بالی ووڈ اداکار کارتک آرین نے اپنے کالج ڈی وائی پاٹل کا دورہ کیا جہاں کانووکیشن کی تقریب میں انہیں ان کی انجینئرنگ کی ڈگری تفویض کی گئی۔
EPAPER
Updated: January 11, 2025, 8:43 PM IST | Mumbai
بالی ووڈ اداکار کارتک آرین نے اپنے کالج ڈی وائی پاٹل کا دورہ کیا جہاں کانووکیشن کی تقریب میں انہیں ان کی انجینئرنگ کی ڈگری تفویض کی گئی۔
کم و بیش ۱۰؍ سال بعد بالی ووڈ اداکار کارتک آرین کو ان کی انجینئرنگ کی ڈگری سے نوازا گیا۔ کارتک نے کانووکیشن کی تقریب کیلئے ڈی وائی پاٹل یونیورسٹی کا دورہ کیا۔ انہوں نے ایک ویڈیو بھی جاری کیا ہے جس میں ان کے کالج کے دور کے قیمتی لمحات شامل ہیں۔ اس ویڈیو میں اداکار کو اساتذہ کے ساتھ بات چیت، طلبہ کے ساتھ رقص کرتے اور اپنے مداحوں کو مبارکباد دیتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔ ویڈیو میں کارتک آرین کا ڈی وائی پاٹل یونیورسٹی میں پرتپاک استقبال ہورہا ہے۔ طلبہ اور اساتذہ ان کی تعریف کررہے ہیں۔ پھر وہ آڈیٹوریم میں طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ ان کے اساتذہ پہلی صف میں بیٹھے ہیں۔ پھر وہ ان سے مصافحہ کرتے ہیں۔ اس کے بعد کارتک کو ان کے نام والی کالج کی جرسی جیکٹ دی جاتی ہے جسے پہن پر وہ آڈیٹوریم میں داخل ہوئے اور طلبہ کے ساتھ رقص کیا۔
پھر انہوں نے طلبہ اور مداحوں کی بھیڑ سے کہا کہ ’’برسوں بعد یہاں آکر میں بہت پرجوش اور خوش ہوں۔ ‘‘ اس کے بعد انہیں ڈگری دی گئی۔ کانووکیشن کی تقریب کے بعد انہوں نے مداحوں کو مبارکباد بھی دی۔ ویڈیو کے آخر میں، کارتک کو مداحوں کے بنائے ہوئے آرٹ ورک کی تعریف کرتے ہوئے دیکھا گیا۔ ویڈیو کے کیپشن میں کارتک نے لکھا کہ ’’کلاس کی آخری بینچ پر بیٹھنے سے لے کر میرے کانووکیشن کیلئے اسٹیج پر کھڑے ہونے تک، یہ بہترین سفر تھا ڈی وائی پاٹل یونیورسٹی۔ تم نے مجھے یادیں، خواب، اور اب، آخر کار، میری ڈگری دی (صرف ایک دہائی بعد) آپ کا شکریہ، وجے پاٹل سر!‘‘ یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہے۔ واضح رہے کہ کارتک آرین کی پہلی فلم ’’پیار کا پنچ نامہ‘‘ ۲۰۱۱ء میں ریلیز ہوئی تھی، اس وقت وہ انجینئرنگ کررہے تھے۔