Inquilab Logo Happiest Places to Work

جیا بچن نے اداکاری کے علاوہ دیگر شعبوں میں بھی نام کمایا

Updated: April 17, 2025, 9:37 PM IST | Mumbai

جیا بچن ایک ایسی اداکارہ کے طور پر یاد کی جاتی ہیں جنہوں نے ہر شعبےمیں ایک اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہےپھر چاہے وہ اداکاری ہو،سیاست ہویاگھریلو معاملات۔جیا بچن اداکارہ کے ساتھ سیاست دان بھی ہیں جوسماجوادی پارٹی کے ٹکٹ پر۴؍مرتبہ راجیہ سبھا کی رکن رہ چکی ہیں۔

Jaya Bachchan. Photo: INN
جیا بچن۔ تصویر: آئی این این

 جیابچن ایک ایسی اداکارہ کے طور پر یاد کی جاتی ہیں جنہوں نے ہر شعبےمیں ایک اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہےپھر چاہے وہ اداکاری ہو،سیاست ہویاگھریلو معاملات۔جیا بچن اداکارہ کے ساتھ سیاست دان بھی ہیں جوسماجوادی پارٹی کے ٹکٹ پر۴؍مرتبہ راجیہ سبھا کی رکن رہ چکی ہیں۔وہ ۲۰۰۴ء میں پہلی مرتبہ راجیہ سبھا کی رکن بنی تھیں۔انہوں نےفلم اینڈ ٹیلی ویژن انسٹی ٹیوٹ آف انڈیا سے اداکاری کی باقاعدہ تربیت حاصل کی ہے۔
جیا بچن کاتعلق بنگالی گھرانے سے ہے۔ وہ ۹؍اپریل ۱۹۴۸ء کو جبل پور میں اندرا اور ترن کمار کے گھر پیداہوئیں۔ان کے والدجبل پورمیں مصنف، صحافی اور اسٹیج  اداکار تھے۔جیا نے اپنی ابتدائی تعلیم بھوپال کے سینٹ جوزف کانونٹ اسکول سے حاصل کی۔
 جیابچن نےاپنے فلمی سفر کا آغاز ستیہ جیت رے کی بنگالی فلم مہانگرسے ۱۵؍سال کی عمر میں کیا۔ ۱۹۷۱ءمیںبنگالی مزاحیہ فلم دھنی میے جیا بچن کے ابتدائی کامیاب فلموں میں سے ایک ہے۔
انہوں نے بطور ہیروئن ۱۹۷۱ء میںرشی کیش مکھرجی کی فلم گڈی میںمرکزی کردار کیا۔ فلم گڈی میں انہوںنےایک اسکول کی لڑکی کا کردار اداکیا تھاجو فلم اداکار دھرمیندر کی دیوانی تھی۔اس کے بعد انہیں فلم’اپہار‘ (۱۹۷۱ء)، کوشش (۱۹۷۲ء) اور کورا کاغذ (۱۹۷۴ء) جیسی فلموںکیلئےسراہاگیا۔اس کے علاوہ انہوں نےکئی کامیاب ہندی فلموں جیسے جوانی دیوانی، کوشش، انامیکا، پیا کا گھر اور باورچی میں بھی اداکاری کی۔ انہوں نے امیتابھ بچن کے ساتھ بھی کئی فلموں میں کام کیا جن میں ’زنجیر‘ (۱۹۷۳ء)، ’ابھیمان‘(۱۹۷۳ء)، ’چپکے چپکے‘ (۱۹۷۵ء)  اور مشہور فلم’شعلے‘(۱۹۷۵ء) شامل ہیں ۔
ان کی بیٹی شویتا کی پیدائش اس وقت ہوئی جب امیتابھ اور جیا فلم شعلے میں کام کر رہے تھے۔اس کے بعد جیا بچن نے اداکاری سے کنارہ کشی اختیار کرلی اور اپنےبچوں کی پرورش میں مصروف ہو گئیں۔ان کی بطور اہم اداکارہ آخری فلم سلسلہ(۱۹۸۱ء)کو قرار دیا جاتا ہے جس میں انھوں نےامیتابھ کے ساتھ اداکاری کی(حیرت انگیزطورپرسلسلہ ایک ناکام فلم ثابت ہوئی)۔ اس کے بعد وہ کسی فلم میں ہیروئن کے طور پر نظر نہیں آئیں حالانکہ اس کے بعد کیرکٹر ایکٹر کے طور پر کئی فلموں میں اہم کردار ادا کئے اور خوب داد وتحسین کے ساتھ کئی ایوارڈ بھی حاصل کیئے۔
جیابچن نے ۹؍مرتبہ فلم فیئر ایوارڈ حاصل کیا ہے جن میں پہلا ایوارڈ ۱۹۷۲ء میں فلم اپہار کیلئے تھا جو ایک خصوصی ایوارڈ تھا۔اس کے علاوہ بہترین اداکارہ کا ایوارڈ ۱۹۷۴ء میں فلم ابھیمان کیلئے،۱۹۸۰ء میں فلم ’نوکر کیلئے دیاگیا۔اس کے علاوہ ۱۹۹۸ء میں فلم’ہزار چوراسی کی ماں‘کیلئے خصوصی ایوارڈ دیا گیا۔ اس کے بعد بیسٹ سپورٹنگ ایکٹریس کاایوارڈ ۲۰۰۱ء میں فلم ’فضا‘،۲۰۰۲ء میں کبھی خوشی کبھی غم اور۲۰۰۴ء میں کل ہو نہ ہو کیلئے جبکہ انہیں ۲۰۰۷ء میں لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ دیا گیا۔فلم فضا، کبھی خوشی کبھی غم اور کل ہو نہ ہو کیلئے انہیں انٹرنیشنل انڈین فلم اکیڈمی ایوارڈ بھی دیا گیا۔ اس کے علاوہ انہیں ۱۹۹۲ء میں حکومت ہند کا چوتھا سب سے بڑا شہری اعزاز ’پدم شری‘ بھی دیا جاچکاہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK