• Fri, 18 October, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

معروف ٹی وی سیریز ’گیم آف تھرونز‘کی اداکارہ ڈیانا رِگ چل بسیں

Updated: September 12, 2020, 3:22 AM IST | New York

متحدہ ہندوستان میں اپنا بچپن گزارنے والی برطانوی اداکارہ ڈیانا رِگ۸۲؍برس کی عمر میں کینسر کے باعث چل بسیں۔

Diana Rigg. Photo: INN
ڈیانا رگ۔ تصویر: آئی این این

متحدہ ہندوستان میں اپنا بچپن گزارنے والی برطانوی اداکارہ ڈیانا رِگ۸۲؍برس کی عمر میں کینسر کے باعث چل بسیں ۔ڈیانا رِگ ۱۹۳۸ء میں انگلینڈ کے علاقے ڈونکیسٹر (حالیہ جنوبی یارک شائر) میں پیدا ہوئی تھیں ، ان کے والد ریلوے انجینئر تھے۔ پیدائش کے۸؍ ویں ہفتے ہی ڈیانا رگ والدین کے ساتھ برطانوی حکومت کے ماتحت چلنے والے متحدہ ہندوستان منتقل ہوگئیں اور انہوں نے اپنا بچپن وہیں گزارا۔ڈیانا رِگ ۸؍سال تک ہندوستان کی ریاست راجستھان میں رہیں اور ان کے والد نے برطانوی حکومت کی ہدایات پر راجستھان میں ریلوے کے نظام کی بہتری کیلئے کام کیا۔ ۸؍ سال کی عمر کے بعد ڈیانا رِگ کو واپس انگلینڈ بھیج دیا گیا، جہاں انہوں نے تھیٹر و ڈرامے کی تعلیم حاصل کرنے کے بعد نوجوانی میں ابتدائی طور پر تھیٹر سے ہی کریئر کا آغاز کیا۔
  تھیٹر سے کریئر کا آغاز کرنے والی ڈیانا رِگ نے معروف ٹی وی سیریز دی اوینجرز، جاسوس فلم جیمس بانڈ اور شہرہ آفاق ڈرامے گیم آف تھرونس سمیت کئی فلموں ، ڈراموں اور تھیٹرس میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔
 شاندار اداکاری کے باعث ڈیانا رگ نے ایمی اور بافٹا سمیت دیگر ایوارڈس بھی اپنے نام کئے تھے۔طویل العمری کے باعث ڈیانا رگ گزشتہ چند برس سے گھر تک محدود ہوگئی تھیں ، تاہم رواں برس مارچ میں ان میں کینسر کی تشخیص ہوئی تھی اور ان کا علاج گھر پر ہی ہو رہا تھا۔رائٹرس نے اپنی رپورٹ میں ڈیانا رگ کی بیٹی کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ۸۲؍سالہ اداکارہ اپنے گھر میں نیند کے دوران ہی چل بسیں ۔ڈیانا رگ کی بیٹی نے بتایا کہ والدہ سوتے ہوئے خالق حقیقی سے جا ملیں اور انہوں نے زندگی کے آخری ایام بیماری کے باوجود ہنسی خوشی گزارے۔
 ڈیانا رگ نے۱۹۶۰ءسے قبل ہی اداکاری کا آغاز کیا تھا اور انہوں نے معروف جاسوس فلم جیمس بانڈ میں جاسوس سے شادی کرکے جاسوس خاتون کا کردار ادا کیا تھا۔ڈیانا رگ نےگیم آف تھرونس میں اولینا ٹائرل کا کردار ادا کیا تھا، جسے ڈرامے کے اختتام سے قبل ہی ختم کردیا گیا تھا۔ انہوں نے۱۹۶۰ء کے ٹی وی شو دی اوینجرز  سے شہرت حاصل کی تھی اور بعد ازاں اسی نام پر فلمیں بھی بنائی گئیں ۔ڈیانا رگ کو اپنے دور کی خوبرو ترین برطانوی اداکارہ بھی مانا جاتا تھا اور ایک دور تھا جب بڑے بڑے اداکار بھی ان کے آگے پیچھے پھرتے تھے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK