• Fri, 08 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

’مامی‘ ممبئی فلم فیسٹیول ۲۰۲۴ء: شبانہ اعظمی کو خاص ایوارڈ سے نوازا جائے گا

Updated: October 11, 2024, 10:13 PM IST | Mumbai

۱۸؍ اکتوبر کو ’مامی‘ ممبئی فلم فیسٹیول ۲۰۲۴ء میں بالی ووڈ کی تجربہ کار اداکار شبانہ اعظمی کو ’’ایکسیلینس ان سنیما‘‘ کے ایوارڈ سے نوازا جائے گا۔

Shabana Azmi Image: X
شبانہ اعظمی۔ تصویر: ایکس

بالی ووڈ کی تجربہ کار اداکارہ شبانہ اعظمی کو  MAMI ممبئی فلم فیسٹیول ۲۰۲۴ء میں ’’ایکسیلینس اِن سنیما ایوارڈ‘‘ سے نوازا جائے گا۔ اداکارہ بالی ووڈ میں تقریباً پانچ دہائیاں مکمل کر رہی ہیں، سنیما میں ان کے سفر کو ان کی سب سے زیادہ سراہی جانے والی فلموں میں سے ایک ’’ارتھ‘‘ کی خصوصی نمائش کے ساتھ منایا جائے گا۔ منتظمین کی جانب سے سرکاری بیان میں لکھا گیا ہے کہ ’’شبانہ اعظمی نے متوازی سنیما میں ایک شاندار کریئر کے ذریعے ایک منفرد مقام حاصل کیا ہے، جس نے عالمی پلیٹ فارمز پر تعریفیں وصول کی ہیں اور مرکزی دھارے میں شامل ہندوستانی سنیما میں ایک علمبردار کے طور پر ابھریں۔ وہ ایسی خواتین میں شامل ہیں جنہوں نے آرٹ ہاؤس اور کمرشیل سنیما کی دنیا میں آسانی کے ساتھ توازن قائم کیا اور اپنے فن کی سراسر طاقت کا مظاہرہ کیا۔ شبانہ اعظمی نے کئی بہترین فلمسازوں کے ساتھ مل کر کرداروں کی ایک متنوع صف کو پیش کیا ہے، جن میں شیام بینیگل، مہیش بھٹ، ستیہ جیت رے، گوتم گھوس، مرنال سین، باسو چٹرجی، سائی پرانجپے، سعید اختر مرزا، شیکھر کپور، تپن سنہا، دیپا مہتا، وشال بھردواج، میرا نائر، ودھو ونود چوپڑا، اور کرن جوہر وغیرہ شامل ہیں۔ 

یہ بھی پڑھئے: جاپان: ’ڈورے مون‘ کارٹون کو آواز دینے والی فنکارہ نوبیو اویاما کا انتقال

بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ ’’ مامی MAMI کے بانی بورڈ ممبر کے طور پر، شبانہ اعظمی نے ممبئی کی سنیما ثقافت کو فروغ دینے میں ایک اہم کردار ادا کیا ہے، اس بات کو یقینی بناتے ہوئے کہ دنیا بھر کی غیر معمولی فلمیں ممبئی میں ناظرین کیلئے قابل رسائی ہوں۔‘‘ فیسٹیول کے ڈائریکٹر، شیویندر سنگھ ڈنگر پور نے کہا کہ ’’اس سال ایک مشہور اداکارہ شبانہ اعظمی کو ایکسیلینس ان سنیما ایوارڈ سے نوازنا ’’مامی‘‘ کیلئے اعزاز کی بات ہے۔ ‘‘ خیال رہے کہ ۱۸؍ اکتوبر کو شبانہ اعظمی کو اس ایوارڈ سے نوازا جائے گا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK