• Mon, 30 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

گووندہ آج بھی فلموں میں ڈانسر اور مزاحیہ اداکار کے طور پر مشہور ہیں

Updated: December 21, 2024, 10:53 AM IST | Agency | Mumbai

بالی ووڈ میں گووندہ ایک ایسے اداکار کے طور پر جانے جاتے ہیں جنہوں نے اپنے ’ڈانسنگ اسٹائل‘ اور کامیڈی سے ناظرین کے دلوں میں ایک خاص پہچان بنائی۔

Govinda`s style is still loved by millions. Photo: INN
گووندہ کے انداز کے آج بھی لاکھوں دیوانے ہیں۔ تصویر: آئی این این

بالی ووڈ میں گووندہ ایک ایسے اداکار کے طور پر جانے جاتے ہیں جنہوں نے اپنے ’ڈانسنگ اسٹائل‘ اور کامیڈی سے ناظرین کے دلوں میں ایک خاص پہچان بنائی۔ ۲۱؍ دسمبر ۱۹۶۳ء کو گووندہ ایک ایسے خاندان میں پیدا ہوئے جس کا تعلق فلموں سے رہا۔ ان کے والد ارون آہوجا اداکار جبکہ ماں نرملا دیوی ۴۰ء کے عشرے میں اداکارہ کے طور پر فلموں میں کام کیا کرتی تھیں۔ بچپن سے ہی گووندہ بھی اداکار بننے کا خواب دیکھا کرتے تھے۔ گووندہ نے اپنے فلمی کریئر کی شروعات ۱۹۸۶ء میں ریلیز ہونے والی فلم ’الزام‘ سے کی۔ اس فلم میں ان پر ایک نغمہ ’اسٹریٹ ڈانسر‘ کافی پسند کیا گیا تھا۔ اس فلم کی کامیابی کے بعد گووندہ کی شبیٖہ ایک ڈانسر کے طور پر بن گئی اور ہدایتکاروں نے ان کی اسی شبیٖہ کو اپنی فلموں میں پیش کیا۔ 
 ’الزام‘ میں گووندہ کی جوڑی نیلم کے ساتھ بہت پسند کی گئی تھی۔ اس فلم کے بعد نیلم اور گووندہ نے کئی فلموں میں ایک ساتھ کام کیا۔ ان فلموں میں ’لَو۔ ۸۶‘، ’خودغرض‘، ’ہتیا‘، ’سندور‘، ’فرض کی جنگ‘، ’طاقتور‘ اور ’دو قیدی‘ شامل ہیں۔ گووندہ کے فلمی سفر میں ان کی جوڑی ہدایتکار ڈیوڈ دھون کے ساتھ کافی پسند کی گئی۔ ۱۹۸۹ء میں گووندہ نے ڈیوڈ دھون کے ساتھ پہلی بار فلم ’طاقتور‘ میں کام کیا تھا۔ ۱۹۹۳ء میں ریلیز ہونے والی فلم ’آنکھیں ‘ گووندہ کے فلمی کریئر کی سب سے زیادہ کامیاب فلم رہی۔ اس فلم میں گووندہ نے مزاحیہ ڈبل رول ادا کیا۔ ڈیوڈ دھون کے ساتھ انہوں نے ’قلی نمبر وَن‘، ’ساجن چلے سسرال‘، ’بڑے میاں چھوٹے میاں ‘، ’راجا بابو‘، ’دیوانہ مستانہ‘، ’دولہے راجا‘، ’حسینہ مان جائے گی‘، ’جوڑی نمبر وَن‘ اور ’پارٹنر‘ میں کام کیا۔ ۲۰۰۰ء کے عشرے میں گووندہ کی فلموں کوکوئی خاص کا میابی نہیں مل پائی۔ 
  ۲۰۰۰ء میں گووندہ نے فلم ’شکاری‘ میں اپنے فلمی کریئر کا پہلا منفی رول اداکیا جس کیلئے انہیں بہترین ویلن کا فلم فیئر ایوارڈ دیا گیا۔ گووندہ کے فلمی کریئر میں ان کی جوڑی اداکارہ کرشمہ کپور کے ساتھ بھی بہت پسند کی گئی۔ اس جوڑی کے ساتھ سب سے پہلے ۱۹۹۳ء میں فلم ’مقابلہ‘ ریلیز ہوئی۔ بعد میں ہدایتکاروں نے ان کی جوڑی کو اپنی فلموں میں باربار لیا۔ ان میں ’راجا بابو‘، ’دلارا‘، ’خود دار‘، ’قلی نمبر ون‘، ’ساجن چلے سسرال‘، ’ہیرو نمبر وَن‘، ’حسینہ مان جائے گی‘ اور ’شکاری، جیسی فلمیں شامل ہیں۔ کرشمہ کپور کے علاوہ گووندہ کی جوڑی کمی کاٹکر، روینہ ٹنڈن، اور شلپا شیٹی کے ساتھ بھی پسند کی گئی۔ فلموں میں متعدد کردار ادا کرنے کے بعد گووندہ نے سماجی فلاح کیلئے سیاست میں قدم رکھا اور ۲۰۰۴ء میں کانگریس پارٹی کے ٹکٹ پر الیکشن جیت کر لوک سبھا کے رکن بنے۔ ۲۰۰۷ء میں ریلیز ہونے والی فلم ’پارٹنر‘ کی کامیابی کے بعد گووندہ ایک مرتبہ پھر سے اپنی پہچان بنانےمیں کامیاب ہوئے۔ ان کے فلمی کریئر کی کچھ اہم فلموں میں ’لَو۔ ۸۶‘، ’جیتے ہیں شان سے‘، ’ہتیا‘، ’گھر گھر کی کہانی‘، ’جنگ باز‘، ’جیسی کرنی ویسی بھرنی‘، ’گھرانہ‘، ’ہم‘، ’بھابھی‘، ’گیمبلر‘ اور ’بھاگم بھاگ‘ وغیرہ شامل ہیں۔ ۲۰۱۴ء میں گووندہ کی فلم ’ہالی ڈے‘، ’کل دل‘ اور ’ہیپی اینڈنگ‘ ریلیز ہوئیں جو باکس آفس پر کامیاب نہیں ہوسکیں۔ گووندہ نے اپنے ۳؍ عشروں پر محیط فلمی کریئر میں لگ بھگ ۱۲۰؍ فلموں میں کام کیا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK