• Sat, 23 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

کنڑ شارٹ فلم’’سن فلاورز ویر دی فرسٹ ونز ٹو نو‘‘ آسکر ۲۰۲۵ء کیلئے کوالیفائی

Updated: November 09, 2024, 2:58 PM IST | New Delhi

فلم اینڈ ٹیلی ویژن انسٹی ٹیوٹ آف انڈیا، پونے کے ذریعہ تیار کی گئی یہ شارٹ فلم بین الاقوامی اسٹیج پر ناظرین کو متاثر کرنے میں کامیاب رہی ہے۔

Photo: X
تصویر: ایکس

کنڑ شارٹ فلم "سن فلاورز ویر دی فرسٹ ونز ٹو نو" نے لائیو ایکشن شارٹ فلم کے زمرے میں آسکر ۲۰۲۵ء کے لئے باضابطہ طور پر کوالیفائی کر لیا ہے۔ 
چدانند ایس نائک کی ہدایت کاری میں ۱۶ منٹ کی یہ شارٹ فلم ہندوستانی لوک کہانیوں اور روایات سے متاثر ہوکر بنائی گئی ہے۔ سورج ٹھاکر نے فلم کی سنیماٹوگرافی کی ہے جبکہ ایڈیٹنگ اور ساؤنڈ ڈیزائن بالترتیب منوج وی اور ابھیشیک کدم نے انجام دی ہے۔ 
یہ شارٹ فلم، فلم اینڈ ٹیلی ویژن انسٹی ٹیوٹ آف انڈیا (ایف ٹی آئی آئی)، پونے کے ذریعہ تیار کی گئی ہے جہاں چدانند نے تعلیم حاصل کی۔ شارٹ فلم بین الاقوامی اسٹیج پر ناظرین کو متاثر کرنے میں کامیاب رہی ہے۔ سالِ رواں کے آغاز میں منعقد ہوئے کانز فلم فیسٹیول کے لا سینیف سلیکشن میں "سن فلاورز ویر دی فرسٹ ونز ٹو نو" نے اول انعام حاصل کیا تھا۔ کانز میں لا سینیف جیوری نے فلم کی کہانی سنانے کے انداز اور ہدایت کاری کی تعریف کرتے ہوئے ایک روشنی قرار دیاتھا جو رات کی گہرائیوں سے نکلی ہیں اور مزاح اور اچھی ہدایتکاری سے مزین ہے۔ 
ایک پریس بیان میں چدانند نے بتایا کہ یہ کہانی سنانا ان کی زندگی بھر کا خواب رہا ہے۔ ان کے مطابق، ہم ناظرین کیلئے ایسا تجربہ تیار کرنا چاہتے تھے جس میں وہ کہانی کو سننے کے ساتھ صحیح معنوں میں کہانی میں جی بھی سکیں۔ میرا خیال ہے کہ دنیا بھر کے ناظرین اسے محسوس کریں گے۔ 
اس شارٹ فلم کی کہانی ایک معمر عورت کے گرد گھومتی ہے جو گاؤں کے مرغ کو چرا لیتی ہیں جس کے بعد گاؤں میں سورج طلوع نہیں ہوتا۔ توازن قائم کرنے کیلئے پیشینگوئی کا سہارا لیا جاتا ہے جس کے نتیجہ میں معمر خاتون کو جلاوطنی کی سزا دی جاتی ہے اور اس کا خاندان مرغ کو ڈھونڈتا ہے۔ اس فلم کی مکمل شوٹنگ فلم رات میں کی گئی ہے جو ہندوستانی سرزمین کا عمدہ تجربہ پیش کرتی ہے۔ فلم نے بنگلور انٹرنیشنل شارٹ فلم فیسٹیول میں بیسٹ انڈین کمپیٹیشن کا ایوارڈ سمیت فلمی سرکٹ میں خوب پذیرائی حاصل کی ہے۔ اب، یہ فلم آسکرز میں دنیا کی بہترین مختصر فلموں کے ساتھ مقابلہ کرنے کے لئے تیار ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK