• Mon, 23 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

دعا لیپا کنسرٹ: ’لیویٹیٹنگx وہ لڑکی جو‘، شاہ رخ اور ابھیجیت کے مداحوں میں تنازع

Updated: December 02, 2024, 8:37 PM IST | Mumbai

برطانوی گلوکارہ دعا لیپا نے ممبئی کے کنسرٹ میں’لیویٹیٹنگx وہ لڑکی جو‘ میش اَپ گا کر مداحوں کو حیران کردیا۔ اس کے ویڈیوز وائرل ہونے کے بعد شاہ رخ خان اور گلوکار ابھیجیت بھٹاچاریہ کے مداحوں میں آن لائن بحث چھڑگئی۔ ابھیجیت نے کہا کہ دعا لیپا کو گلوکار، نغمہ نگار اور موسیقار کو کریڈٹ دینا چاہئے تھا۔

Dua Lipa with Shah Rukh Khan. Photo: INN
دعا لیپا شاہ رخ خان کے ساتھ۔ تصویر: آئی این این

سنیچر کو ممبئی میں ہونے والے دعا لیپا کے کنسرٹ میں شائقین اس وقت حیرت زدہ رہ گئے جب انہوں نے اپنے مشہور گیت ’’لیوٹیٹگنگ‘‘ اور شاہ رخ خان کی فلم ’’بادشاہ‘‘ کے گیت ’’وہ لڑکی جو سب سے الگ ہے‘‘ کا میش اَپ گایا۔ یہ ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل اور مداحوں میں مقبول ہورہا ہے۔ اس موقع پر شاہ رخ خان کے مداح نے اداکار کی خوب تعریف کی اور کہا کہ دعا لیپا بھی ان کے اسٹار پاور کو سمجھتی ہیں۔ مگر شاہ رخ کی تعریف گلوکار ابھیجیت بھٹاچاریہ اور ان کے بیٹے جے بھٹاچاریہ سے ہضم نہیں ہوئی۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر ایک طویل نوٹ لکھا اور اپنے والد کو کریڈٹ نہ دینے پر سب سے سوال کیا۔ خیال رہے کہ ’’بادشاہ‘‘ فلم کا یہ گیت جاوید اختر نے لکھا تھا اور ابھیجیت بھٹاچاریہ نے گایا تھا جبکہ موسیقی انو ملک نے دی تھی۔ 

نیوز ۱۸؍ شوشا کے ساتھ ایک خصوصی بات چیت میں ابھیجیت نے تنازع اور وائرل ویڈیوز کے بارے میں بات چیت کی۔ انہوں نے کہا کہ ’’جب دعا لیپا پرفارم کر رہی تھیں تو کیا وہ ’’بادشاہ‘‘ کا گانا گا رہی تھیں؟ کیا وہ اس گانے پر ناچ رہی تھیں؟ اسٹیڈیم میں ایک آواز سن کر لوگ چونک گئے۔ انہوں نے اس گانے کا ویڈیو نہیں دیکھا۔ انہوں نے گانا سنا (یعنی ابھیجیت کی آواز سنی)۔ بس یہی تنازع کا آغاز ہے۔ دعا نے بھی کچھ نہیں کہا۔ وہ نہیں جانتیں کہ ایک گلوکار الگ ہے، اس گانے پر اداکاری کرنے والا الگ ہے، ڈانسر الگ ہے اور گانا بنانے والا الگ ہے۔‘‘ موسیقار نے دلیل دی کہ وہ شاہ رخ خان کے بہت بڑے مداح ہیں اور انہوں نے مزید کہا کہ لڑائی ایک اداکار کے مداحوں اور گلوکار کے مداحوں کے درمیان ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’جتنے بڑے مداح آپ شاہ رخ کے ہیں، میں بھی اتنا ہی بڑا مداح ہوں مگر میں ایک ناقد بھی ہوں۔ میں ایک سچا مداح ہوں۔ ہم دونوں (شاہ رخ اور ابھیجیت) ایک دوسرے کے پرستار ہیں۔ کچھ لوگ انہیں وائرل گانے کا کریڈٹ دے رہے ہیں اور کچھ سوچتے ہیں کہ مجھے کریڈٹ ملنا چاہئے۔ میں بس اسی میں خوش ہوں۔‘‘

ابھیجیت نے مزید کہا کہ ’’لوگ آپس میں لڑ رہے ہیں۔ کوئی میرا وفادار ہے، کوئی شاہ رخ کا۔ لیکن ہمیں کوئی پروا نہیں ہے۔ میں بہت خوش ہوں کہ گانا بہت چل رہا ہے۔ ہمیں اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ ہمیں کریڈٹ مل رہا ہے یا نہیں، لوگ کم از کم ہمارا گانا سن تو رہے ہیں۔‘‘ اپنے بیٹے جے بھٹاچاریہ کی مایوسی کے بارے میں بات کرتے ہوئے، ابھیجیت بھٹاچاریہ نے مزید کہا کہ ’’میرے بیٹے نے نوٹ اس لئے لکھا کہ اسے برا لگا۔ میرے بیٹے کا کوئی اور ارادہ نہیں تھا۔ وہ خود ایک پروڈیوسر اور تخلیق کار ہے۔ دعا لیپا کو اپنے شو کے دوران گانے کے گلوکار، موسیقار اور نغمہ نگار کو کریڈٹ دینا چاہئے تھا۔ یہ گانا پہلے بھی مقبول تھا اور آج بھی مقبول ہے۔‘‘

دعا لیپا کے تاثرات
کنسرٹ کے بعد وائرل ویڈیوز پر دعا لیپا نے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ’’مجھے یہ کرنا ہی تھا۔‘‘ چونکہ وہ ہندوستان میں تھیں اور خود شاہ رخ کی مداح ہیں، لہٰذا انہوں نے موقع کا فائدہ اٹھا کر اپنے اور شاہ رخ کے مداحوں کو حیران کردیا۔ واضح رہے کہ ’’لیویٹیٹنگ اور وہ لڑکی جو‘‘ کا مَیش اَپ ڈی جے روچیر نے ۲۰۲۳ء میں بنایا تھا جو موسیقی کے شائقین میں تیزی سے مقبول ہوا تھا۔ دعا لیپا نے اسی میش اَپ کو سننے کے بعد اپنے کنسرٹ میں اس کا ٹکڑا پیش کیا تھا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK