• Wed, 20 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

دارا سنگھ : ایک پہلوان جس نےفلمی دنیا میں اپنی اداکاری سے منفرد شناخت بنائی

Updated: November 19, 2022, 1:01 PM IST | Agency | Mumbai

  دارا سنگھ ایک کامیاب  پہلوان اور بہترین اداکار کے طور پرمشہور ہیں ۔دارا سنگھ نہایت سادہ مزاج اور شگفتہ طبیعت کے مالک تھے۔

Dara Singh.Picture:INN
دارا سنگھ ۔ تصویر:آئی این این

  دارا سنگھ ایک کامیاب  پہلوان اور بہترین اداکار کے طور پرمشہور ہیں ۔دارا سنگھ نہایت سادہ مزاج اور شگفتہ طبیعت کے مالک تھے۔ ان کی پیدائش۱۹؍نومبر،۱۹۲۸ء  میں پنجاب کے ایک جاٹ  سکھ کنبہ میں بلونت کور اور سورت سنگھ رندھاوا کے یہاں ہوئی تھی۔  انہیں بچپن سے ہی پہلوانی کا شوق تھا۔ اُنہوں نے۱۹۶۶ء میں رستم پنجاب اور ۱۹۷۸ء  میں رستم ہند کا خطاب حاصل کیا۔ دارا سنگھ  نے ہندوستانی طرز کی پہلوانی کی باقاعدہ تربیت لی ۔ دارا سنگھ ہندوستان کے کشتی کے ٹورنامنٹوں کی بڑی مقبول شخصیت تھے۔ وہ ہندوستان کی نوابی ریاستوں کی دعوت پر بھی وہاں جایا کرتے تھے۔ وہ ہاٹ میلوں میں کشتی لڑتے تھے۔ انہوں نے کئی بڑے پہلوانوں کو مات دی۔  ۱۹۴۷ء  میں سنگاپور  میں ترلوک سنگھ کو ہراکرملیشیا میں چمپئن بنے تھے۔   داراسنگھ نے لوتھیز اور ہسٹانلسا زیباسکو جیسے بین اقوامی پہلوانوں سے مقابلہ کیا ۔ انہوں نے۵۰۰؍ سے زیاہ پیشہ ورانہ کشتیاں لڑیں اور کبھی شکست کا منہ نہیں دیکھا۔ درا سنگھ  نے۱۹۵۳ء  میں پیشہ ورانہ انڈین ریسلنگ چمپئن شپ جیتی اور۱۹۵۹ء میں کناڈا کے چمپئن جارج نگوڈنوکر کوہراکر دولت مشترکہ چمپئن ٹرافی جیتی۔ انہوں نے۱۹۸۳ء  میں سرگرم کشتی سے ریٹائرمنٹ  لیا اور۱۹۸۹ء  میں اپنی خودنوشت سوانح ’میری آتم کتھا‘ پنجابی میں شائع کی۔  دارا سنگھ کے  فلمی کریئرکا آغاز ۱۹۵۲ء  میں  ریلیز ہوئی فلم سنگدل سے ہوا تھا۔ انہوں نےکئی  ہندی فلمیں  بنائیں جن کے ہیرو وہ خود ہوا کرتے تھے۔ مجموعی طور پر اُنہوں نے۱۲۱؍  ہندی اور۲۱؍ پنجابی فلموں میں کام کیا۔   اُنہوں نے اداکارہ ممتاز کے ساتھ بہت کامیاب فلمی جوڑی بنائی جس نے۱۶؍  فلموں میں ایک ساتھ کام کیا ان  میں سے۱۰؍ فلمیں بہت کامیاب ہوئیں۔  اس کے بعد یکے بعد دیگر کئی فلمیں آئیں جیسے کنگ کانگ، فولاد، رستم بغداد جس سے انہیں بالی ووڈ کے ایکشن کنگ کا خطاب مل گیا۔ وہ اس زمانے کی بی زمرے کی ایکشن فلموں کے ہیرو تھے ۔ دارا سنگھ  نے ہی فلموں میں  اپنی شرٹ اتارنے کا چلن شروع کیا تھا۔ ان  کا فلمی سفر۵۰؍ سال سے زیادہ عرصہ پر محیط تھا۔ ان کی فلموں میں آنند اور میرا نام جوکر  جیسی کلاسیکل فلمیں بھی شامل تھیں۔ انہیں۱۹۶۶ء  میں کشتی کے نیوز لیٹر ہال آف فیم میں شامل کیا گیا تھا۔ ۸۰ء  اور۹۰ء کی دہائی میں وہ ٹیلی ویژن سے جڑگئے اور انہوں نے رامائن ٹی وی سیریل میں ہنومان کا یادگار رول ادا کیا۔  بی آر چوپڑہ نے انہیں مہابھارت میں بھی یہی رول دیا تھا۔ انہوں نے کئی  دیگر  ٹی وی سیریل میں بھی کام  کیا۔ ان کی آخری فلم جب وی میٹ اور آخری پنجابی فلم  دل اپنا پنجابی تھی۔ داراسنگھ موہالی میں مشہور داراسنگھ اسٹوڈیو کے مالک بھی تھے۔وہ اگست۲۰۰۳ء  سے اگست۲۰۰۹ء تک راجیہ سبھا کے نامزد ممبر رہے۔ دارا سنگھ نے۱۲؍ جولائی۲۰۲۱ء میں  اس دنیا کو الوداع کہہ دیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK