ہندی فلموں میں نروپا رائے کو ایسی اداکارہ کے طورپریاد کیا جاتا ہے کہ جنہوں نے اپنی بہترین اداکاری سےماں کےکردارکو ایک نئی جہت عطا کی۔ نروپا رائے کااصلی نام کوکیلا تھا۔
EPAPER
Updated: January 04, 2025, 5:59 PM IST | Agency | Mumbai
ہندی فلموں میں نروپا رائے کو ایسی اداکارہ کے طورپریاد کیا جاتا ہے کہ جنہوں نے اپنی بہترین اداکاری سےماں کےکردارکو ایک نئی جہت عطا کی۔ نروپا رائے کااصلی نام کوکیلا تھا۔
ہندی فلموں میں نروپا رائے کو ایسی اداکارہ کے طورپریاد کیا جاتا ہے کہ جنہوں نے اپنی بہترین اداکاری سےماں کےکردارکو ایک نئی جہت عطا کی۔ نروپا رائے کااصلی نام کوکیلا تھا۔ ان کی پیدائش۴؍ جنوری ۱۹۳۱ءکوگجرات کے بلساڑ میں ایک متوسط گھرانےمیں ہوئی۔ ان کے والد ریلوے میں ملازم تھے۔
نروپارائے نےاپنے فلمی کریئر کی شروعات ۱۹۴۶ءمیں ریلیز ہونےوالی گجراتی فلم گن سندری سے کی تھی۔ اسی برس فلم ’ہماری منزل‘ سے ا نھوں نے بالی ووڈ فلموں کی طرف بھی رخ کیا۔ اوپی دتہ کی ہدایتکاری میں بنی اس فلم میں ان کے ہیرو کا کردار پریم ادیب نےاداکیا۔ اسی سال انہیں جے راج کے ساتھ فلم ’غریبی ‘میں کام کرنےکاموقع ملا۔ ان فلموں کی کامیابی کے بعد وہ ایک اداکارہ کے طور پر شناخت بنانے میں کامیا ب ہوگئیں ۔ ۱۹۵۱ءمیں ان کی ایک اوراہم فلم’ ہر ہرمہادیو‘ ریلیزہوئی۔ اس فلم میں ا نہوں نے دیوی پاروتی کا کرداراداکیاتھا۔ اس فلم کی کامیابی کے بعد وہ ناظرین کے درمیان دیوی کےطورپرمشہور ہوگئیں اسی دوران انہوں نے فلم ویر بھیم سین میں دروپدی کا کردار نبھاکر ناظرین کے دل جیت لیے۔ ۵۰ء اور۶۰ءکی دہائی میں نروپارائے نے جن فلموں میں کام کیا ان میں زیادہ ترفلموں کی کہانی مذہبی اور عقیدت سے بھرپور تھیں۔ ۱۹۵۱ء میں انہوں نے فلم ’سند باد دی سیلر‘ میں منفی کرداربھی اداکیا۔
۱۹۵۳ءمیں فلم’ دوبیگھہ زمین‘ نروپارائے کے فلمی کریئر کیلئے میل کا پتھر ثابت ہوئی۔ بمل رائے کی ہدایت کاری میں بنی اس فلم میں وہ ایک کسان کی بیوی کےکردار میں نظرآئیں اس فلم میں بلراج ساہنی مرکزی کردارمیں تھے۔ بہترین اداکاری سے آراستہ اس فلم کیلئے انھیں بین الاقوامی شہرت حاصل ہوئی۔
۱۹۵۵ءمیں فلمستان کے بینر تلے بنی فلم منیم جی بھی نروپارائےکیلئےاہم فلم ثابت ہوئی اس فلم میں انہوں نےدیوآنند کی ماں کاکرداراداکیا تھا۔ فلم میں اپنی بہترین اداکاری کیلئے وہ فلم فیئر ایوارڈ سے بھی نوازی گئیں۔ لیکن اس کے بعد۶؍سال تک انہوں نے ماں کا کردارقبول نہیں کیا۔ ۱۹۶۱ءمیں فلم چھایا میں انہو ں نے ایک بار پھر ماں کاکرداراداکیا۔ اس میں وہ آشاپاریکھ کی ماں بنی تھیں۔ اس فلم میں بھی ان کی بہترین اداکاری کو دیکھتےہوئےانھیں معاون اداکارہ کےفلم فیئر ایوارڈ سےنوازا گیا۔
۱۹۷۵ءمیں فلم ’دیوار‘ نروپارائے کے کریئرکی بہترین فلموں میں شمار کی جاتی ہے۔ یش چوپڑا کی ہدایتکاری میں بنی اس فلم میں انہوں نے اچھائی اور برائی کی نمائندگی کرنے والےششی کپور اور امیتابھ بچن کی ماں کا کردار اداکیاجس میں انہوں نے اپنی فطری اداکاری سے ماں کے کردارکو زندہ جاوید کردیا۔
نروپارائےکےفلمی کریئرپرنظر ڈالنے پر پتہ چلتا ہےکہ سپراسٹار امیتابھ بچن کی ماں کے طورپران کا کردارنتہائی کامیاب رہاہے۔ انہوں نے سب سے پہلےامیتابھ بچن کی ما ں کاکردار فلم دیوار میں اداکیا اس کےبعدخون پسینہ، مقدرکا سکندر، امر اکبر انتھونی، سہاگ، انقلاب، گرفتار، مرد اورگنگاجمنا سرسوتی جیسی فلموں میں بھی وہ امیتابھ بچن کی ماں کے کردار میں نظر آئیں ۔ نروپا رائے۱۹۹۹ءمیں ریلیز ہونے والی فلم لال بادشاہ میں آخری بار امیتابھ بچن کے ماں کے کردارمیں نظر آئیں۔ اپنے ۵؍دہائی طویل فلمی کر یئر میں تقریباً ۳۰۰؍فلموں میں بہترین اداکاری سے ناظرین کا دل جیتنے والی نروپارائے ۱۳؍ اکتوبر ۲۰۰۴ءکو اس دنیا کو الوداع کہہ گئیں۔