Updated: December 13, 2024, 12:48 PM IST
| Los Angeles
مارول اسٹوڈیو نے ’’ایونجرز: ڈومس ڈے‘‘ کیلئے رابرٹ ڈاؤنی جونیئر اور کرس ایونز کو دوبارہ سائن کیا ہے۔ ڈاؤنی جونیئر ’’ڈاکٹر ڈوم‘‘ کا کردار ادا کریں گے۔ تاہم، کرس ایونز کے کردار کو ابھی مخفی رکھا گیا ہے۔ واضح رہے کہ دونوں ہی اداکار ’’ایونجرز: اینڈگیم‘‘ کے بعد مارول سے علاحدہ ہوگئے تھے۔
کرس ایونز نے مارول کیلئے کیپٹن امریکہ اور ہیومن ٹارچ کے کردار ادا کئے ہیں۔ تصویر: ایکس
ہالی ووڈ کے ہینڈسم ہنک اور معروف اداکار کرس ایونز ’’ڈیڈپول اینڈ وولورین‘‘ میں اپنے ’’ہیومن ٹارچ‘‘ کردار کے ساتھ مہمان اداکار کے طور پر نظر آئے تھے جس سے مداحوں کو خوشگوار حیرت کا جھٹکا لگا تھا اور ساتھ ہی ان کے کیمیو نے مداحوں میں جوش بھردیا تھا کیونکہ مارول یونیورس سے بطور کیپٹن امریکہ وہ علاحدہ ہوچکے تھے۔ تازہ ترین پیشرفت کے مطابق، کرس ایونز ’’ایونجرز: ڈومس ڈے‘‘ کے ساتھ مارول اسٹوڈیو میں واپسی کررہے ہیں لیکن وہ ’’کیپٹن امریکہ‘‘ کے طور پر نہیں نظر آئیں گے۔
رابرٹ ڈاؤنی جونیئر نے مارول کی فلموں میں آئرن مین کا کردار ادا کیا تھا۔ اب ڈاکٹر ڈوم (اوپر کی تصویر) کے طور پر نظر آئیں گے۔ تصاویر: ایکس
خیال رہے کہ ’’ڈاکٹر ڈوم‘‘ کے کردار کیلئے ’’رابرٹ ڈاؤنی جونیئر‘‘ کو سائن کرنے کے بعد مارول نے ’’کرس ایونز‘‘ کو فلم میں ایک اہم کردار کیلئے شامل کیا ہے لیکن ان کے کردار کو خفیہ رکھا گیا ہے۔ دی ریپ کی ایک رپورٹ کے مطابق کرس ایونز ایم سی ایو میں ’’ایونجرز: ڈومس ڈے‘‘ کی کاسٹ میں شامل ہوئے ہیں۔ ایک انتہائی متوقع سیکوئل جس میں رابرٹ ڈاؤنی جونیئر بھی ڈاکٹر ڈوم کے طور پر کام کریں گےلیکن ایونز کے کردار کی حد اور صحیح نوعیت معلوم نہیں ہے۔ واضح رہے کہ رابرٹ ڈاؤنی جونیئر بھی ’’ایونجرز: اینڈ گیم‘‘ کے بعد بطور ’’آئرن مین‘‘ مارول سے علاحدہ ہوگئے تھے۔