• Fri, 20 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

عرفان خان کی آنکھیں بھی اداکاری کرتی تھیں

Updated: April 30, 2022, 1:34 PM IST | Agency | Mumbai

عرفان خان نے اپنی زبردست اداکاری سے نہ صرف بالی ووڈ بلکہ ہالی ووڈ میں بھی اپنے ہنر کا جوہر دکھایا۔

Irrfan khan.Picture:INN
عرفان خان۔ تصویر: آئی این این

عرفان خان نے اپنی زبردست اداکاری سے نہ صرف بالی ووڈ بلکہ ہالی ووڈ میں بھی اپنے ہنر کا جوہر دکھایا۔عرفان خان کا شمار ان لوگوں میں ہوتا ہے جنہوں نے اپنا مقدر خود ہی بنایا  اور  اپنی صلاحیت کا لوہا منوایا ۔ عرفان کی پیدائش  راجستھان کے جےپور کے آمیر اوڑ علاقے  کے ایک عام سے کنبے میں۷؍ جنوری۱۹۶۷ء کو ہوئی تھی۔ان کے والد کی ایک ٹائر پنچر بنانے کی دکان تھی۔عرفان خان گھر میں بڑے بیٹے تھے تو ذمہ داریاں بھی زیادہ تھیں۔گھروالوںکو امید تھی کہ عرفان جلد برسرروزگار ہوجائے گا،لیکن ایسا نہیں ہوا۔بچپن کے دنوں میں عرفان خان کرکٹر بننا چاہتے تھے لیکن خاندان کی اجازت نہ ملنے کی وجہ سے انہیں  اپنی خواہش کو مارنا پڑا۔وہ بچپن  میں اچھے کرکٹر بھی تھے  اور سی کے نائیڈو ٹرافی میں ان کا سلیکشن بھی ہوگیا تھا۔ عرفان جب گریجویشن کررہے تھے،اسی وقت ان کی توجہ ایکٹنگ کی طرف ہوئی۔پہلے کچھ نئے اداکاروں کے ساتھ وہ اداکاری سیکھنے کی کوشش کرنے لگے۔پھر ان کی ملاقات نیشنل اسکول آف ڈرامہ (این ایس ڈی)کے ایک شخص سے ہوئی۔وہ کالجوں میں جاکر ڈرامہ کیا کرتے تھے۔عرفان بھی ان کے ساتھ ان کی ٹیم میں شامل ہوگئے اور طلبہ کے ساتھ کوریڈور میں،کلاس روم میں اور کینٹین میں ڈرامہ کرتے ہوئے ہی ایکٹنگ کرنے میں ماہر ہوگئے اوراسی سمت میں کریئربنانے کےلئے سنجیدہ بھی ہوئے۔ عرفا ن نے جب دہلی کے نیشنل اسکول آف ڈرامہ میں ایکٹنگ کے کورس کےلئے ایڈمشن لیا تو تھوڑے ہی وقت بعد ان کے والد کا انتقال ہوگیا۔ایسے میں عرفان کو گھر سے ملنے والی مالی مدد بند ہوگئی اور کچھ سہارا ان کو ملنے والی اسکالرشپ نے دیا اور ان کی ایک  کلاس میٹ ستاپا سکدر نے بھی ان کی کافی مدد کی۔کورس پورا ہونے کے بعد عرفان ستاپا کے ساتھ ممبئی آگئے اور بعد میں دونوں نے نکاح کرلیا۔عرفان خان کے کریئر کی شروعات ٹیلی ویژن شو سے ہوئی تھی۔اپنے شروعات کے دنوں میں وہ چانکیے،بھارت ایک کھوج،چندر کانتا جیسے شوز میں نظر آئے۔انہوں نے اپنے سنے کریئر کی شروعات ۱۹۸۸ءمیں ریلیز ہوئی میرا نائر کی فلم ’سلام بامبے‘ سے ایک چھوٹے سے رول سے کی تھی۔۱۹۹۰ءمیں ریلیز فلم ’ایک ڈاکٹر کی موت‘ سے عرفان اپنی پہچان بنانے میں کامیاب ہوگئے۔ پھر رفتہ رفتہ انہیں کام ملنے لگا۔دیکھتے ہی دیکھتے ایک دہائی کا سفر گزر گیا لیکن انہیں اسٹارڈم نہیں ملا۔۲۰۰۱ءمیں عرفان کی فلم دی واریئر اور قصور ریلیز ہوئی جو کامیاب رہیں۔ اس کے بعد ۲۰۰۳ء میں عرفان خان کی فلم حاصل ریلیز ہوئی اور اس کے ٹھیک بعد مقبول۔ان دونوں فلموں نے انہیں وہ شہرت دلائی جس کے وہ حق دار تھے اور ان دونوں ہی فلموں کے بعد ان کے کریئر نے اچانک رفتار پکڑ لی۔۲۰۰۷ء میں ریلیز فلم ’لائف ان اے میٹرو‘ اور دی نیمسیک  میں عرفان خان نے زبردست اداکاری کی اور شائقین کا دل جیت لیا۔ عرفا ن خان نے نہ صرف بالی ووڈ بلکہ ہالی ووڈ کی کئی فلموں میں بھی کام کیا اور اپنی اداکاری کا لوہا منوایا۔۲۰۰۸ء میں ریلیز سپر ہٹ ہالی ووڈ فلم سلم ڈاگ ملیینئر میں عرفان خان نے زبردست رول ادا کیا تھا۔اس کے علاوہ انہوں نے ہالی ووڈ  فلم دی امیزنگ اسپائڈر مین ،جوراسک ورلڈ،انفرنو،اے مائیٹی ہارٹ،سینی کوڈو وغیرہ فلموں میں بھی کام کیا۔۲۰۱۶ء میں ریلیز ہوئی ہالی ووڈ فلم دی جنگل بک میں عرفان نے اپنی آواز بھی دی۔ہالی ووڈ کے مشہور ادا کار ٹام ہینکس کو یہ کہنے کےلئے مجبور ہوناپڑا کہ عرفان خان کی آنکھیں بھی اداکاری کرتی تھیں۔
 سال۲۰۱۱میں ہندوستانی حکومت نے عرفان خان کو پدم شری سے نوازا ۔۲۰۱۲ء میں انہیں فلم پان سنگھ تومر میں اداکاری کےلئے بہترین اداکار کا نیشنل ایوارڈ دیاگیا۔۲۰۱۲ء میں آنگلی کی فلم  لائف آف پائی میں کام کرنے کا موقع ملا۔یہ فلم پوری دنیا میں سپرہٹ ہوئی۔اس کے بعد عرفان نے ۲۰۱۳ء میں ریلیز ہوئی سپرہٹ فلم دی لنچ باکس میں بھی کام کیا۔۲۰۰۴ءمیں انہیں فلم حاصل کیلئے بہترین ویلن کا فلم فیئرایوارڈ بھی ملا۔۲۰۰۸ء میں فلم لائن ان اے میٹرو کے لئے فلم فیئر  کے بہترین معاون اداکار  کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔اس کے بعد انہیں فلم ہندی میڈیم کیلئےبھی  بہترین اداکار کا فلم فیئر ایوارڈ ملا۔
 عرفان خان نے اپنے سنے کریئر  میں تقریباً۹۰؍ فلموں میں کام کیا۔ ان کے کریئر کی بہترین فلموں میں گناہ،فٹ پاتھ،آن:مین ایٹ ورک، چاکلیٹ،روگ،ساڑھے سات پھیرے، سنڈے ،کریزی فور، بلیو، جذبہ، پیکو،یہ سالی زندگی،تھینکیو ،رائٹ یا رانگ،حصہ ،ناک آؤٹ،ایسڈ فیکٹری،نیویورک،صاحب بی بی اور گینگسٹر ریٹرنس ،ڈی ڈے، غنڈے، حیدر، تلوار،مداری،انگریزی میڈیم  اور ہندی میڈیم وغیرہ شامل ہیں۔  مختصر ترین کرداروں میں بھی اپنی اداکاری کے جوہر دکھانے والے  عرفان خان ۲۹؍ اپریل۲۰۲۰ء میں اس دنیا کو الوداع کہہ گئے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK