ہالی ووڈ اداکارہ جینا اورٹیگا اپنے ساتھی اداکارہ میلیسا بیریرا سے اظہار یکجہتی کے طور پر ’’اسکریم ۷‘‘ سے علاحدح ہوئی تھیں۔ میلیسا کو فلسطین حامی نظریات کے سبب فلم سے نکال دیا گیا تھا۔
EPAPER
Updated: April 12, 2025, 10:00 PM IST | los angeles
ہالی ووڈ اداکارہ جینا اورٹیگا اپنے ساتھی اداکارہ میلیسا بیریرا سے اظہار یکجہتی کے طور پر ’’اسکریم ۷‘‘ سے علاحدح ہوئی تھیں۔ میلیسا کو فلسطین حامی نظریات کے سبب فلم سے نکال دیا گیا تھا۔
ہالی وو ڈ کی ابھرتی ہوئی اداکارہ جینا اورٹیگا نے مشہور فلم سیریز ’’اسکریم‘‘ کی ساتویں قسط ’’اسکریم ۷‘‘ سے علاحدہ ہونے کی وجہ بتائی ہے۔ ابتداء میں کہا جارہا تھا کہ وہ اس فلم سے تنخواہ اور تاریخیں نے ملنے کی وجہ سے الگ ہورہی ہیں مگر اپنے حالیہ انٹرویو میں انہوں نے فلم کا حصہ نہ بننے کی اصل وجہ بتائی ہے۔ ’’دی کٹ‘‘ کے ساتھ ایک نئے انٹرویو میں، اداکارہ نے واضح کیا ہے کہ ان کی علاحدگی ان کی ساتھی اداکارہ میلیسا بیریرا کی برطرفی سے منسلک تھی، جنہیں فلسطین حامی خیالات کا اظہار کرنے پر فلم سے ہٹا دیا گیا تھا۔ لیکن ابتدائی طور پر، یہ اطلاع دی گئی تھی کہ بیریرا کو شیڈولنگ تنازع کی وجہ سے فلم سے نکالا گیا ہے۔ تاہم، غزہ میں اسرائیلی نسل کشی پر آواز بلند کرنے کے بعد میلیسا کو فلم سے نکالا گیا۔ اس موقع پر ۳۴؍ سالہ میکسیکن اداکار نے اسے اپنی زندگی کا سب سے بڑا چیلنج قرار دیتے ہوئے اعتراف کیا تھا کہ انہیں ایک موقع پر ایسا محسوس ہوا کہ شاید ان کا کریئر ختم ہو گیا ہے۔ انہوں نے اپنے انسٹاگرام پر اسرائیل کی غزہ میں نسل کشی کو واضح انداز میں نسل کشی قرار دیا تھا اور فلسطینیوں کیلئے اظہار یکجہتی کیا تھا۔ اس دوران انہوں نے مغربی میڈیا کے کردار پر بھی تنقید کی تھی۔ انہوں نے اسلامو فوبیا اور دشمنی کے خاتمے کا مطالبہ کرتے ہوئے لکھا تھا کہ ’’ہمیں مزید نفرت کی ضرورت نہیں ہے۔‘‘
ایک دوسرے پوسٹ میں بیریرا نے اپنے پس منظر اور فلسطینی تجربے کے درمیان مماثلتیں بیان کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’’مَیں بھی ایک نوآبادیاتی ملک سے ہوں۔ فلسطین آزاد ہوگا۔‘‘ اس پیغام کو بعد میں اسپائی گلاس میڈیا نے یہود مخالف کا لیبل لگایا اور کچھ ہی دیر بعد ’’اسکریم ۷‘‘ سے میلیسا کو نکال دیا گیا۔ ان کی برطرفی پر مداحوں اور کارکنوں نے برہمی کا اظہار کیا تھا۔ اب اس معاملے پر اورٹیگا نے خاموشی ختم کر دی ہے۔ انٹرٹینمنٹ ویکلی سے بات کرتے ہوئے اورٹیگا نے کہا کہ بیریرا کو نکالنے کے بعد ہماری اصل تخلیقی ٹیم ٹوٹنے لگی۔ اور مجھے محسوس ہوا کہ اب مجھے اس فلم کا حصہ نہیں رہنا چاہئے۔ میری یا بیریرا کی فلم سے علاحدگی کی وجہ تنخواہ یا تاریخیں نہیں تھیں۔ ‘‘ یاد رہے کہ بیریرا کی فلم سے علاحدگی کے ایک دن بعد ہی اورٹیگا بھی اس سے علاحدہ ہوگئی تھیں۔ ہرچند کہ جینا اورٹیگا نے فلسطین سے واضح طور پر اظہار یکجہتی نہیں کیا ہے لیکن فلم سے علاحدگی کی وجوہات اس جانب صاف اشارہ کرتی ہیں۔
خیال رہے کہ اورٹیگا ’’آرٹسٹ فار سیزفائر‘‘ کے دستخط کنندگان میں شامل ہیں۔ یہ ایک کھلا خط ہے جس کی توثیق سیکڑوں فنکاروں نے کی ہے جس میں غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ خط میں شہریوں کے تحفظ اور بین الاقوامی قانون کو برقرار رکھنے کی فوری ضرورت پر زور دیا گیا ہے کیونکہ اسرائیل کی جانب سے محاصرہ شدہ انکلیو پر بمباری جاری ہے۔دریں اثناء، ’’اسکریم ۷‘‘ سے فنکاروں کی مسلسل علاحدگی اس کی ریلیز کو مزید تاخیر کا شکار کررہی ہے۔