کیلیفورنیا میں جاری سب سے بڑے میوزک فیسٹیول کوچیلا میں متعدد بینڈز اور گلوکاروں نے فلسطین کی حمایت میں آواز بلند کی جن میں راک بینڈ ’’گرین ڈے‘‘ کا نام قابل ذکر ہے۔
EPAPER
Updated: April 14, 2025, 10:05 PM IST | California
کیلیفورنیا میں جاری سب سے بڑے میوزک فیسٹیول کوچیلا میں متعدد بینڈز اور گلوکاروں نے فلسطین کی حمایت میں آواز بلند کی جن میں راک بینڈ ’’گرین ڈے‘‘ کا نام قابل ذکر ہے۔
امریکہ کے مشہور راک بینڈ ’’گرین ڈے‘‘ نے ’’یو ایس کوچیلا میوزک فیسٹیول‘‘ میں ہیڈ لائننگ سیٹ کے دوران فلسطینی بچوں کو خراج تحسین پیش کیا اور اپنے نغمہ کی ایک سطر کو تبدیل کردیا۔ بینڈ کے مرکزی گلوکار بلی جو آرمسٹرانگ نے اپنے ہٹ گانے ’’جیسس آف سبربیا‘‘ کے بول بدل کر غزہ کے بچوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا جو اسرائیل کی ایک سال سے زائد طویل جنگ کے دوران ثابت قدم ہیں۔ نغمہ کی اصل سطر ’’جب آپ کو نشانہ بنایا گیا ہو تو درد سے بھاگنا‘‘ گانے کے بجائے، آرمسٹرانگ نے ’’فلسطین کے بچوں کی طرح درد سے بھاگنا‘‘ گایا جس سے ہجوم جوش سے بھرگیا اور انہوں نے اپنی خوشی کا اظہار کیا۔ واضح رہے کہ انہوں نے اس وقت پرفارم کیا ہے جب اسرائیل، غزہ کے اسپتالوں کو نشانہ بنارہا ہے، فلسطینیوں کو نقل مکانی پر مجبور کررہا ہے اور اس کی بمباری جاری ہے۔ یہی نہیں وہ امداد کو غزہ میں داخل ہونے سے بھی روک رہا ہے۔
واضح رہے کہ فلسطین کی وزارت صحت نے گزشتہ ہفتے انسانی صورتحال پر کہا تھا کہ ناکہ بندی کی وجہ سے ۶۰؍ ہزار سے زائد بچے غذائیت کی کمی کا شکار ہیں اور ان کی زندگیاں خطرے میں ہیں۔ بینڈ کے بول میں تبدیلی کو آن لائن صارفین نے بڑے پیمانے پر سراہا۔ صارفین نے کہا کہ وہ گرین ڈے کو ہمیشہ سپورٹ کریں گے جس نے اتنے برے حالات میں بھی فلسطین سے اظہار یکجہتی کیا۔ واضح رہے کہ بینڈ کی مرکزی گلوکارہ اس سے قبل پرفارمنس کے دوران فلسطین کی حمایت کا اظہار کر چکی ہیں، انہوں نے ملائیشیا میں ایک کنسرٹ میں فلسطینی پرچم بلند کیا تھا۔
یہ بھی پڑھئے: نیٹ فلکس فلم ’’جیول تھیف: دی ہیسٹ بگینس‘‘ کا ٹریلر جاری
گرین ڈے کا نغمہ ’’جیسس آف سبربیا‘‘ ایک مایوس نوجوان کے بارے میں ہے جو معیشت، منشیات اور جنگ کے وقت کی پالیسیوں سے نمٹ رہا ہے۔کوچیلا میں متعدد فنکاروں نے فلسطین سے اظہار یکجہتی کیا جبکہ بعض نے کہا کہ ان کے لائیو پرفارمنس کا وہ حصہ جان بوجھ کر کاٹا گیا ہے جہاں انہوں نے فلسطینیوں کی حمایت کی ہے۔ ان میں ’’نی کیپ‘‘ کا نام قابل ذکر ہیں۔ کوچیلا میں لاکھوں افراد شرکت کرتے ہیں۔ اس دوران برنی سینڈرز نے بھی غزہ کی حمایت کی۔