• Sat, 21 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

کرینہ کپور نے اپنی دلکش ادائوں سے ناظرین کو اپنادیوانہ بنایا

Updated: September 21, 2024, 11:39 AM IST | Agency | Mumbai

بالی ووڈ میں کرینہ کپور ایک ایسی اداکارہ تسلیم کی جاتی ہیں جنہوں نے اداکاراؤں کو فلموں میں روایتی طور پر پیش کئےجانے کے طریقوں کو تبدیل کرتے ہوئے اپنی بیباک اداکاری سے ناظرین کے درمیان اپنی خاص شناخت بنائی۔

Kareena Kapoor has done all kinds of roles. Photo: INN
کرینہ کپور ہر طرح کے کردار نبھا چکی ہیں۔ تصویر : آئی این این

بالی ووڈ میں کرینہ کپور ایک ایسی اداکارہ تسلیم کی جاتی ہیں جنہوں نے اداکاراؤں کو فلموں میں روایتی طور پر پیش کئےجانے کے طریقوں کو تبدیل کرتے ہوئے اپنی بیباک اداکاری سے ناظرین کے درمیان اپنی خاص شناخت بنائی۔ ۲۱؍ ستمبر ۱۹۸۰ء کو ممبئی میں پیدا ہونے والی کرینہ کپور کو اداکاری کا فن وراثت میں ملا۔ اسی لئے وہ بچپن ہی سے اداکارہ بننے کے خواب دیکھتی تھیں۔ 
 کرینہ کپور نے بطور اداکارہ اپنے فلمی کریئر کا آغاز ۲۰۰۰ء کی فلم ’رفیوجی‘ سے کیا۔ ۲۰۰۱ء کی فلم ’مجھے کچھ کہنا ہے‘ کرینہ کے کریئر کی پہلی ہٹ فلم ثابت ہوئی۔ اسی سال کرینہ کو سبھاش گھئی کی فلم ’یادیں ‘ میں کام کرنے کاموقع ملا لیکن یہ فلم ٹکٹ کھڑکی پرناکام رہی۔ اسی سال ان کی ’کبھی خوشی کبھی غم‘ اور ’اجنبی‘ جیسی سپر ہٹ فلمیں بھی ریلیز ہوئیں۔ ۲۰۰۲ء میں کرینہ کپور کی ’جینا صرف میرے لئے‘ اور ’مجھ سےدوستی کرو گے‘ اور ۲۰۰۳ء میں سورج بڑجاتیا کی فلم ’میں پریم دیوانی‘ میں کام کرنے کا موقع ملا۔ ۲۰۰۴ء میں کرینہ کی ’یووا‘، ’چمیلی‘، ’ہلچل‘ اور ’اعتراض‘ جیسی سپر ہٹ فلمیں ریلیز ہوئیں۔ ’چمیلی‘ کیلئے انہیں فلم فیئر ایوارڈ بھی ملا۔ 
 ۲۰۰۶ء میں کرینہ کپور کی سپر ہٹ فلم ’اومکارہ‘ ریلیز ہوئی۔ اس کیلئےانہیں فلم فیئر کا کریٹکس ایوارڈ ملا۔ اسی سال آئی فلم ’ڈان‘ میں کرینہ کپور نے ہیلن کےسپر ہٹ گانے ’یہ میرا دل یار کا دیوانہ‘پر رقص کرکے ناظرین کو مسحور کر دیا۔ 
 ۲۰۰۷ء میں آئی فلم ’جب وی میٹ‘ کرینہ کپور کے کریئر کی ایک اور سپر ہٹ فلم ثابت ہوئی۔ امتیاز علی کی ہدایتکاری میں بنی اس فلم کیلئےکرینہ کپور کو بہترین اداکارہ کا فلم فیئر ایوارڈ دیا گیا۔ ۲۰۰۸ء میں کرینہ کپور کی ’گول مال ریٹرنس‘ اور ۲۰۰۹ء میں ’تھری ایڈیٹس‘ ریلیزہوئیں۔ ’تھری ایڈیٹس‘ ۲۰۰؍ کروڑ روپے کی کمائی کرنے والی بالی ووڈکی پہلی فلم ہے۔ ۲۰۱۰ء میں ریلیزہوئی روہت شیٹی کی ہدایتکاری میں بنی فلم ’گول مال۔ ۳‘ کیلئے کرینہ کپور کو بہترین اداکارہ کےفلم فیئر ایوارڈکیلئے نامزد کیاگیا۔ ۲۰۱۱ء کی فلم ’باڈی گارڈ‘ کرینہ کےکریئر کی سب سے زیادہ کامیاب فلموں میں شمار کی جاتی ہے۔ ۲۰۱۱ء میں کرینہ کپور کو شاہ رخ خان کےساتھ ’رَا۔ وَن‘ میں کام کرنے کا موقع ملا۔ اس کاگانا ’چھمک چھلو‘بہت مقبول ہوا تھا۔ ۲۰۱۳ء میں کرینہ کپور کی ’گوری تیرے پیار میں ‘ اور ’ستیہ گرہ‘ ریلیز ہوئیں لیکن باکس آفس پر ناکام رہیں۔ ۲۰۱۴ء میں کرینہ کی ’سنگھم ریٹرنس‘ ریلیز ہوئی ہے۔ اس فلم نے ۱۰۴؍ کروڑ روپے کی کمائی کی۔ اس کے بعد سپر ہٹ فلم ’بجرنگی بھائی جان‘ نے باکس آفس پر ۳۲۰؍ کروڑ روپے سے زیادہ کی کمائی کی۔ فلم ’اُڑتا پنجاب‘ میں بھی ان کی اداکاری کو سراہا گیا۔ 
 ۲۰۱۲ء میں کرینہ کپور نے سیف علی خان سے شادی کرلی اور اب ان کے دو بیٹے تیمور علی خان اور جہانگیر علی خان ہیں۔ شادی کے بعدبھی وہ فلموں میں کام کررہی ہیں اور۲۰۲۲ء میں عامر خان کے ساتھ ان کی فلم’لال سنگھ چڈھا‘ ریلیز ہوئی تھی۔ اسی سال تبو اور کریتی سینن کے ساتھ ان کی فلم ’کریو‘ ریلیز ہوئی تھی جس میں ان کے کام کو خوب پسند کیا گیا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK