• Tue, 17 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

مَیں اُن (جاوید اختر) سے ناراض تھا، مجھے لگا انہوں نے دھوکا دیا ہے: فرحان اختر

Updated: August 23, 2024, 10:18 PM IST | Mumbai

امیزون پرائم ویڈیو پر ریلیز ’’اینگری ینگ مین‘‘ کے ایک ایپی سوڈ میں فرحان اختر نے اپنی والدہ ہنی ایرانی اور والد جاوید اختر کی علاحدگی کے متعلق کہا کہ ’’مَیں اُن سے ناراض تھا، مجھے لگا کہ انہوں نے دھوکا دیا ہے۔‘‘

Farhan Akhtar, Saleem Khan, Ramesh Sipi and Javed Akhtar. Photo: X
فرحان اختر، سلیم خان، رمیش سپی اور جاوید اختر۔ تصویر: ایکس

بالی ووڈ میں فرحان اختر کو ایک باصلاحیت، اداکار، ہدایتکار اور اسکرپٹ رائٹر کے طور پر جانا جاتا ہے۔ فرحان اختر، مقبول نغمہ نگار اور مکالمہ نگار جاوید اختر کے بیٹے ہیں۔ حال ہی میں امیزون پرائم ویڈیو پر ’’اینگری ینگ مین‘‘ نامی ایک دستاویزی سیریز ریلیز ہوئی ہے جو سلیم خان اور جاوید اختر (سلیم جاوید) کی زندگیوں پر مبنی ہے۔ اسی میں فرحان نے اپنے والد جاوید اختر کے ساتھ اپنے تعلقات کے بارے میں بات کی۔ انہوں نے بتایا کہ جب ان کے والد نے فرحان کی والدہ ہنی ایرانی کو چھوڑ کر شبانہ اعظمی سے شادی کی تو وہ اس وقت شدید غصے میں تھے اور انہیں لگا کہ ان کے والد (جاوید اختر) نے انہیں دھوکا دیا ہے۔
سیریز کے ایک ایپی سوڈ میں فرحان اختر نے اس مشکل وقت کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ، ’’ایک مرحلہ آیا جب میں ان سے ناراض تھا۔ مجھے لگا انہوں نے مجھے دھوکا دیا ہے۔ یہ تمام عام جذبات ہیں جن سے ہر انسان بچپن میں اور لڑکپن میں گزرتا ہے۔‘‘ اس کے متعلق زویا اختر نے کہا کہ ’’نئی شادی کو قبول کرنے میں کافی وقت لگا۔‘‘ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ شبانہ اعظمی نے معمول کو واپس لانے میں اہم کردار ادا کیا۔ زویا نے کہا کہ ’’علاحدگی اور ملکیت تقسیم ہونے کے بعد ہم اپنی ماں (ہنی ایرانی) کے ساتھ رہتے تھے۔ ہمارا پورا وقت انہی کے ساتھ گزرتا تھا لیکن شبانہ اعظمی نے دوریوں کو ختم کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ ‘‘
اسی سلسلے میں جاوید اختر نے اپنی پہلی بیوی ہنی ایرانی کے ساتھ اپنی ناکام شادی کے بارے میں بات کی۔ انہوں نے کہا کہ اس ناکامی میں ۶۰؍ سے ۷۰؍ فیصد ذمہ داری میری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر انہیں زندگی کے بارے میں اتنی ہی سمجھ ہوتی جتنی آج ہے تو حالات مختلف ہوتے۔ جاوید اختر نے کہا کہ ’’ہنی دنیا میں واحد ایسی شخصیت ہیں جن کا مجرم میں خود کو مانتا ہوں۔ ہماری شادی کی ناکامی کی ۶۰؍ سے ۷۰؍ فیصد ذمہ داری میرے کندھوں پر ہے۔ ‘‘خیال رہے کہ فلم ’’سیتا اور گیتا‘‘ کے سیٹ پر جاوید اختر اور ہنی ایرانی کی ملاقات ہوئی تھی۔ فلم میں ہنی نے ہیما مالنی کی کزن کا کردار ادا کیا تھا۔ جاوید اختر اور ہنی ایرانی کی شادی ۱۹۷۲ء میں ہوئی تھی جبکہ ۱۹۸۵ء میں دونوں نے علاحدگی اختیار کرلی۔ کچھ برسوں بعد ہی جاوید اختر نے شبانہ اعظمی سے شادی کرلی تھی۔ تاہم، انہوں نے فرحان اختر اور زویا اختر کو ہنی ایرانی اور شبانہ اعظمی کے ساتھ مل کر پالا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK