ہندی سنیما میں نروپا رائے کو ایسی اداکارہ کے طور پر یاد کیا جاتا ہے جنہوں نے اپنی بہترین اداکاری سے ماں کے کردار کو ایک نئی جہت عطا کی ہے۔
EPAPER
Updated: October 13, 2024, 2:10 PM IST | Agency
ہندی سنیما میں نروپا رائے کو ایسی اداکارہ کے طور پر یاد کیا جاتا ہے جنہوں نے اپنی بہترین اداکاری سے ماں کے کردار کو ایک نئی جہت عطا کی ہے۔
ہندی سنیما میں نروپا رائے کو ایسی اداکارہ کے طور پر یاد کیا جاتا ہے جنہوں نے اپنی بہترین اداکاری سے ماں کے کردار کو ایک نئی جہت عطا کی ہے۔ ان کا اصلی نام کوکیلا کشور چندر بلسارا تھا۔ ان کی پیدائش۴؍ جنوری ۱۹۳۱ء کو گجرات کے بلساڑ میں ایک متوسط گھرانے میں ہوئی تھی۔ ان کے والد ریلوے میں ملازم تھے۔ نروپا رائے نے چوتھی جماعت تک تعلیم حاصل کی اور اس کے بعد ان کی شادی ممبئی میں کمل رائے سے ہوگئی۔ شادی کے بعد نروپا رائے بھی ممبئی آگئیں۔ انہیں دنوں فلمساز و ہدایت کار بی ایم ویاس اپنی نئی فلم رنک دیوی کیلئے نئے چہروں کی تلاش میں تھے۔ انہوں نے اپنی فلم کیلئے نئے اداکاروں سےمتعلق ایک اخبار میں اشتہار دیا۔ نروپا رائے کے خاوندفلموں کے بے حد شوقین تھے اور اداکار بننا چاہتے تھے۔
کمل رائے اپنی بیوی کے ہمراہ بی ایم ویاس سے ملنے گئے اور اداکار بننے کی خواہش ظاہر کی لیکن بی ایم ویاس نے یہ کہہ کر صاف انکار کردیا کہ ان میں اداکار جیسی کوئی خصوصیت نہیں ہے لیکن اگر وہ چاہیں تو ان کی بیوی کو فلم میں اداکارہ کے طور پر کام مل سکتا ہے۔ اسی طرح فلم ’رنک دیوی‘ میں نروپا رائے۱۵۰؍ روپے ماہانہ پر کام کرنے لگیں لیکن بعد میں بعض وجوہات سے انہیں اس فلم سے الگ کر دیا گیا۔
نروپارائے نے اپنے فلمی کریئر کی شروعات ۱۹۴۶ء میں گجراتی فلم ’گن سندری‘ سے کی تھی۔ اسی برس فلم ’ہماری منزل‘ سے انھوں نے بالی ووڈ فلموں کی طرف بھی رخ کیا۔ اوپی دتہ کی ہدایت میں بنی اس فلم میں ان کے ہیرو کا کردارپریم ادیب نے اداکیا تھا۔ کچھ ہی دنوں میں وہ ایک اداکارہ کے طور پر شناخت بنانے میں کامیا ب ہوگئیں ۔
۱۹۵۱ء میں ان کی ایک اوراہم فلم’ ہر ہر مہا دیو‘ ریلیز ہوئی۔ اس فلم میں ا نہوں نے دیوی پاروتی کا کردار ادا کیا تھا۔ اس فلم کی کامیابی کے بعد وہ ناظرین کے بیچ دیوی کے طور پر مشہور ہوگئیں۔
۱۹۵۳ء میں فلم’ دوبیگھہ زمین‘ نروپارائے کے فلمی کریئر کیلئے میل کا پتھر ثابت ہوئی۔ ومل رائے کی ہدایت کاری میں بنی اس فلم میں وہ ایک کسان کی بیوی کے کردار میں نظرآئیں۔ اس فلم میں بلراج ساہنی مرکزی کردارمیں تھے۔ اس فلم کیلئے انھیں بین الاقوامی شہرت حاصل ہوئی۔ ۱۹۵۵ء میں فلم’منیم جی‘ بھی نروپا رائے کیلئے اہم فلم ثابت ہوئی۔ اس میں انہوں نے دیوآنند کی ماں کا کرداراداکیا تھا۔ اس کیلئے وہ فلم فیئر ایوارڈ سے بھی نوازی گئیں۔
۱۹۷۵ء میں فلم ’دیوار‘ نروپارائے کے کریئر کی بہترین فلموں میں شمار کی جاتی ہے۔ یش چوپڑا کی ہدایت میں بنی اس فلم میں انہوں نے اچھائی اور برائی کی نمائندگی کرنے والے ششی کپور اور امیتابھ بچن کی ماں کا کردار اداکیا تھا جس میں انہوں نے اپنی فطری اداکاری سے ماں کے کردار کو زندہ جاوید کردیا۔ انہوں نے سب سے پہلے امیتابھ کی ماں کاکردار فلم ’دیوار‘ میں اداکیا تھا۔ اس کے بعد خون پسینہ ، مقدرکا سکندر، امر اکبر انتھونی ، سہاگ ، انقلاب ، گرفتار، مرد اورگنگاجمنا سرسوتی جیسی فلموں میں بھی وہ امیتابھ کی ماں کے کردار میں نظر آئیں۔ ۱۹۹۹ء میں ریلیز ہونے والی فلم ’لال بادشاہ‘ میں وہ آخری بار امیتابھ کی ماں کے طورپر نظر آئیں۔ اپنے فلمی کریئر میں تقریباً ۳۰۰؍ فلموں میں ناظرین کا دل جیتنے والی نروپا رائے۱۳؍کتوبر۲۰۰۴ء میں کو اس دنیا کو الوداع کہہ گئیں۔