• Sun, 23 February, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’میں تو یہاں تعلیم حاصل کرنے آئی تھی، اتفاقاً اداکارہ بن گئی‘‘

Updated: February 23, 2025, 12:30 PM IST | Abdul Karim Qasim Ali | Mumbai

فلم اور ویب شو اداکارہ مسکان اگروال کا کہنا ہےکہ میں نے حال ہی میں جنوبی ہندکی ایک فلم میں کام کیاہےجس میں ایک طالبہ کا رول نبھا رہی ہوں ۔

Photo: INN.
تصویر: آئی این این۔

اداکارہ مُسکان اگروال نے مختلف ٹی وی چینل کے شوز میں کام کرنے کے بعد سوشل میڈیا پر شہرت حاصل کی اورا س کے بعد وہ ویب شوز کی مشہور اداکارہ بن کر اُبھری ہیں۔ فی الحال ان کا ایک شو ’بہورانی‘ ہلچل ایپ پلیٹ فارم پر دکھایا جارہا ہے جس میں انہوں نے بیوہ کا رول ادا کیا ہے۔ اسی درمیان انہوں نے ’ساؤدھان انڈیا‘ جیسے ہٹ شوز میں چھوٹے چھوٹے رول نبھا کر شو بز انڈسٹری میں داخلے کا راستہ ہموار کیا تھا۔ اس کے بعد جب انہو ں نے اپنا یوٹیوب چینل شروع کیا تو انہوں نے تھوڑا گلیمرس رخ اختیار کیا جس سے ان کی شہرت میں اضافہ ہوا اور اس کے بعد انہو ں نے مختلف یوٹیوب چینلس کے شوز بھی ملنے شروع ہوگئے۔ نمائندہ انقلاب نےشوبز انڈسٹری کی بے خوف اور بے باک اداکارہ مُسکان اگروال سے گفتگو کی جس کے بعض اقتباسات یہاں پیش کئے جارہے ہیں :
ایکٹنگ کریئر کی شروعات کس طرح ہوئی؟
ج:میرے خاندانی پس منظر میں کوئی بھی ایسا نہیں ہے جس نے اداکاری کی طرف توجہ دی ہو یا پھر کسی پروجیکٹ پر کام کیاہو۔ میں اپنے خاندان سے پہلی لڑکی ہوں جس نے اس جانب توجہ دی اور شہرت حاصل کی۔ میرا انڈسٹری میں آنا ایسے تو مذاق بھی ہے اور سنجیدہ بھی۔ میں دراصل تعلیم حاصل کرنے کے لئے کالج گئی تھی۔ میری دوستوں کا جو حلقہ تھا، ان میں سے ایک انڈسٹری سے وابستہ تھی۔ اس نے مجھ سے کہا تھا کہ میں آڈیشن دے دوں اگر قسمت میں رہا تو کام مل جائے گا۔ میں نے ایسے ہی مذاق میں آڈیشن دے دیا تھا اور یہ میری خوش قسمتی تھی کہ مجھے اس شو کیلئےمنتخب بھی کرلیا گیا۔ اس کے بعد مجھے مختلف شوز کی پیشکش آتی رہتی تھی، لیکن میں نے یہ شوز ایسے ہی مذاق مستی میں کرلئے تھے۔ اُن دنوں میں اداکاری کے تعلق سے سنجیدہ نہیں تھی لیکن اب میں اس تعلق سے پوری طرح سے سنجیدہ ہوں ۔ دریں اثنا، میں نے تقریباً ۲؍ سال کا وقفہ بھی لیا تھا۔ 
کیا آپ نے اداکاری کی ٹریننگ لی ہے ؟
ج:میں نے اداکاری کی باقاعدہ ٹریننگ نہیں لی ہےالبتہ اپنے طورپر خودکو بہتر کرتی گئی ہوں۔ میں نے کبھی یہ نہیں سوچا تھا کہ میں اداکارہ بنوں گی، ا سلئے مجھے باقاعدہ تربیت کی ضرورت پیش نہیں آئی۔ وقتاً فوقتاً میں اپنے طورپرسیکھتی اور اپنے فن کا نکھارتی رہی۔ اس طرح میں اپنے فن کو پردے پر پیش کرتی رہتی ہوں۔ 
جب آپ نے گلیمرس رخ اختیار کیا، تو اس پر آپ کے اہل خانہ اور دیگر افراد کا کیا رد عمل تھا ؟ 
ج:اہل خانہ کی طرف سے مجھے کوئی پریشانی نہیں ہوئی، بلکہ انہو ں نے میرا پورا سپورٹ کیا۔ میں نے جو کیا تھا انہیں بتاکر کیا تھا اور اپنے کام پرکبھی پردہ نہیں ڈالا۔ میرے بھائی نے تو مجھے یہاں تک کہہ دیاتھا کہ میں جیسی زندگی جینا چاہتی ہوں جیوں، لیکن ایسا کچھ نہ کروں جس سے میں خود اپنی نظروں میں گر جاؤں البتہ میرے تھوڑا بولڈ ہونے پر میرے رشتہ داروں کو بہت تکلیف ہوئی۔ اس درمیان انہوں نے فقرے اور طعنے بھی کسنے شروع کردئیے تھے لیکن میں نے کسی کی پروا نہیں کی کیونکہ یہ لوگ مجھے کھانا نہیں دیتے یا میری مالی امداد نہیں کرتے۔ 
آپ اپنے ٹرولرس کو کس طرح ہینڈل کرتی ہیں ؟
ج: میں اپنے ٹرولرس کو کبھی برا نہیں کہتی کیونکہ میرا خیال ہے کہ وہی مجھے کامیاب بنانے میں اہم کردار نبھاتے ہیں۔ ۲۵؍ ٹرولرس مجھے ٹرول کرتے ہیں تو ان میں سے ۱۵؍ میرے شو کو دیکھتے بھی ہیں اور ان میں سے۱۰؍ مجھے فالو کرنا شروع کردیتے ہیں۔ اس طرح ٹرولرس کی وجہ سے میری شہرت میں مسلسل اضافہ ہوتا رہتاہے۔ اسلئے میں انہیں ہمیشہ شکریہ ہی کہتی ہوں ۔ 
کیا آپ کسی ہندی فلم میں بھی کام کررہی ہیں ؟
ج:میں نے اترنگی پر شوز کئے تھے، اس سے قبل میں نے کرائم پیٹرول اور ساودھان انڈیا جیسے معروف شوز میں اپنی اداکاری کی تھی، بعد ازاں ایک ویب شو آفس بھی کیا تھا لیکن کسی نے بھی مجھے نہیں پہچانا، جیسے ہی میں نے گلیمرس انداز اختیار کیا میری شہرت اچانک بڑھ گئی اور میں راتوں رات اسٹار بن گئی۔ اس کامیابی کے بعد میں چاہتی ہوں کہ فلموں میں بھی اپنی جگہ بناؤں۔ اگر کوئی اچھا پروجیکٹ ملتاہے تو میں اسے ضرور کروں گی۔ فی الحال مجھے ابھی تک ایسا کوئی قابل ذکر پروجیکٹ نہیں ملا ہے۔ 
کیا آپ ہندی زبان کے علاوہ کسی اور زبان کے پروجیکٹ پر بھی کوئی کام کررہی ہیں ؟
ج:میں نے حال ہی میں جنوبی ہند کی ایک فلم میں کام کیا ہے۔ ہندی کے علاوہ مجھے کوئی اور زبان نہیں آتی ہے، اسلئے میں کسی اور زبان میں کام کرنا پسند نہیں کرتی۔ اس کے ساتھ ہی میں ہر کسی پر اعتماد بھی نہیں کرتی۔ یہ میرا اصول ہے کہ مجھے جن پربھروسہ ہوتا ہے، انہی کے ساتھ کام کرتی ہوں۔ 
کیا آپ جنوبی ہند کے اپنےموجودہ پروجیکٹ کے بارے میں کچھ بتاسکتی ہیں، یہ تجربہ کیسا رہا؟
ج:جنوبی ہند کی فلم کا موـضوع بہت اچھا ہے اور اس کی کہانی بھی اچھی ہے۔ میں نے اس فلم میں ایک کالج کی طالبہ کا رول ادا کیاہے جو غلطی سے ایک دوا کھالیتی ہے اور اس کے بعد اسے کچھ طبی مسائل پیش آتے ہیں۔ اسی موضوع کے اردگرد فلم کی کہانی آگے بڑھتی ہے۔ فلم کی بیشتر شوٹنگ ممبئی میں ہوئی ہے اور اس کا پروڈکشن بھی ممبئی ہی کے ایک ادارے نے کیاہے، حالانکہ اس کے فلمساز اور ہدایتکار جنوبی ہند سے تعلق رکھتے ہیں۔ جنوبی ہند کے فلمسازوں کی ایک بات بہت اچھی ہے کہ وہ سمجھوتے نہیں کرتے، اپنے پروجیکٹ پر خاصی رقم صرف کرتے ہیں۔ 
آپ کی پسندیدہ اداکارہ کون ہیں جن سے آپ سیکھتی بھی ہیں ؟
ج:میری پسندیدہ اداکارہ کرینہ کپور ہیں ۔ وہ کپور خاندان کی بیٹی ہیں اورپٹودی خاندان کی بہو ہیں۔ اس کے باوجود وہ اپنے کام کے تئیں بہت سنجیدہ رہتی ہیں۔ وہ کسی بھی کام میں تاخیر نہیں کرتیں۔ ان سے کام کے تعلق سے بہت کچھ سیکھنے کو ملتاہے۔ 
بہورانی شو کا تجربہ کیسا رہا؟
ج:بہورانی شو کا تجربہ بہت اچھا رہا۔ اس شو میں میں نے ایک بیوہ کا کردار ادا کیا تھا۔ اسے کس طرح کی پریشانیوں کا سامنا کرناپڑتاہے اس شو میں بتایا گیا ہے۔ میرے خیال میں میں نے جو کردار ادا کیا تھا وہ ہمارے سماج کی عکاسی کرتا ہے جہاں ایک بیوہ کے ساتھ اچھا سلو ک نہیں کیا جاتا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK