یہ ایک چیلنج ہے کیونکہ انہیں یہ دیکھنا ہوتا ہے کہ او ٹی ٹی دیکھنے والے کون سا موضوع دیکھنا چاہتے ہیں۔ اداکار کیلئے کیریکٹر کو بہتر انداز میں پیش کرنے کا چیلنج ہوتاہے، وہ یہی سوچتاہے کہ اپنے کیریکٹر کو طویل وقت تک کس طرح زندہ اور دلچسپ بنائے رکھے کیونکہ یہ فلم نہیں ہے کہ۲۔ڈھائی گھنٹے میں ختم ہو جائے،   بلکہ آپ کو ۸۔۹؍ ایپی سوڈ تک اپنےکردار میں جان ڈالے رکھنی ہوتی ہے تاکہ نا ظرین  کی دلچسپی بنی رہے اور وہ ویب سیریز سے بندھے رہیں۔میرے خیال میں ہندوستان میں اب بھی او ٹی ٹی پر اداکاروں کو آزادی سے کام کرنے کیلئے جدوجہد کرنی پڑ رہی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK