• Sun, 29 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

ڈمپل کپاڈیہ نے فلمی کریئر میں۸۰؍ سے زائد فلموں میں کام کیا

Updated: June 09, 2024, 9:57 AM IST | Agency | Mumbai

مشہور بالی ووڈ اداکارہ ڈمپل کپاڈیہ سنیچر کو۶۷؍ برس کی ہو گئیں۔ ۸ ؍ جون ۱۹۵۷ء کو گجراتی کنبہ میں پیدا ہونے والی ڈمپل کپاڈیہ کو فلموں میں لانے کا سہرا راج کپور کو جاتا ہے۔

Dimple Kapadia. Photo: INN
ڈمپل کپاڈیہ۔ تصویر: آئی این این

مشہور بالی ووڈ اداکارہ ڈمپل کپاڈیہ سنیچر کو۶۷؍ برس کی ہو گئیں۔ ۸ ؍ جون ۱۹۵۷ء کو گجراتی کنبہ میں پیدا ہونے والی ڈمپل کپاڈیہ کو فلموں میں لانے کا سہرا راج کپور کو جاتا ہے۔ ۷۰؍ کی دہائی میں وہ اپنی فلم بوبی کیلئے نئے چہروں کی تلاش میں تھے۔ اس دوران انہوں نے ڈمپل کپاڈیہ کو اپنی فلم میں کام کرنے کی پیشکش کی جسے ڈمپل نے بخوشی قبول کر لیا۔ بوبی رشی کپور کی بھی پہلی فلم تھی۔ ڈمپل کپاڈیہ۱۹۷۳ء میں ریلیز ہونے والی فلم بوبی میں ایک نوعمر لڑکی کے کردار میں نظر آئیں۔ بوبی کی کامیابی کے بعد ڈمپل کپاڈیہ کو کئی فلموں میں کام کرنے کی پیشکش ہوئی لیکن انہوں نے انہیں ٹھکرا دیا اور اداکار راجیش کھنہ سے شادی کرکے فلم انڈسٹری کو خیرباد کہہ دیا۔ 
  ڈمپل کپاڈیہ۱۹۸۴ء میں ریلیز ہونے والی فلم زخمی شیر سے فلم انڈسٹری میں واپس آئیں لیکن یہ فلم کامیاب نہیں ہو سکی۔ ۱۹۸۴ء میں ڈمپل کو ایک بار پھر رشی کپور کے ساتھ ساگر میں کام کرنے کا موقع ملا، یہ فلم بھی کامیاب رہی۔ ۱۹۸۶ء میں ریلیز ہونے والی فلم جانبازکا شمار بھی ان کی کامیاب فلموں  میں ہوتا ہے۔ 
فلم زخمی عورت کا شمار ڈمپل کپاڈیہ کی اہم فلموں میں ہوتا ہے۔ اس فلم میں انہوں نے ایک خاتون انسپکٹر کا کردار ادا کیا۔ ۱۹۹۱ء میں ریلیز ہوئی یہ فلم ڈمپل کپاڈیہ کی ایک اہم فلم ثابت ہوئی۔ اس فلم سے جڑی ایک دلچسپ حقیقت یہ ہے کہ گلوکارہ لتا منگیشکر نے اس فلم کو پروڈیوس کیا تھا۔ ۱۹۹۳ء میں ریلیز ہوئی فلم رودالی ڈمپل کی اہم فلموں میں سے ایک ہے۔ فلم میں لتا کی آواز میں گایا گیا گانا یارا سیلی سیلی شائقین میں بہت مقبول ہوا۔ راجستھان کے پس منظر پر مبنی اس فلم میں انہوں نے شنیچری نامی لڑکی کا کردار ادا کیا ہے جو تمام تر دکھوں کے بعد بھی رو نہیں پاتی ہے۔ اگرچہ یہ فلم باکس آفس پر ناکام ثابت ہوئی لیکن ڈمپل نے اپنی زبردست اداکاری سے شائقین کے ساتھ ساتھ ناقدین کا بھی دل جیت لیا۔ ڈمپل کپاڈیہ کو اب تک۳؍ بار فلم فیئر ایوارڈ سے نوازا جا چکا ہے۔ ڈمپل کپاڈیہ نے ۵؍ دہائیوں پر محیط فلمی کریئر میں ۸۰؍ سے زائد فلموں میں کام کیا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK