اسٹیج سے اپنے کیریئر کا آغازکرکے شہرت کی بلندیوں تک پہنچنے والے بالی ووڈکے مشہور گلوکار کمار شانو آج بھی سامعین کے دلوں پر راج کر رہے ہیں۔
EPAPER
Updated: September 22, 2023, 11:14 AM IST | Agency | Mumbai
اسٹیج سے اپنے کیریئر کا آغازکرکے شہرت کی بلندیوں تک پہنچنے والے بالی ووڈکے مشہور گلوکار کمار شانو آج بھی سامعین کے دلوں پر راج کر رہے ہیں۔
اسٹیج سے اپنے کیریئر کا آغازکرکے شہرت کی بلندیوں تک پہنچنے والے بالی ووڈکے مشہور گلوکار کمار شانو آج بھی سامعین کے دلوں پر راج کر رہے ہیں۔ کمار شانو کا اصل نام کیدارناتھ بھٹاچاریہ ہے۔ ان کی پیدائش ۲۲؍ ستمبر ۱۹۵۷ءکو کولکاتا میں ہوئی۔ ان کے والد پشوپتی بھٹاچاریہ ایک مشہور موسیقار تھے۔بچپن ہیسےکمارشانو کا رجحان موسیقی کی جانب تھا اور وہ گلوکار بننے کا خواب دیکھا کرتے تھے۔ان کے والدنےموسیقی کے جانب بڑھتے رجحان کو دیکھتے ہوئےبیٹے کو طبلہ اور گاناسیکھنے کی اجازت دے دی۔کمار شانو نے اپنی گریجویشن کی تعلیم کولکاتا یونیورسٹی سےمکمل کی۔اس کے بعد انہیں کولکاتا کےکئی پروگراموں میں پلے بیک سنگر کی حیثیت سےاپنی کارکردگی پیش کی۔ کشور کمار سے متاثر ہونے کی وجہ سےکمار شانو ان کی آواز میں ہی پروگراموں میں گیت گایا کرتے تھے۔ ۸۰ءکی دہائی میں گلوکار بننے کا خواب لے کر وہ ممبئی آئے۔ ممبئی آنے کے بعد کمار شانو کو کافی مشکلات کا سامناکرنا پڑا۔ اس دوران ان کی ملاقات معروف غزل گلوکار اور موسیقارجگجیت سنگھ سے ہوئی جن کی سفارش پر انہیں فلم آندھیاں میں گانے کا موقع ملا۔ ۱۹۸۹ء میں ریلیز فلم آندھیاں کی ناکامی سے کمار شانو کو گہراصدمہ پہنچا۔ اس دوران ان کی ملاقات موسیقار کلیان جی آنند جی سے ہوئی کلیان جی آنند جی نےان کا نام کیدارناتھ بھٹاچاریہ سے بدل کر کمار شانورکھ دیا اور انہیں امیتابھ بچن کی فلم جادوگرمیں گانے کا موقع دیا۔ بدقسمتی سے یہ فلم بھی باکس آفس پر ناکام ثابت ہوئی۔کمار شانو کی قسمت کاستارہ ۱۹۹۰ءمیں آئی فلم عاشقی سے چمکا۔ فلم عاشقی کی کامیابی کے بعد کمار شانو کو کئی بہترین فلموں کی پیشکش ملنا شروع ہو گئی جن میں سڑک، ساجن، دیوانہ، جادوگر جیسی بڑے بجٹ کی فلمیں شامل تھی۔ان فلموں کی کامیابی کے بعد کمار شانو نے کامیابی کی نئی بلندیوں کو چھو لیا اور ایک سے بڑھ کر ایک گیت گا کر سامعین کو محظوظ کیا۔فلم عاشقی کی کامیابی کے بعد موسیقار ندیم شرو ن، کمار شانو کے عزیز موسیقار بن گئے۔اس کے بعد کئی فلموں میں ان کی جوڑی نے اپنے نغموں اور موسیقی کے ذریعے سامعین کے دل جیتے۔ ہندی فلم انڈسٹری میں مسلسل ۵؍مرتبہ بہترین گلوکاری کے طور پر فلم فیئر ایوارڈ حاصل کرنے کا ریکارڈ کمار شانو کےنام درج ہے۔ان میں عاشقی(۱۹۹۰) ساجن (۱۹۹۱) دیوانہ (۱۹۹۲) بازیگر(۱۹۹۳) اور۱۹۴۲ اے لو اسٹوری(۱۹۹۴)شامل ہیں ۔۱۹۹۳ء میں ایک دن میں ۲۸؍گانےریکارڈ کرنے کا ریکارڈ بھی کمار شانو بناچکےہیں ۔ اس کے لئے ان کا نام گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں بھی درج کیا گیا۔ ہندوستانی سنیما میں ان کی شراکت کو دیکھتے ہوئے ۲۰۰۹ء میں انہیں ملک کے چوتھے سب سے بڑے شہری اعزاز پدم شری سے نوازا گیا۔عامر خان اور شاہ رخ خان جیسے نامور ہیرو کی آواز کہے جانے والے کمار شانو نے۳؍ دہائیوں سے بھی زیادہ طویل کریئرمیں تقریباً ۱۰؍ ہزار فلمی اور غیر فلمی گانےگائے ہیں ۔انہوں نے ہندی کے علاوہ بنگلہ فلموں کے گیتوں کو بھی اپنی آواز دی۔