• Fri, 27 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

نین تارا اور دھنش کا تنازع: وگنیش شیون اہلیہ کیلئے میدان میں آئے

Updated: November 16, 2024, 6:52 PM IST | Mumbai

نیٹ فلکس پر ’’نین تارا: بیونڈ دی فیری ٹیل‘‘ کی ریلیز سے قبل دھنش نے نین تارا کو اپنا ویڈیو کلپ دستاویزی فلم میں استعمال کرنے پر قانونی نوٹس بھیج کر ۱۰؍ کروڑ ہرجانے کا مطالبہ کیا ہے۔ اس لڑائی میں اب نین تارا کے شوہر وگنیش شیون بھی شامل ہوگئے ہیں۔

Dhanush and Nain Tara. Photo: INN
دھنش اور نین تارا۔ تصویر: آئی این این

نین تارا، جو اپنی نیٹ فلکس دستاویزی فلم `’’نین تارا: بیونڈ دی فیری ٹیل‘‘ کی ریلیز کی تیاری کررہی ہیں جو ۱۸؍ نومبر کو ریلیز ہوگی۔ انہوں نے حال ہی میں انسٹاگرام پر ایک کھلا خط جاری کیا جس میں انہوں نے اداکار اور فلمساز دھنش کو ان کی ۲۰۱۵ء کی فلم ’’نانم راؤڈی دھان‘‘ کی چند تصاویر اور ویڈیوز کو استعمال کرنے کیلئے این او سی سے انکار کرنے پر تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے لکھا کہ دھنش نے نیٹ فلکس دستاویزی فلم کے ٹریلر میں دھنش کی فلم کے پردے کے پیچھے کا ویڈیو استعمال کرنے پر ۱۰؍ کروڑ روپے ہرجانے کا مطالبہ کیا ہے۔ اب، نین تارا کے شوہر وگنیش شیون، جو ’’نانم راؤڈی دھان‘‘ کے ڈائریکٹر ہیں، لیڈی سپر اسٹار کی حمایت میں سامنے آئے ہیں۔ انہوں نے دھنش کے قانونی نوٹس کا مذاق اڑاتے ہوئے اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر متنازع بی ٹی ایس کلپ شیئر کیا۔
وگنیش شیون نے فلم ’’نانم راؤڈی دھان‘‘ سے پردے کے پیچھے کا ویڈیو کلپ شیئر کرتے ہوئے اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر لکھا کہ ’’۱۰؍ کروڑ کا کلپ جو ہماری نیٹ فلکس دستاویزی فلم سے ہٹانا چاہتا ہے۔ براہ کرم اسے یہاں مفت دیکھئے۔‘‘

 

انہوں نے دستاویزی فلم کے ٹریلر میں ویڈیو کلپ سامنے آنے کے بعد دھنش کی ٹیم کی طرف سے بھیجے گئے نوٹس کو بھی شیئر کیا۔ علاوہ ازیں، وگنیش شیون نے ۲۰۱۷ء کی فلم ’’ساکا پوڈو پوڈو راجہ‘‘ کے آڈیو لانچ سے دھنش کا ایک پرانا ویڈیو کلپ شیئر کیا۔ ویڈیو میں دھنش کو تمل میں یہ کہتے ہوئے دکھایا گیا ہے، ’’ہماری ایک سے محبت دوسرے کیلئے نفرت میں بدل جائے گی۔ اگر یہ بدل جائے تو اس جذبے کا کوئی مطلب نہیں۔ دنیا ایک قابل رحم حالت کی طرف جا رہی ہے۔ بہت زیادہ منفی ہے۔ کوئی بھی اسے پسند نہیں کرتا، اگر کوئی دوسرا شخص زندگی میں اچھا کر رہا ہو۔ جیو اور جینے دو۔ کسی کو بھی دوسرے سے نفرت نہیں کرنی چاہئے۔ اگر آپ کسی کو پسند کرتے ہیں تو ان کے ساتھ جشن منائیں۔ اگر آپ کسی کو پسند نہیں کرتے ہیں، تو آگے بڑھ جائیں۔‘‘ ویڈیو شیئر کرتے ہوئے، وگنیش نے لکھا کہ ’’محبت کو بڑھنے دیجئے۔ میں مخلصانہ دعا کرتا ہوں کہ لوگ بدل جائیں اور دوسروں کی خوشیوں میں خوشیاں تلاش کریں۔‘‘ یہ ویڈیو اب وگنیش شیون نے ڈیلیٹ کر دیا ہے۔

 

نین تارا نے اپنے کھلے خط میں لکھا کہ ’’ہم قانونی نوٹس میں وہ سطریں پڑھ کر چونک گئے جن میں آپ نے کچھ ویڈیوز (صرف ۳؍ سیکنڈ) کے استعمال پر سوال اٹھایا تھا جو ہمارے ذاتی آلات میں شوٹ کئے گئے تھے اور وہ بھی بی ٹی ایس ویژول جو پہلے ہی سوشل میڈیا پر بہت زیادہ عوامی طور پر موجود ہیں۔ اور صرف ۳؍ سیکنڈ کیلئے ۱۰؍ کروڑ روپے ہرجانے کے طور پر؟ یہ بہت بڑی رقم ہے۔ یہ بتاتا ہے کہ آپ کا کردار کیسا ہے۔‘‘ دریں اثنا، ’’نین تارا: بیونڈ دی فیری ٹیل‘‘ مداحوں کو اسٹار کی زندگی میں پہلے کبھی نہ دیکھی گئی جھلکیاں پیش کرے گی۔ اس میں دوستوں اور ساتھیوں کے اکاؤنٹس شامل ہوں گے، جن میں رانا دگوبتی، تاپسی پنو، اور ناگارجن کے ساتھ ساتھ ان کے خاندان کے افراد بھی شامل ہیں۔ یہ ۱۸؍ نومبر کو نیٹ فلکس پر ریلیز ہوگی۔

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK