’ڈارلنگز‘کی فلمساز نے بالی ووڈ کی خوبصورت ترین اداکارہ مدھوبالا کی زندگی پر فلم بنانے کا اعلان کیا۔ ۱۹۵۰ء سے ۱۹۶۰ء کے درمیان مدھوبالا نے کئی مشہور اور کامیاب فلموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے تھے۔ مغل اعظم ان کی یادگار فلم ہے۔
EPAPER
Updated: March 15, 2024, 4:49 PM IST | Mumbai
’ڈارلنگز‘کی فلمساز نے بالی ووڈ کی خوبصورت ترین اداکارہ مدھوبالا کی زندگی پر فلم بنانے کا اعلان کیا۔ ۱۹۵۰ء سے ۱۹۶۰ء کے درمیان مدھوبالا نے کئی مشہور اور کامیاب فلموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے تھے۔ مغل اعظم ان کی یادگار فلم ہے۔
فلمساز جسمیت کے رین نے آج اعلان کیا کہ وہ اپنی آنے والی بایوگرافیکل ڈراما فلم میں ہندوستانی سنیما کی خوبصورت ترین اداکارہ مدھوبالا کی زندگی اور حالات پر مبنی فلم میں نبردآزمائی کریں گے۔ سونی پکچرز انٹرنیشنل پروڈکشنز نے اپنے آفیشیل سوشل میڈیا ہینڈلز پر اس پروجیکٹ کا اعلان کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’’ہم لیجنڈری مدھوبالا کے اعزاز میں اپنی آنے والی فلم کا اعلان کرتے ہوئے بہت پرجوش ہیں، جوسعادت مندی اور قابلیت کا مظہر ہے۔ ‘‘ اسٹوڈیو نے انسٹاگرام پر پوسٹ کیا کہ بالی ووڈ کے مشہور ستاروں میں سے ایک کی لازوال دلکشی اور دل موہ لینے والی کہانی کو جاننے کیلئے تیار رہیں۔ تازہ ترین احوال کیلئے ہمارے ساتھ رہیں۔
مدھو بالا ہندی سنیما کے سنہری دور کی معروف اداکاروں میں سے ایک ہیں جنہوں نے ’’مسٹر اینڈ مسز ۵۵‘‘ (۱۹۵۵ء)، ’’چلتی کا نام گاڑی‘‘ (۱۹۵۸ء)، ’’کالا پانی‘‘ (۱۹۵۸ء) اور ’’ہاؤڑا بریج‘‘ (۱۹۵۸ء) جیسی کلاسک فلموں میں اداکاری کی۔ اپنی مختصر زندگی کے دوران فلمی صنعت میں انتہائی معتبر شخصیات میں سے ایک بن گئیں۔ ۱۹۶۰ء کے تاریخی ڈرامے ’’مغل اعظم‘‘ میں ان کا انار کلی کا کردار یاد گار تھا جس میں دلیپ کمار اور پرتھوی راج کپور نے بھی اہم کردار ادا کئے تھے۔ مدھو بالا کا انتقال ۱۹۶۹ء میں ۳۶؍ سال کی عمر میں ہوا تھا۔
رین نے عالیہ بھٹ کی اداکاری سے سجی فلم ’’ڈارلنگز‘‘ سے ہدایتکاری کے شعبے میں قدم رکھا تھا۔ انہوں نے بھی انسٹاگرام پر اس منصوبے کے بارے میں پوسٹ کیا۔ انہوں نے لکھا کہ ’’کچھ حیرت انگیز لوگوں کے ساتھ ایک نئے دلچسپ سفر کی شروعات کیلئے مشکور۔ ‘‘ اس فلم میں سونی پکچرز انٹرنیشنل پروڈکشنز، بریونگ تھاٹس پرائیویٹ لمیٹڈ اور مدھوبالا وینچرز نے سرمایہ کاری کی ہے جس کے سربراہ مدھور برج بھوشن اور اروند کمار مالویہ ہیں۔