کالکا جی سے جیت درج کرنے وا لی وزیر اعلیٰ آتشی سنگھ نے عوام کا شکریہ ادا کیا اور اپنی ٹیم کو مبارکباد دی، اس دوران دہلی میں حکومت سازی کیلئے بی جےپی لیڈروں کی میٹنگیں جاری۔
EPAPER
Updated: February 10, 2025, 10:06 AM IST | Agency | New Delhi
کالکا جی سے جیت درج کرنے وا لی وزیر اعلیٰ آتشی سنگھ نے عوام کا شکریہ ادا کیا اور اپنی ٹیم کو مبارکباد دی، اس دوران دہلی میں حکومت سازی کیلئے بی جےپی لیڈروں کی میٹنگیں جاری۔
دہلی اسمبلی انتخابات کے نتائج کے اعلان کے بعدبی جے پی کے خیمے میں جہاں جشن کا ماحول ہے وہیں عام آدمی پارٹی ( آپ ) میں مایوسی ہے۔ اس دوران وزیر اعلیٰ آتشی سنگھ نے جو اپنی سیٹ سےرمیش بدھوڑی کے مقابلے فاتح رہیں، کہا ہےکہ ہم عوام کا فیصلہ قبول کرتے ہیں اوربی جے پی کے خلاف عام آدمی پارٹی کی لڑائی جاری رہےگی۔ آپ امیدوار اور وزیر اعلیٰ آتشی کالکاجی اسمبلی سیٹ سے جیت گئی ہیں۔ بتا دیں کہ دہلی اسمبلی انتخابات میں عام آدمی پارٹی کی شکست کے بعد وزیر اعلیٰ آتشی نے گورنر وی کے سکسینہ کو اپنا استعفیٰ سونپ دیا ہے۔ انہوں نے کہا’’میں کالکا جی کے لوگوں کا شکریہ ادا کرتی ہوں جنہوں نے مجھ پر اعتماد کیا۔ میں اپنی ٹیم کو مبارکباد دیتی ہوں جس نے زمینی سطح پر سخت محنت کی اور `مسل پاور، غنڈہ گردی، مار پیٹ کا سامنا کرنے کے باوجود لوگوں تک پہنچی۔ ورنہ یہ دہلی کے لوگوں کا مینڈیٹ ہے۔ ہم عوام کے مینڈیٹ کو قبول کرتے ہیں۔ ‘‘
آمریت کے خلاف جنگ جاری رہے گی: آتشی
انہوں نے مزید کہا کہ میں نے اپنی سیٹ جیت لی ہے لیکن یہ جشن منانے کا نہیں جنگ کا وقت ہے۔ بی جے پی کی آمریت اور غنڈہ گردی کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔ عام آدمی پارٹی نے ہمیشہ غلط کے خلاف جنگ لڑی ہے اور ہمیشہ لڑے گی۔ یہ یقینی طور پر ایک دھچکا ہے لیکن دہلی کے لوگوں کے لیے عام آدمی پارٹی کی جدوجہد کبھی ختم نہیں ہوگی۔
کالکاجی اسمبلی سیٹ سے کس کو کتنے ووٹ ملے؟
کالکاجی اسمبلی سیٹ سے عام آدمی پارٹی کی امیدوار آتشی نے بی جے پی امیدوار رمیش بدھوڑی کو ہرایاہے۔ الیکشن کمیشن کے اعداد و شمار کے مطابق آتشی کو۵۲؍ ہزار۱۵۴؍ووٹ ملے۔ اس سیٹ پر بی جے پی دوسرے نمبر پر رہی۔ رمیش بدھوڑی کو۴۸؍ ہزار ۶۳۳؍ووٹ ملے۔ آتشی نے رمیش بدھوڑی کو۳۵۲۱؍ ووٹوں سے شکست دی۔ کانگریس امیدوار الکا لامبا یہاں تیسرے نمبر پر رہیں۔ انہیں ۴۳۹۲؍ ووٹ ملے۔
دہلی میں بی جےپی ۲۷؍ سال بعدحکومت بنائے گی
دہلی میں جیت کے ساتھ ہی بی جے پی ۲۷؍ سال بعد حکومت بنانے کی طرف بڑھ رہی ہے۔ پارٹی نے قومی راجدھانی میں نئی حکومت کے قیام کے بارے میں غور و خوض شروع کر دیا۔ دہلی کے نئے وزیر اعلیٰ اور کابینہ کے اراکین کے ناموں پر غور کرنے کیلئے اتوار کو مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کی رہائش گاہ پر ایک میٹنگ ہوئی جس میں بی جے پی کے قومی صدر جگت پرکاش نڈا نے بھی شرکت کی۔ میٹنگ میں بی جے پی لیجسلیچر پارٹی کی میٹنگ بلانے اور مرکزی مبصر کا فیصلہ کرنے پر بھی بات چیت ہوئی۔ وزیر اعلیٰ کے ناموں پر غوروخوض کیاجارہا ہے جبکہ حکومت کے ذرائع کا کہنا ہےکہ وزیر اعظم مودی کے امریکہ کے دورہ سے واپس آنے کے بعدنام کا حتمی فیصلہ کیاجائے گا۔ وزیر اعلیٰ کیلئے پرویش ورما، وجیندر گپتا، ستیش اُپادھیائے، آشش سوداور جتیندر مہاجن مضبوط دعویدار ہیں۔
ویریندر سچدیوا نے ایل جی سے ملاقات کا وقت مانگا
بی جے پی کی دہلی ریاستی یونٹ کے صدر وریندر سچدیوا نے اتوار کی شام پارٹی کے نو منتخب اراکین اسمبلی کی میٹنگ بلائی۔ اس کے علاوہ انہوں نے لیفٹیننٹ گورنر ونئے کمار سکسینہ کو خط لکھ کر ۴۸؍ نو منتخب اراکین ا سمبلی اور۷؍ ا راکین پارلیمنٹ کے ساتھ ملاقات کا وقت مانگا ہے۔ اس کے علاوہ نئی دہلی اسمبلی سیٹ پر عام آدمی پارٹی (اے اے پی) کے قومی کنوینر اروند کیجریوال کو شکست دینے والے بی جے پی امیدوار پرویش ورما، بیجواسن اسمبلی سیٹ سے جیتنے والے امیدوار کیلاش گہلوت اور گاندھی نگر اسمبلی سیٹ سے جیتنے والے امیدوار ارویندر سنگھ لولی نے راج نیواس جاکر لیفٹیننٹ گورنر وی کے سکسینہ سے اتوار کو ملاقات کی۔ سکسینہ سے ملاقات کے بعد ان لیڈروں نے کہا کہ انہوں نے لیفٹیننٹ گورنر سے اظہار تشکرکیلئے ملاقات کی ہے۔ اسی وقت سچدیوا نے کہا کہ دہلی کے لوگوں نے تبدیلی کے لیے ووٹ دیا ہے۔ وزیراعظم مودی کی قیادت کو ووٹ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے منشور میں کئے گئے وعدے پورے کریں گے۔ ہم دہلی کو ترقی یافتہ ہندوستان کی ترقی یافتہ دارالحکومت بنائیں گے۔