• Tue, 17 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

جونیئر این ٹی آر اپنے ایک مداح کے خاندان کا خیال ۱۱؍ سال سے رکھ رہے ہیں

Updated: August 29, 2024, 8:24 PM IST | Mumbai

جونیئر این ٹی آر کا شمار ملک کے بہترین اور مشہور اداکاروں میں ہوتا ہے۔ وہ اپنے ایک فوت ہوجانے والے مداح کے خاندان کا خیال گزشتہ ۱۱؍ سال سے رکھ رہے ہیں۔ جونیئر این ٹی آر کی شادی میں ۱۵؍ ہزار افراد نے شرکت کی تھی جن میں سے ۱۲؍ ہزار اُن کے مداح تھے۔ جونیئر این ٹی آر فی الحال اپنی آنے والی فلم ’’دیورا‘‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں جو ۲۷؍ ستمبر کو ریلیز ہوگی۔

Junior NTR. Photo: INN
جونیئر این ٹی آر۔ تصویر: آئی این این

اکثر و بیشتر خبریں آتی ہیں کہ جنوبی ہند میں مندروں کو وہاں کے اداکاروں سے موسوم کیا جاتا ہے۔ مداح اپنے پسندیدہ اداکار کی ایک جھلک پانے کیلئے کسی بھی حد تک جاتے ہیں۔ جنوبی ہند کے اداکار اپنے مداحوںکے ساتھ اچھی طرح پیش آنے کیلئے جانے جاتے ہیں۔ ایسے ہی ایک اداکار جونیئر این ٹی آر ہیں جو جنوبی ہند کے سپر اسٹار ہیں۔ لیکن ایس ایس راجہ مولی کی ’’آر آر آر‘‘ نے انہیں پورے ہندوستان کا اسٹار بنادیا ہے۔ اداکار کے پرستار ان کی آن اسکرین شخصیت کو پسند کرتے ہیں۔ لیکن آف اسکرین ان کی عاجزی نے سبھی کا جیت لیا ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے: رتیک روشن ’’لارڈ آف دی رنگز‘‘ میں نظر آسکتے ہیں

رپورٹس کے مطابق جونیئر این ٹی آر کے پرستاروں کی ایک بڑی تعداد نے ۲۰۱۳ء میں بادشاہ کے نغمہ کی لانچنگ تقریب میں شرکت کی تھی۔ بہت زیادہ پرجوش ہجوم میں اچانک بھگدڑ مچ گئی تھی جس میں ایک مداح کی موت ہوگئی۔ اس واقعہ نے جونیئر این ٹی آر کو اس قدر متاثر کیا کہ انہوں نے متوفی کے اہل خانہ سے ملاقات کی، انہیں ۵؍ لاکھ روپے دیئے، اور ان کی دیکھ بھال کا وعدہ کیا۔ اس بات کو ۱۱؍ سال بیت گئے ہیں مگر جونیئر این آر آج بھی اس خاندان کی دیکھ بھال کررہے ہیں۔ 
ایسا ہی ایک اور حیران کن واقعہ ۲۰۰۴ء میں فلم ’’آندھرا والا‘‘ کے میوزک لانچ ایونٹ کے دوران پیش آیا تھا۔ فلم میں جونیئر این ٹی آر نے مرکزی کردار ادا کیا تھا۔ اس تقریب میں ۱۰؍ لاکھ لوگوں نے شرکت کی تھی۔ ہجوم کو دیکھ کر ہر کوئی حیران رہ گیا تھا۔ حکومت کو بھیڑ پر قابو پانے کیلئے ۹؍ خصوصی ٹرینیں چلانی پڑی تھیں۔ جونیئر این ٹی آر کی شادی میں ۱۵؍ ہزار افراد کو دعوت دی گئی تھی۔ رپورٹس کے مطابق ان میں سے ۱۲؍ ہزار ان کے مداح تھے۔ 
واضح رہے کہ جونیئر این ٹی آر فی الحال اپنی آنے والی فلم ’’دیورا: پارٹ وَن‘‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔ کوراتلا شیوا نے تیلگو زبان کی اس آنے والی ایکشن ڈراما فلم کو لکھا اور اس کی ہدایتکاری کے فرائض انجام دیئے ہیں۔ اس فلم میں سیف علی خان، جھانوی کپور، پرکاش راج، سری کانت، شائن ٹام چاکو، اور نارائن بھی نظر آئیں گے۔ یہ فلم ۲۷؍ ستمبر کو سینما گھروں میں ریلیز ہوگی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK