سدابہار اداکار دیوآنند،ہندی فلم انڈسٹری کے کامیاب ترین اداکاروں میں سے ایک ہیں۔ ان کا اصل نام دیوآنند دھرم دیو پشوری مل آنند ہے۔ ان کی پیدائش ۲۶؍ ستمبر۱۹۲۳ء کو شکرگڑھ،پنجاب میں ہوئی تھی۔
EPAPER
Updated: September 26, 2022, 1:41 PM IST | Agency | Mumbai
سدابہار اداکار دیوآنند،ہندی فلم انڈسٹری کے کامیاب ترین اداکاروں میں سے ایک ہیں۔ ان کا اصل نام دیوآنند دھرم دیو پشوری مل آنند ہے۔ ان کی پیدائش ۲۶؍ ستمبر۱۹۲۳ء کو شکرگڑھ،پنجاب میں ہوئی تھی۔
سدابہار اداکار دیوآنند،ہندی فلم انڈسٹری کے کامیاب ترین اداکاروں میں سے ایک ہیں۔ ان کا اصل نام دیوآنند دھرم دیو پشوری مل آنند ہے۔ ان کی پیدائش ۲۶؍ ستمبر۱۹۲۳ء کو شکرگڑھ،پنجاب میں ہوئی تھی۔ انہوں نے گورنمنٹ کالج لاہور سے گریجویشن کیا۔ لیکن فلموں کا شوق انہیں ممبئی لے آیا۔ کافی جدوجہد کے بعد۱۹۴۶ء میں پربھات ٹاکیز کی فلم ’ہم ایک ہیں‘ کے ذریعے وہ پردے پر نظر آئے۔ ان کی پہلی کامیاب فلم ’ضدی‘ تھی۔ بعد میں ان کی دوستی مشہور فلم ساز اور اداکار گرودت سے ہوئی اور پھر مشہور گلوکارہ ثریا کے ساتھ بھی کئی فلموں میں انہوں نے کام کیا۔گلوکارہ ثریا کے ساتھ دوستی کے رشتے کافی پروان چڑھے تاہم یہ دوستی شادی میں تبدیل نہ ہو سکی۔ لیکن ثریّا نے پھر پوری زندگی شادی نہیں کی۔ دیو آنند کا فلمی کریئر ۶؍عشروں سے زائد وقت تک چلا۔ اس دوران فلموں میں اداکاری کے ساتھ ساتھ آپ ہدایت کار اور پروڈیوسر کے طور پر بھی سرگرم رہے۔ ان کی یاددگار اور کامیاب فلموںکی فہرست طویل ہے، جس میں گائیڈ، ضدی، پیئنگ گیسٹ، بازی، جیول تھیف، سی آئی ڈی، جانی میرا نام، امیر غریب، ہرے راما ہرے کرشنا، منزل، بمبئی کا بابو، ٹیکسی ڈرائیور، ہم دونوں، جب پیار کسی سے ہوتا ہے، اصلی نقلی، تیرے گھر کے سامنے، بنارسی بابو، تیرے میرے سپنے، شریف بدمعاش، دیس پردیس، سوامی دادا، ہم نوجواں، اول نمبر جیسی فلمیں قابل ذکر ہیں۔ دیو صاحب کی فلموں میں آمد کا قصہ بھی دلچسپ ہے۔ گورنمنٹ کالج لاہور سے انگریزی ادب میں ڈگری حاصل کرنے کے بعد وہ اپنا شہر چھوڑ کر۱۹۴۰ء میں بمبئی آ گئے۔ ابتداء میں ایک دفتر میں ملازمت کی۔ پھر اپنے بھائی چیتن کے ساتھ ’اِپٹا‘ میں شمولیت اختیار کی۔ جلد ہی ان کو پربھات ٹاکیز کی جانب سے فلم ہم ایک ہیں(۱۹۴۶ء)میں اداکاری کی پیشکش ہوئی۔ پونے میں فلمبندی کے دوران ان کی ملاقات گرو دت سے ہوئی جس میں ان دونوں نے یہ فیصلہ کیا کہ اگر ان دونوں میں سے کوئی بھی پہلے کامیاب ہوا تو وہ دوسرے کی بھی مدد کرے گا۔ اس سوچ کے تحت دیو آنند کی پیش کردہ فلم کے ہدایتکار گرو دت اور گرو دت کی ہدایت کردہ فلم کے اداکار دیو آنند ہوتے تھے۔چالیس کی دہائی کے اختتام میں دیو آنند کو گلوکارہ - اداکارہ ثریّا کے ساتھ عورتوں پر مبنی فلموں میں کام کرنے کا موقع ملا۔ دیو آنند نے خود کو خوش قسمت سمجھا اور ان پیشکشوں کو قبول کیا۔ فلمبندی کے دوران وہ اداکارہ ثریّا سے دل لگا بیٹھے۔ اس جوڑے نے سات فلموں میں ساتھ کام کیا، ان میں ودیا، جیت ، شیر ، افسر ، نیلی ، دو ستارے اور صنم شامل ہیں، یہ ساری فلمیں باکس آفس پر کامیاب رہیں۔ جدوجہد کے دنوں میں دیوآنند کو کامیابی کی پہلی کرن اشوک کمار نے دکھائی۔ انہوں نے دیو آنند کو بمبئی ٹاکیز کی فلم ضدی میں اداکارہ کامنی کوشل کے ساتھ پیش کیا، جو ایک کامیاب فلم ثابت ہوئی۔۱۹۴۹ءمیں دیوآنند نے اپنی فلم کمپنی نوکیتن کی شروعات کی جس نے ۲۰۱۱ء تک۳۵؍ فلمیں پیش کیں۔ دیو صاحب نے عمر کے آخر ی پڑاؤ تک کام جاری رکھا، وہ بطورہدایتکارو پروڈیوسرگرم رہے۔ ۲۰۰۳ء میں ان کی آخری فلم چارج شیٹ ریلیز ہوئی۔ ۳؍دسمبر ۲۰۱۱ء کووہ اس دنیا سے رخصت ہوئے۔