بالی ووڈ میں، امرتا سنگھ کا شمار ایسی اداکارہ کےطورپرہوتاہےجنہوں نے ۸۰ء اور ۹۰ءکی دہائی میں اپنی دلکش اداؤں سے شائقین کو بہت محظوظ کیا۔
EPAPER
Updated: February 09, 2025, 11:07 AM IST | Mumabi
بالی ووڈ میں، امرتا سنگھ کا شمار ایسی اداکارہ کےطورپرہوتاہےجنہوں نے ۸۰ء اور ۹۰ءکی دہائی میں اپنی دلکش اداؤں سے شائقین کو بہت محظوظ کیا۔
امرتا کی پیدائش ۹؍ فروری، ۱۹۵۸ء کو ہوئی۔ ۱۹۸۳ء میں انہوں نے اپنےفلمی کریئرکی شروعات کی۔ دھرمیند کی ہدایت میں بنی فلم ’بیتاب ‘ سے انہوں نےاپنا فلمی سفر شروع کیا۔ اس فلم میں ان کے ہیرو سنی دیول تھے۔یہ ان دونوں کی پہلی فلم تھی۔ ناظرین نے سنی اور امرتا سنگھ کی جوڑی کوپسند کیا اور فلم باکس آفس پربھی سپر ہٹ رہی۔ ۱۹۸۴ءمیں امرتا سنگھ کو ایک بار پھر سنی دیول کے ساتھ فلم ’سنی‘میںکام کرنے کا موقع ملا۔ یہ فلم اوسط کامیابی حاصل کرسکی۔ ۱۹۸۵ء میں امرتا نے فلم’صاحب‘ میںانل کپورکےساتھ کام کیا۔اس فلم کاایک نغمہ ’یار بناچین کہاں رے‘ آج بھی سننے والوں کو یادہے۔۱۹۸۵ءمیںریلیز ہونے والی فلم ’مرد‘ امرتا سنگھ کے کریئر کیلئےایک سپر ہٹ فلم ثابت ہوئی۔ منموہن دیسائی کی ہدایت کاری میں بنی فلم میںامرتاکو سپراسٹار امیتابھ بچن کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا۔ ۱۹۸۶ءمیں،امرتا سنگھ کی’نام‘اور’چمیلی کی شادی‘ سپر ہٹ فلمیں رہیں۔ فلم نام میں جہاں امرتا نے سنجیدہ اداکاری کی، وہیں چمیلی کی شادی میںانہوں نے مزاحیہ کردار ادا کیا۔
یہ بھی پڑھئے: ’’مجھے ایک مرتبہ نیویارک ایئرپورٹ پرحراست میں لیا گیا تھا‘‘: نیل نتین مکیش
وہ بہت جلد ہی امیتابھ بچن کی ہیروئن کہلانےلگیںکیونکہ مرد کے بعد دونوں نے کئی فلموں میںایک ساتھ کام کیا۔ ۸۰؍ کی دہائی میں کسی بھی اداکارہ کا امیتابھ بچن کی ہیروئن ہونا بہت بڑی کامیابی سمجھا جاتا تھا۔ انہوں نے امیتابھ کیساتھ طوفان، جادوگر، اور اکیلا جیسی فلموں میں بھی کام کیا۔ساتھ ہی ’نام، چمیلی کی شادی، دنیا، قبضہ، وارث، اور آئینہ ‘ جیسی اہم فلموں میں کام کیا جس میں انہیں انل کپور، متھن چکرورتی سنجے دت، رشی کپور جیکی شراف اور دلیپ کمار تک کے ساتھ انہیں اداکاری کا موقع ملا۔۱۹۹۳ء کی فلم’ آئینہ‘ ا مرتاکی شاندار فلموں میں شامل ہوگئی۔ اس فلم میں امرتا کا کردار جزوی طورپر گرے شیڈ لئے ہوئے تھا۔اس فلم کیلئے انہیں بہترین معاون اداکارہ کا فلم فیئر ایوارڈ دیا گیا۔ ۱۹۹۱ء میں انہوں نے سیف علی خان کے ساتھ شادی کر لی جو ان سے عمر میں ۶؍ سال چھوٹےتھے۔ اس کے بعد بھی فلموں میں کام جاری رکھا۔ ۹۰ء کی دہائی میں انہوں نے ’رنگ، کل کی آواز اور دل آشنا ہے ‘ جیسی فلموں میں اہم کردار ادا کئے۔ لیکن دھیرے دھیرے وہ فلموں سے غائب ہو گئیں۔ سیف علی خان سے انہیں دو بچےہیں۔ لڑکی کا نام سارہ علی خان ہے جبکہ لڑکا ابراہیم علی خان ہے۔ آج سارہ علی خان بھی ہندی فلموں کا اہم نام بن چکی ہیں جبکہ ابراہیم بھی فلموں میں کام کررہے ہیں۔
۲۰۰۴ء میں امرتاسنگھ اور سیف علی خان میں طلاق ہو گیا۔ اس کے بعد امرتا سنگھ نے دوبارہ فلموں میں کام کرنا شروع کیا۔ وہ ’شہید ، دس کہانیاں، او ر شوٹ آئوٹ ایٹ لوکھنڈ والا ‘ جیسی فلموں میں نظر آئیں۔ آخری بار امرتاسنگھ نے ۲۰۱۷ء میں ’ہندی میڈیم‘ نامی فلم میں کام کیا تھا۔