• Tue, 26 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

متھن چکرورتی دادا صاحب پھالکےایوارڈ کیلئے منتخب

Updated: September 30, 2024, 12:11 PM IST | Inquilab News Network | Mumbai

ہندی سنیما میں شاندار شراکت کے لیے سینئر اداکار متھن چکرورتی کو دادا صاحب پھالکے ایوارڈ کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔ غور طلب ہے کہ متھن کو یہ ایوارڈ۸؍ اکتوبر کو دیا جائے گا۔

Mithun Chakraborty. Photo: INN
متھن چکرورتی۔ تصویر : آئی این این

 ہندی سنیما کے سینئر اداکار متھن چکرورتی کو باوقار ایوارڈ دادا صاحب پھالکے ایوارڈ سے نوازا جائے گا۔ غور طلب ہے کہ متھن چکرورتی کو ۷۴؍ سال کی عمر میں دادا صاحب پھالکے ایوارڈ کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔ متھن اب بھی ہندوستانی سنیما میں سرگرم ہیں اور اپنی اداکاری سے مداحوں کا دل جیت رہے ہیں۔ اطلاعات و نشریات کے وزیر اشونی وشنو نے اپنے ایکس ہینڈل پر پوسٹ کرتے ہوئے یہ اطلاع دی ہے۔

اطلاعات و نشریات کے وزیر اشونی وشنو نے اس بات کا اعلان کیا کہ ہندی سنیما کے اداکار متھن چکرورتی کو ان کی شاندار خدمات کے لیے دادا صاحب پھالکے ایوارڈ کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔ آپ کو بتا دیں کہ اداکار کو ۸؍ اکتوبر کو اس ایوارڈ سے نوازا جائے گا۔

پہلے ہی فلم کے لیے نیشنل ایوارڈ:
غور طلب ہے کہ متھن نے ۱۹۷۶ءمیں فلم ’مِرگیا‘سے سنیما میں قدم رکھا۔ متھن کو پہلی ہی فلم میں بہترین اداکار کا نیشنل ایوارڈ ملا۔ اس کے بعد پچھلے ۴۸؍ سالوں سے متھن نے کبھی سنیما میں پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا۔ متھن نے ہندوستانی سنیما میں سینکڑوں فلمیں کی اور اب بھی فلموں میں سرگرم ہیں۔ وہ آخری بار بنگالی فلم ’’کابلی والا‘‘ (۲۰۲۳ء) میں نظر آئے تھے۔ اس کے علاوہ متھن کو کئی ڈانس ریئلٹی شوز میں جج کے طور پر بھی دیکھا گیا ہے۔
متھن کا شاندار کریئر:
اپنے کرئیر کے آغاز میں وہ چھوٹے چھوٹے کرداروں میں نظر آئے۔ متھن نے فلم ’’دو انجانے‘‘، ’’پھول کھلے ہیں گلشن گلشن‘‘ میں چھوٹے اسکرین پر کام کیا۔ پھر ۱۹۷۹ءمیں ریلیز ہونے والی کم بجٹ کی فلم ’’سُرکشا ‘‘ نے انہیں شہرت حاصل کرنے میں مدد کی۔ فلم `’’پریم ویوہنے ‘‘بھی ان کے کریئر کو بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا۔ متھن نے ’ہم سے بڑھ کر کون‘،’ شاندار‘،’ ترینترا‘،’ اگنیپتھ‘، ’ہم سے ہے زمانہ‘، ’وہ جو حسینہ‘، ’اعلان‘، ’زور لگا کے...ہیا‘، میں کام کیا ہے۔ ’چل چلیں ڈسکو ڈانسر‘،’ `ٹیکسی چور‘،’ `دی کشمیر فائلز‘جیسی ہٹ فلموں میں کام کر چکے ہیں۔

متھن نے بنگالی سنیما میں ۱۹۷۸ءمیں فلم’’ نادی تھیکے ساگرے‘‘ سے ڈیبیو کیا۔ ۲۰۰۸ءمیں، متھن بھوجپوری فلم ’’بھولے شنکر‘‘میں نظر آئے۔ کہا جاتا ہے کہ یہ اب تک کی سب سے بڑی بھوجپوری فلم ہے۔ انہیں اپنے کرئیر میں بہترین کارکردگی پر۳؍بار نیشنل ایوارڈ مل چکا ہے۔

وزیر اعظم نریندر مودی نے اس اعزاز پر متھن چکرورتی  کو مبارکباد دی 
وزیر اعظم نریندر مودی نے اس اعزاز پر متھن چکرورتی کوایکس پر مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ ’’خوشی ہے کہ شری متھن چکرورتی جی کو ہندوستانی سنیما میں ان کی بے مثال خدمات کو تسلیم کرتے ہوئے، باوقار دادا صاحب پھالکے ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔ وہ ایک ثقافتی آئیکون ہیں، جو اپنی ورسٹائل پرفارمنس کیلئے نسل در نسل سراہا جاتے ہے۔ اس کیلئے مبارکباد اور نیک خواہشات۔‘‘

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK