اسرائیلی چیف آف اسٹاف نے فوج کو غزہ اور لبنان میں مسلسل حملوں کیلئے منصوبہ بندی کرنے کا بھی حکم دیا۔ ان کا بیان، غزہ میں جنگ بندی اور قیدیوں کے تبادلہ کے صرف ایک دن بعد سامنے آیا ہے۔
EPAPER
Updated: January 21, 2025, 7:48 PM IST | Inquilab News Network | Tel Aviv
اسرائیلی چیف آف اسٹاف نے فوج کو غزہ اور لبنان میں مسلسل حملوں کیلئے منصوبہ بندی کرنے کا بھی حکم دیا۔ ان کا بیان، غزہ میں جنگ بندی اور قیدیوں کے تبادلہ کے صرف ایک دن بعد سامنے آیا ہے۔
غزہ میں جنگ بندی معاہدے کے نفاذ کے صرف ایک دن بعد ہی اسرائیل نے فلسطینی مقبوضہ علاقہ میں بڑے پیمانے پر کارروائی کرنے کا اشارہ دیا ہے۔ اسرائیلی چیف آف اسٹاف ہرزی ہیلوی نے فوج کو مقبوضہ مغربی کنارے میں بڑے پیمانے پر حملوں کیلئے تیار رہنے کی ہدایت دی ہے۔ ہیلوی نے پیر کو ایک بیان میں کہا، غزہ میں بہتر دفاعی تیاریوں کے ساتھ، ہمیں آنے والے دنوں میں یہودیہ اور سامریہ (مغربی کنارے) میں اہم کارروائیوں کیلئے تیار رہنا چاہئے۔ فوج نے کہا کہ ہیلوی نے فلسطینی علاقوں کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد مذکورہ تبصرہ کیا ہے۔ بیان کے مطابق، چیف آف اسٹاف نے فوج کو غزہ اور لبنان میں مسلسل حملوں کیلئے منصوبہ بندی کرنے کا بھی حکم دیا۔
یہ بھی پڑھئے: غزہ: حماس کی مسلح ونگ القسام کی اسرائیل کو امن معاہدے کی خلاف ورزی پر دھمکی
ہیلوی کے مطابق، اس کا مقصد فلسطینی جنگجوؤں کو روکنا اور انہیں گرفتار کرنا ہے۔ ہیلوی نے اپنے بیان میں ان حملوں کے مقامات کی وضاحت نہیں کی۔ رپورٹس کے مطابق، حالیہ برسوں میں زیادہ تر اسرائیلی سرگرمیاں، مغربی کنارے کے شمالی حصہ پر مرکوز رہی ہیں۔ چیف آف اسٹاف اور فوج کےبیانات، غزہ میں اتوار سے نافذ ہوئی جنگ بندی اور قیدیوں کے تبادلہ کے صرف ایک دن بعد سامنے آئے ہیں۔ جنگ بندی کے معاہدے کے بعد غزہ میں اسرائیل کی نسل کشی پر مبنی جنگی کارروائیاں تھم گئی ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: مزاحمت بمقابلہ وحشیانہ قبضہ: قیدیوں کے ساتھ بدسلوکی پر حماس کی اسرائیل پر تنقید
واضح رہے کہ غزہ میں اسرائیل کی جنگی کارروائیوں کا آغاز اکتوبر ۲۰۲۳ء سے ہوا تھا۔ گزشتہ سال، نومبر ۲۰۲۳ء میں بین الاقوامی فوجداری عدالت (آئی سی سی) نے غزہ میں جنگی جرائم اور انسانیت مخالف جرائم کے الزام میں اسرائیلی وزیر اعظم بنجامن نیتن یاہو اور سابق وزیر دفاع یوو گیلنٹ کے وارنٹ گرفتاری جاری کئے تھے۔ غزہ میں اپنی وحشیانہ جنگی کارروائیوں کیلئے اسرائیل عالمی عدالت انصاف (ائی سی جے) میں نسل کشی کے مقدمہ کا سامنا کررہا ہے۔ غزہ کی وزارتِ صحت کی رپورٹس کے مطابق، اسرائیلی حملوں میں ۴۷ ہزار سے زائد فلسطینی شہری جاں بحق ہوئے ہیں۔ برطانوی طبی جریدے دی لانسیٹ میں شائع ہوئی ایک آزاد تحقیق میں تقریباً ۲ لاکھ فلسطینیوں کی اموات کا اندازہ لگایا گیا ہے۔