Inquilab Logo Happiest Places to Work
Ramzan 2025 Ramzan 2025

کنگنا رناوت اداکاری سے زیادہ تنازعات سے سرخیوں میں رہیں

Updated: March 23, 2025, 11:22 AM IST | Mumbai

کنگنا رناؤت کا خواب ہمیشہ سے ڈاکٹر بننے کا تھا، لیکن قسمت نے انہیں فلمی دنیا میں پہنچا دیا۔

Unique style queen Kangana Ranaut. Photo: INN.
منفرد انداز کی کوئین کنگنا رناوت۔ تصویر: آئی این این۔

کنگنا رناوت کا شماربالی ووڈ کی ان چند اداکاراؤں میں ہوتا ہے جنہوں نےاپنی محنت، لگن اور بے باک اندازکے بدولت نہ صرف کامیابی حاصل کی بلکہ انڈسٹری میں اپنا الگ مقام بھی بنایا۔ وہ ایک ایسی اداکارہ ہیں جنہوں نے بغیر کسی فلمی پس منظر کے، محض اپنی صلاحیتوں کے بل بوتے پر بالی ووڈ میں قدم جمایا اور اپنی منفرد اداکاری سے سب کو متاثر کیا۔ 
کنگنا رناوت ۲۳؍مارچ ۱۹۸۷ءکو ہماچل پردیش کے ایک چھوٹے سے قصبے بھمبلا (موجودہ نام: سرنجی) میں پیدا ہوئیں۔ ان کا تعلق ایک راجپوت خاندان سے ہے، جہاں ان کے والد ایک بزنس مین اور والدہ ایک اسکول ٹیچر تھیں۔ کنگنا کا خواب ہمیشہ سے ڈاکٹر بننے کا تھا، لیکن قسمت نے انہیں فلمی دنیا میں پہنچا دیا۔ 
۱۷؍سال کی عمر میں انہوں نے دہلی کا رخ کیا اور ماڈلنگ میں قسمت آزمائی، لیکن جلد ہی انہیں احساس ہوا کہ ماڈلنگ ان کے لیے موزوں نہیں۔ بعد میں وہ آصف علی اسکول آف ڈرامہ میں شامل ہو گئیں، جہاں انہوں نے اداکاری کی تربیت حاصل کی۔ اسی دوران، وہ تھیٹرسے بھی منسلک ہوئیں اور مختلف اسٹیج ڈراموں میں کام کیا۔ 
۲۰۰۵ءمیں ممبئی آنے کے بعد ان کی ملاقات ہدایت کار مہیش بھٹ سے ہوئی، جنہوں نے انہیں انو راگ باسو کی فلم ’گینگسٹر‘ (۲۰۰۶ء)میں موقع دیا۔ یہ فلم کامیاب رہی اور کنگنا نے بہترین ڈیبیو کے لیے فلم فیئر ایوارڈ بھی جیتا۔ 
کنگنا کی چند مشہور فلموں میں گینگسٹر(۲۰۰۶ء)، فیشن (۲۰۰۸)، تنو ویڈز منو اور تنو ویڈز منو ریٹرن، کوئین (۲۰۱۴ء) اور تھلائیوی شامل ہیں۔ واضح رہے کہ’گینگسٹر‘ کنگنا کی پہلی فلم تھی، جس میں ان کی سنجیدہ اور جذباتی اداکاری کو بے حد سراہا گیا۔ یہ فلم ان کے کیریئر کے لیے ایک بہترین آغاز ثابت ہوئی۔ مدھر بھنڈارکرکی ’فیشن‘ میں انہوں نےایک ڈپریشن زدہ ماڈل کا کردار ادا کیا، جسے ناظرین اور ناقدین نے بے حد پسند کیا۔ اس فلم کے لیے بہترین معاون اداکارہ کا نیشنل فلم ایوارڈ انہیں دیا گیا۔ اسی طرح رومانٹک کامیڈی فلم ’تنو ویڈز منو‘ میں کنگناکے زندہ دل کردار نے شائقین کو بہت متاثر کیا۔ اس کے سیکوئل ’تنو ویڈز منو ریٹرنز‘میں انہوں نے دوہرا کردار ادا کیا، جس کے لیے انہیں بہترین اداکارہ کا نیشنل فلم ایوارڈ بھی ملا۔ فلم’کوئین‘کنگنا کےکریئر میں سنگِ میل ثابت ہوئی۔ ’کوئین‘میں انہوں نے رانی مہرا نامی ایک سادہ لڑکی کا کردار ادا کیا، جو دلہن بننے سےپہلے ہی دھوکہ کھا کر یورپ کے سفر پراکیلے ہی نکل جاتی ہے۔ فلم نے نیشنل فلم ایوارڈ اور فلم فیئر ایوارڈ سمیت کئی اعزازات جیتے۔ فلم’ تھلائیوی‘ تمل ناڈو کی سابق وزیر اعلیٰ جے للتاکی زندگی پر مبنی تھی، جس میں کنگنا نے مرکزی کردار ادا کیا۔ ان کی زبردست اداکاری کے لیے انہیں کافی پذیرائی ملی۔ 
کنگنا رناوت صرف اپنی فلموں کی وجہ سے ہی نہیں، بلکہ بے باک اورنڈر بیانات کی وجہ سے بھی مشہور ہیں۔ وہ بالی ووڈ میں اقربا پروری (نیپوٹزم)پرکھل کر تنقید کرتی رہی ہیں اور انہوں نے کئی بار بڑےفلمسازوں جیسے کرن جوہر، عالیہ بھٹ اور سلمان خان کے خلاف بیانات دیے۔ کنگنا کےکچھ مشہور تنازعات میں کرن جوہرکو ’فلم مافیا‘ کہنا اور نیپوٹزم پر بحث شروع کرنا۔ مہیش بھٹ اور ریتک روشن کے ساتھ تنازعہ۔ شیوشینا حکومت اور ممبئی پولیس کے خلاف سخت بیانات دینا شامل ہیں جس کی وجہ سے وہ پریشانیوں میں گھر چکی ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK