بالی ووڈ میں کیدار شرما کا نام ایک ایسے فلمساز کے طور پریاد کیا جاتا ہے جنہوں نے راج کپور، بھارت بھوشن، مدھوبالا، گیتابالی، مالا سنہا اور تنوجہ جیسی نامور فلمی شخصیات کو فلم انڈسٹری میں جمانے میں اہم کردار نبھایا۔ پنجاب کے نرول شہر (موجودہ پاکستان ) میں ۱۲؍اپریل ۱۹۱۰ءکو پیدا ہونے والے کیدار شرما نے اپنی ابتدائی تعلیم امرتسر سےپوری کی تھی۔
مشہور ہدایت کار کیدار شرما۔ تصویر: آئی این این
بالی ووڈ میں کیدار شرما کا نام ایک ایسے فلمساز کے طور پریاد کیا جاتا ہے جنہوں نے راج کپور، بھارت بھوشن، مدھوبالا، گیتابالی، مالا سنہا اور تنوجہ جیسی نامور فلمی شخصیات کو فلم انڈسٹری میں جمانے میں اہم کردار نبھایا۔ پنجاب کے نرول شہر (موجودہ پاکستان ) میں ۱۲؍اپریل ۱۹۱۰ءکو پیدا ہونے والے کیدار شرما نے اپنی ابتدائی تعلیم امرتسر سےپوری کی تھی۔ اس کے بعد وہ کام کی تلاش میں ممبئی آ گئے لیکن یہاں کام نہیں ملنے کی وجہ سے وہ امرتسر لوٹ گئے۔ اس دوران انہوں نے امرتسر کے خالصہ کالج سے گریجویشن کی تعلیم مکمل کی۔ ۱۹۳۳ء میں کیدار شرما کو دیوکی بوس کی ہدایتکاری والی فلم’پُران بھگت‘ دیکھنے کاموقع ملا۔ اس فلم سے وہ اس قدر متاثر ہوئے کہ انہوں نے فیصلہ کیا کہ وہ فلموں میں ہی اپنا کریئر بنائیں گے۔ اپنے اسی خواب کو پورا کرنے کیلئے کیدار شرما کلکتہ چلے گئے۔
کلکتہ میں کیدارشرما کی ملاقات فلم ساز دیوکی بوس سے ہوئی اور ان کی سفارش سے انہیں نیو تھیٹر میں بطورسنیماٹوگرافر شامل کر لیا گیا۔ ۱۹۳۴ء میں ریلیز ہونے والی فلم ’سیتا‘ بحیثیت سنیما ٹوگرافر کیدار شرما کی پہلی فلم تھی۔ اس کےبعدنیو تھیٹر کی فلم ‘انقلاب’ میں کیدار شرما کو ایک چھوٹاسا کردار ادا کرنے کا موقع ملا۔ ۱۹۳۶ء میں ریلیز ہونے والی فلم ’دیوداس‘ کیدار شرما کے فلمی کریئر کی اہم فلم ثابت ہوئی۔ اس فلم میں وہ قصہ گو اور گیت کارکےکردار میں تھے۔ فلم ہٹ رہی اور کیدار شرما فلم انڈسٹری میں اپنی شناخت بنانے میں کامیاب ہو گئے۔ ۱۹۰۴ء میں کیدار شرما کو ایک فلم ’تمہاری جیت‘ کی ہدایتکاری کا موقع ملا لیکن بدقسمتی سے یہ فلم مکمل نہیں ہو سکی۔
کیدار شرما نے اس کے بعد فلم ’اولاد‘ کی ہدایتکاری کی جس کی کامیابی کے بعد وہ کسی حد تک بطور ڈائریکٹر اپنی شناخت بنانے میں کامیاب ہوئے۔ ۱۹۴۱ء میں انہیں فلم ’چترلیکھا‘ کی ہدایتکاری کا موقع ملا۔ فلم کی کامیابی کے بعد کیدار شرما کے قدم بطور ڈائریکٹر فلم انڈسٹری میں جم گئے۔ ۱۹۴۷ءمیں کیدار شرما نے ’نیل کمل‘ کے ذریعے راج کپور کو پردۂ سیمیں پر پہلی بار پیش کیا۔ راج کپور اس سے قبل کیدار شرما کی یونٹ میں ’ کلیپر بوائے‘ کا کام کیا کرتے تھے۔ ۱۹۵۰ء میں کیدار شرما نےفلم ’باؤرے نین‘ بنائی اور اداکارہ گیتا بالی کو پہلی بار بطور اداکارہ کام کرنے کا موقع دیا۔
۱۹۵۰ء ہی میں کیدار شرما کی ایک اور سپر ہٹ فلم ’جوگن‘ ریلیز ہوئی۔ فلم میں دلیپ کمار اور نرگس اہم کردار میں نظر آئے۔ کیدار شرما کی یہ خوبی تھی کہ جس اداکار یا اداکارہ کے کام سے وہ خوش ہوتے اسے پیتل کی دو انّی دےکر نوازا کرتے تھے۔ راج کپور، دلیپ کمار، گیتابالی اور نرگس کو یہ اعزاز حاصل ہوا تھا۔
کیدار شرمانےکئی فلموں میں اپنی اداکاری کا جلوہ بھی دکھایا۔ ان فلموں میں ’انقلاب‘، ’پجارن‘، و’دیاپت‘، ’بڑی بہن‘، ’نیکی اور بدی‘ شامل ہیں۔ انہوں نے کئی فلموں کیلئے گیت بھی لکھے تھے۔ کیدار شرما نے بچوں کیلئے بھی کئی فلمیں بنائیں۔ ان میں ’جے دیپ‘، ’گنگا کی لہریں ‘، ’گلاب کا پھول‘، ’۲۶؍جنوری‘، ’ایکتا‘، ’چیتک‘، ’ میرا کا چتر‘، ’مہاتیرتھ‘ اور ’خدا حافظ‘ شامل ہیں ۔ تقریبا ۵؍ عشروں تک اپنی فلموں کے ذریعے ناظرین کے دلوں پر راج کرنے والے عظیم ہدایتکار کیدار شرما ۲۹؍ اپریل ۱۹۹۹ء کو اس دنیا کو الوداع کہہ گئے۔