Inquilab Logo Happiest Places to Work
Ramzan 2025 Ramzan 2025

سالگرہ مبارک: فلمی خاندان سے تعلق کے باوجود ششی کپور نے اپنے دم پر شہرت پائی

Updated: March 18, 2025, 12:56 PM IST | Agency | Mumbai

اداکار ششی کپور کا نام ایک ایسے اداکار کے طورپر لیا جائے گا جنہوں نے اپنی رومانوی اداکاری سے تقریباً ۳؍ عشروں تک شائقین کی بھرپور تفریح کی۔

Shashi Kapoor is famous for his romantic roles. Photo: INN
رومانوی کرداروں کیلئے مشہور ششی کپور۔ تصویر: آئی این این

اداکار ششی کپور کا نام ایک ایسے اداکار کے طورپر لیا جائے گا جنہوں نے اپنی رومانوی اداکاری سے تقریباً ۳؍ عشروں تک شائقین کی بھرپور تفریح کی۔ ۱۸؍ مارچ ۱۹۳۸ء کوپیدا ہونے والے ششی کپور کا اصل نام بلبیر راج کپور تھا۔ ان کا رجحان بچپن ہی سے فلموں کی جانب تھا اور وہ اداکار بننا چاہتے تھے۔ ان کے والد مشہور و مقبول اداکار پرتھوی راج کپور اور بھائی راج کپور اور شمی کپور فلم انڈسٹری کے مشہور اداکار تھے۔ ان کے والد اگر چاہتے تو وہ انہیں لےکر فلم بناسکتے تھے لیکن ان کا خیال تھا کہ ششی جدوجہد کریں اور اپنی محنت سے اداکار بنیں۔ 
 ششی کپورنے بطور اداکار باقاعدہ شروعات ۱۹۶۱ءمیں یش چوپڑہ کی فلم ’دھرم پتر‘ سے کی۔ اس کے بعد انہیں بمل رائے کی فلم ’پریم پتر‘ میں بھی کام کرنے کا موقع ملا لیکن بدقسمتی سے دونوں ہی فلمیں ناکام ثابت ہوئیں۔ ۱۹۶۵ءمیں ششی کپور کے کریئرنےاہم موڑ لیا۔ اس سال ان کی فلم ’جب جب پھول کھلے‘ریلیز ہوئی۔ بہترین نغموں، موسیقی اور اداکاری سے آراستہ اس فلم کی زبردست کامیابی نے ششی کپور کے کریئر کو ایک نئی سمت دی۔ ۱۹۶۵ءہی میں ششی کپور کے کریئر کی ایک اور بہترین فلم ’وقت‘ ریلیزہوئی۔ اس فلم میں ان کے سامنے بلراج ساہنی، راج کمار اور سنیل دت جیسےمشہور اور بہترین اداکار تھے۔ اس کے باوجود اپنی اداکاری سے شائقین کی توجہ اپنی طرف مبذول کرنے میں وہ کامیاب رہے۔ یہ فلم اس وقت کی بہترین اور سپر ہٹ فلموں میں شمار کی جاتی ہے۔ ان فلموں کی کامیابی کے بعد ششی کپور کی شبیٖہ رومانوی ہیرو کی بن گئی اور فلمسازوں اور ہدایتکاروں نےبیشتر فلموں میں ان کی اسی شبیٖہ کو پیش کیا۔ ۱۹۶۵ء تا ۱۹۷۶ء کامیابی کے سنہرے دور میں ششی کپور نے جن فلموں میں کام کیاان میں زیادہ تر ہٹ ثابت ہوئیں۔ 
 ۸۰ء کے عشرے میں ششی کپور نے فلم پروڈکشن کے میدان میں بھی قدم رکھا اور ’جنون‘ بنائی۔ اس کے بعد انہوں نے ’کل یگ‘، ’۳۶؍چورنگی لین‘، ’وجیتا‘ اور ’اُتسو‘ وغیرہ فلمیں بنائیں۔ حالانکہ یہ فلمیں باکس آفس پر زیادہ کامیاب نہیں ہوئیں لیکن ان فلموں کو ناقدین نے کافی پسند کیا۔ ۱۹۹۱ء میں اپنے دوست امیتابھ بچن کو لے کرانہوں نے فلم ’عجوبہ‘ بنائی اور ہدایتکاری بھی کی لیکن بے جان اسکرپٹ کی وجہ سےفلم زیادہ کامیابی حاصل نہیں کرسکی۔ حالانکہ یہ فلم بچوں کو بہت پسند آئی تھی۔ ششی کپور کے کریئر میں ان کی جوڑی اداکارہ شرمیلا ٹیگور اور نندہ کے ساتھ کافی پسند کی گئی۔ ان سب کے درمیان ششی کپور نے اپنی جوڑی سپر اسٹار امیتابھ بچن کے ساتھ بھی بنائی اور کامیاب رہے۔ یہ جوڑی سب سے پہلے فلم ’دیوار‘ میں ’ نظر آئی۔ بعد میں اس نے ’ایمان دھرم‘، ’ترشول‘، ’شان‘، ’کبھی کبھی‘، ’روٹی کپڑا اور مکان‘، ’سہاگ‘، ’سلسلہ‘، ’نمک حلال‘، ’کالا پتھر‘ اور ’اکیلا‘ میں بھی کام کیا اور شائقین کو بھرپور تفریح فراہم کی۔ 
  ششی کپور نے ۱۱۶؍ کے قریب فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے، جبکہ ۶۱؍ فلموں میں کلیدی کردار ادا کیا ہےاور تقریباً ۵۵؍فن کاروں کے ساتھ کام کیا۔ امیتابھ بچن کے ساتھ فلم ’دیوار‘ میں ان کا مکالمہ ’’میرے پاس ماں ہے‘‘ ان کے مداحوں کے درمیان آج بھی مقبول ہے۔ حکومت ہند نے ۲۰۱۱ءمیں ششی کپور کو پدم بھوشن ایوارڈ سےنوازا تھا۔ ۲۰۱۵ءمیں وہ داد صاحب پھالکے ایوارڈ سے بھی سرفراز کئے گئے تھے۔ پرتھوی راج کپور اور راج کپور کے بعد یہ ایوارڈحاصل کرنے والے وہ خاندان کے تیسرے فرد تھے۔ تقریباً ۳؍ عشروں تک ناظرین کو اپنی اداکاری سے محظوظ کرنے والے ششی کپور۴؍ دسمبر ۲۰۱۷ء کو اس دنیا سے ہمیشہ ہمیشہ کیلئے رخصت ہوگئے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK