• Sat, 22 February, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’میں نے کریئر کا آغاز ہی کیمر ے کا سامنا کرتے ہوئے کیا ہے‘‘

Updated: February 16, 2025, 11:32 AM IST | Abdul Karim Qasim Ali | Mumbai

ٹی وی اور ویب شو اداکارمانس شاہ کا کہنا ہےکہ مجھے کبھی کیمرے کا خوف نہیں رہا، فلموں میں کام نہ کرنے کی وجہ یہ رہی کہ میں ٹی وی پر اتنا مصروف رہا کہ اس جانب توجہ ہی نہیں دی۔

Photo: INN.
تصویر: آئی این این۔

احمد آباد سے ٹی و ی انڈسٹر ی میں قدم رکھنے والے اداکار مانس شاہ نے اپنے کریئر میں بہت سے شوز میں کام کیا ہے اور وہ اب ویب سیریز میں قسمت آزما رہے ہیں۔ انہو ں نے ہندی شوز سے قبل گجراتی فلموں میں بھی کام کیا ہے۔ مانس شاہ نے ۲۰۰۸ء میں پیش کئے جانے والے شو ہماری دیورانی سے کریئر کی شروعات کی تھی اور اس کے بعد ان کے حصے میں یکے بعد دیگرے شوز آتے گئے۔ ۲۰۱۶ء میں انہو ں نے گجراتی فلم انڈسٹری کا بھی رخ کیا تھا لیکن وہ وہاں زیادہ کام نہیں کر سکے۔ اس کے بعد انہو ں نے دوبارہ ہندی انڈسٹری کارخ کیا اوریہاں مصروف ہو گئے۔ انہوں نے اپنے کریئر میں ہماری دیورانی، زندگی کا ہر رنگ گلال، اسمائل پلیز، دفعہ۴۲۰، سنکٹ موچن مہابلی ہنومان، ہماری بہو سلک، واگلے کی نئی دنیا اور یہ ہیں چاہتیں نامی شوز میں کام کیاہے۔ انقلاب نےٹی وی اور ویب شو اداکارمانس شاہ سے گفتگو کی جسے یہاں پیش کیا جارہا ہے:
ایکٹنگ کریئر کی شروعات کس طرح ہوئی؟
ج:احمد آباد میں رہتے ہوئے میں نے اپنا ماسٹرس مکمل کر لیا تھا۔ میں ایک آئی اے ایس افسر بننا چاہتا تھا، اس کی تیاری کیلئے میں نے دہلی کا سفر کیا اور وہاں پڑھائی شروع کردی تھی۔ طالب علمی کے زمانے میں ایک شو ٹی وی پر دکھایا جانے والا تھا جس کا نام شاید ’سنے اسٹار کی تلاش‘ تھا، اس وقت میرے اندر کا اداکاری کاکیڑا حرکت کرنے لگا اور میں نے بھی وہاں قسمت آزمانے کافیصلہ کیا۔ اس شو میں ۳؍ ہزار سے زائد امیدواروں نے شرکت کی تھی۔ اس میں میں نے اول پوزیشن حاصل کی تھی۔ اس شو میں کامیابی کے بعد مجھے لگا کہ آگے کی منزل آسان ہوگی، اسلئے مایا نگری ممبئی آگیا۔ یہاں بھی ایک ریئلیٹی شو میں شرکت کی تھی لیکن اس میں میں ناکام رہا۔ یہ بات میرے دل کو بہت بری لگی اور میں نے طے کرلیا کہ میں اس شعبے میں کچھ کرکے دکھاؤں گا۔ میں احمد آباد لوٹ گیاجہاں مختلف پروگرامس کی میزبانی شروع کر دی، وہاں چھوٹے چھوٹے رول کرنے لگا اورخود کو بہتر کرنے لگا۔ اسٹارپلس کے ایک شو ہماری دیورانی جب شروع ہونے والا تھا تو میں نے اس کیلئے کوشش کی اور اس میں مجھے رول مل گیا۔ پھر کیا تھا صاحب میں ٹی وی انڈسٹری میں مصروف ہوگیا۔ 
کیا آپ کو پہلے شو سے ہی شہرت مل گئی تھی ؟
ج:ایسا نہیں ہے کہ میں پہلے ہی شو سے کامیاب ہوگیا تھا۔ میں نے شروعات میں کبھی بھائی اور کبھی دوست کا رول نبھایا۔ پھر ۲۰۰۸ء میں ایک شو ہماری دیورانی آیا اور اس میں میں نے گوتم کا کردار نبھایاتھا۔ اس شو کے بعد انڈسٹری میں میری شناخت قائم ہوئی اور اس کے بعد مجھے مختلف شوز میں کام ملنا شروع ہوگیا۔ اسی دوران گجراتی زبان کی فلمیں بھی بننا شروع ہوگئی تھیں۔ میں دونوں جگہ کام کرتا رہا۔ اب ۱۶۔ ۱۷؍ سال کے بعد مجھے اپنی پہچان نہیں بتانی پڑتی۔ میں اپنے کام کے تئیں سنجیدہ رہتا ہوں اور وقت پر سیٹ پر پہنچ جاتا ہوں۔ میرے تعلق سے آج کوئی یہ نہیں کہہ سکتا کہ میں شوٹنگ پر تاخیر سے آتاہوں۔ 
آپ نے گجراتی فلموں میں بھی کام کیا ہے، کوئی خاص وجہ ؟ 
ج:ایک فنکار کیلئے ضروری ہوتا ہے کہ وہ مختلف کردار ادا کرے، اگر وہ ایسا نہیں کرے گا تواسے کام کا لطف نہیں آئے گا۔ اسلئے میں نے ٹی وی پر مختلف کردار نبھائے تھے۔ اس دوران مجھے جلد کی بیماری ہوگئی تھی جس کی وجہ سے مجھے ایکٹنگ سےکچھ وقت کیلئے دور رہنا پڑا تھا۔ ۲۰۱۳ء میں میرے پاس بہت سی فلموں کی پیشکش تھی لیکن میں شوز میں اتنا مصروف تھا کہ اس طرف توجہ نہیں دے سکا۔ مصروفیت کی وجہ سے اگر میں کسی کو کام سےمنع کرتا ہوں تو کام سے فارغ ہوتے ہی انہیں فون بھی کرتا ہوں۔ بیماری سے صحت یاب ہونے کے بعد میں چاہتا تھا کہ کچھ الگ طرح سے پردے پر واپسی کروں۔ اس کیلئے میں نے گجراتی فلموں کا رخ کیا۔ میں گجراتی ناٹک وغیرہ نہیں کرنا چاہتا تھا، اسلئے میں نے فلموں کا رخ کیا۔ 
آپ گجراتی ناٹک اور ڈراموں میں بھی کام کرسکتے تھے؟
ج:جب میں نے ایکٹنگ کریئر کی شروعات کی تب کیمرہ ہی سامنے تھا۔ اس کے بعد کبھی یہ نہیں سوچا کہ مجھے ڈراموں اور گجراتی پلے میں کام کرناہے۔ میں ہمیشہ کوشش کرتا رہا کہ کیمرے کے سامنے کام کرنا ہے۔ ٹی وی شوز میں آپ مسلسل مصروف رہتے ہیں، فلموں کا معاملہ ایسا ہوتاہے کہ شوٹنگ ختم ہونے کے بعد یہ فلمیں پوسٹ پروڈکشن میں چلی جاتی ہیں ، اس سے آپ کو کافی وقت مل جاتاہے۔ بہرحال میں یہی سوچتا تھا کہ مجھے عوام کے سامنے نہیں بلکہ کیمرے کے سامنے کام کرنا ہے۔ 
کیا آپ نے کبھی گجراتی تھیٹر یا اسٹیج کیلئے بھی کام کیا ہے ؟
ج:آج شو میں کرنے والے مرکزی اداکاراور اسٹارس کیلئے ہی رول لکھے جاتے ہیں۔ ان کے ساتھ کام کرنے والے جونیئرس کو کبھی نہ کبھی اپنے گھر بیٹھنا ہوتاہے کیونکہ اس وقت ان کے پاس کوئی کام نہیں ہوتاہے۔ میرے کریئر میں بھی ایسا وقت آیا تھا اور اس وقت میں گجراتی اسٹیج شوز کے بارے میں سوچ رہا تھا لیکن خوش قسمتی سے مجھے نیٹ فلکس کی ویب سیریز میں موقع ملا اور میں نے ویب سیریز میں خود کو ڈھالنا شروع کردیا۔ میں نے ویب سیریز میں کام کیا تو مجھے اسٹیج شوز کی طرف دیکھنا نہیں پڑا۔ فلموں میں کام کرچکا تھا اور ٹی وی میرا ہوم گراؤنڈ ہے۔ اس طرح میں نے خود کو کیمرے کے سامنے ہی مصروف رکھا۔ 
کیا آپ کو ہندی فلموں کی بھی پیشکش ہوئی تھی؟
ج:مجھے ہندی فلموں کی بھی پیشکش ہوئی تھی لیکن میں اُس وقت کافی مصروف تھا اسلئے میں نے اس پر زیادہ توجہ نہیں دی۔ انڈسٹری میں فلموں کا دور ہمیشہ تبدیل ہوتا رہتاہے۔ ۸۰ء میں ہیروز کو ڈانس برابر نہیں آتاتھا۔ اس کے بعد ۹۰ء کے دور میں رومانی فلموں کو پسند کیا جانے لگا، اس کے بعد رتیک روشن کی ایکشن فلموں کا دور آیا، آج حقیقت پر مبنی فلمیں بنائی جارہی ہیں اور نوازالدین جیسے اداکاروں کو ہاتھوں ہاتھ لیا جارہا ہے۔ میرے خیال میں آج کسی فلم میں اداکار سے زیادہ اہم اس کی کہانی ہے۔ اگر مجھے کوئی فلم ملتی تب بھی میں اس میں سائیڈ رول ہی نبھاتا جو مجھے پسند نہیں ہے۔ میرا ایک ہی اصول ہے کہ سورگ کا چوکیدار بننے سے اچھا ہے کہ اس کا راجا بن کر رہوں۔ اگر میری قسمت میں فلموں میں کام کرنے کا موقع رہاتو مجھے بھی بڑا رول ملے گا۔ 
کیا اِس وقت آپ کسی شو یا فلم میں مصروف ہیں ؟
ج:اس وقت میں دنگل ٹی وی کے ایک شو میں کام کررہا ہوں۔ ٹی وی شو کا مسئلہ یہی ہوتا ہے کہ آپ اس میں بہت زیادہ مصروف ہوجاتے ہیں، حالانکہ میرے رشتہ دار کے یہاں شادی ہے لیکن پروڈکشن ہاؤس مجھے جانےکی اجازت نہیں دے رہا ہے۔ شو میں میرے آنے سے اس کی ٹی آر پی بڑھ گئی ہے اور میں اس کی شوٹنگ میں مصروف ہوں۔ یہ شو جیسے ہی ختم ہوگا تو میرے پاس ایک گجراتی فلم اور ویب سیریز کی پیشکش ہے۔ یہ دونوں پروڈکشن ہاؤس جولائی میں شوٹنگ کیلئے کہہ رہے ہیں۔ میرا دنگل ٹی وی کا شو ختم ہوگیا تو میں یقیناً گجراتی زبان کی ویب سیریز اور فلم دونوں میں کام کروں گا۔ 
کیا آ پ پروڈکشن ہاؤس بھی شروع کرنا چاہتے ہیں ؟
ج:جی ہاں، یہ میرے مستقبل کے منصوبوں میں شامل ہے۔ میں اسکرین ڈیزائننگ اور اسسٹنٹ پروڈیوسرکی حیثیت سے بھی کام کررہا ہوں۔ یہ سبھی چیزیں قبل از وقت ہیں اسلئے ان کے بارے میں زیادہ بات کرنا مناسب نہیں ہے لیکن میں پروڈکشن کی طرف بھی توجہ دے رہاہوں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK