معروف نغمہ نگار جاوید اختر نے حال ہی میں ایک پوسٹ جاری کیا کہ وہ معظم علی خان کے ساتھ کام کرنے کے خواہشمند ہیں۔ انہوں نے فالوورز سے پوچھا کہ وہ ان سے رابطہ کیسے کرسکتے ہیں!
EPAPER
Updated: March 15, 2025, 7:34 PM IST | Mumbai
معروف نغمہ نگار جاوید اختر نے حال ہی میں ایک پوسٹ جاری کیا کہ وہ معظم علی خان کے ساتھ کام کرنے کے خواہشمند ہیں۔ انہوں نے فالوورز سے پوچھا کہ وہ ان سے رابطہ کیسے کرسکتے ہیں!
بالی ووڈ کے معروف نغمہ نگار اور اسکرپٹ رائٹر جاوید اختر ایک پاکستانی گلوکار کا پرفارمنس آن لائن دیکھ کر ان کے شیدائی ہوگئے۔ اس لمحے سے لطف اندوز ہونے کے بجائے جاوید اختر نے سوشل میڈیا کا سہارا لیا اور صارفین سے کہا کہ وہ اس گلوکار کو تلاش کریں۔ ۱۴؍ مارچ کو جاوید اختر نے اپنے فالوورز سے درخواست کی ’’کیا کوئی اس شخص کا رابطہ شیئر کرسکتا ہے تاکہ میں ان کے ساتھ کام کرسکوں!‘‘ ایکس پر جاوید اختر نے لکھا کہ ’’ابھی میں نے یوٹیوب پر معظم صاحب کو `’’یہ نین ڈرے ڈرے‘‘ گاتے سنا۔ کیا آپ ان کا رابطہ نمبر دے سکتے ہیں؟ اگر وہ ہمارے لئے چند گانے گائیں تو میں شکر گزار ہوں گا۔‘‘
جب سے یہ پوسٹ وائرل ہوا ہے، انٹرنیٹ پر قیاس آرائیوں کی بھرمار ہے۔ صارفین کی اکثریت نے مشورہ دیا کہ نغمہ نگار ممکنہ طور پر پاکستانی گلوکار معظم علی خان کا حوالہ دے رہے ہیں جو کلاسک گانوں کیلئے مشہور ہیں۔ کچھ لوگوں نے مشہور ہندوستانی غزل گائیک جگجیت سنگھ سے ان کا موازنہ بھی کیا۔ واضح رہے کہ گلوکار معظم علی خان کی اکثر انسٹاگرام اور یوٹیوب پر اپنے پرفارمنس کے کلپس پوسٹ کرتے رہتے ہیں۔ انہوں نے حال ہی میں ہیمنت کمار کا نغمہ ’’یہ نین ڈرے ڈرے‘‘ گایا ہے۔ ان کی گلوکاری کی ایک دنیا دیوانی ہے جن میں بالی ووڈ کی بڑی شخصیات جیسے رتیک روشن، بینا کاک، اور گلوکارہ ریکھا بھردواج بھی شامل ہیں۔