• Fri, 20 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

نتن دیسائی ’ پرندہ، ماچس، لگان، دیوداس اور جودھا اکبر‘ جیسی فلموں کے آرٹ ڈائریکٹر تھے

Updated: August 06, 2023, 7:46 AM IST | Mumbai

مشہور آرٹ ڈائریکٹر نتن دیسائی نے گزشتہ دنوں خود کشی کرلی۔ بالی ووڈ میں ان کی اہمیت اوران کی فنی صلاحیتوں کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ حالیہ برسوں میں ریلیز ہونے والی بیشتر بڑی فلموں کے آرٹ ڈائریکٹر نتن دیسائی ہی رہے۔

Nitin Desai. Photo: INN
نتن دیسائی۔تصویر : آئی این این

 مشہور آرٹ ڈائریکٹر نتن دیسائی نے گزشتہ دنوں خود کشی کرلی۔ بالی ووڈ میں ان کی اہمیت اوران کی فنی صلاحیتوں کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ حالیہ برسوں میں ریلیز ہونے والی بیشتر بڑی فلموں کے آرٹ ڈائریکٹر نتن دیسائی ہی رہے۔ انہوں نے ’ پرندہ، ماچس، منا بھائی ایم بی بی ایس، ہم دل دے چکے صنم، لگان، دیوداس، جودھا اکبر اور پریم رتن دھن پایو جیسی بڑی فلموں کے سیٹ ڈیزائن کئے تھے۔ ان کی صلاحیتوں کااعتراف کرتے ہوئےچار مرتبہ (بابا صاحب امبیڈکر، ہم دل دے چکے صنم، لگان اور دیواس کیلئے) بہترین آرٹ ڈائریکشن کا نیشنل فلم ایوارڈ ملا جبکہ ۹؍ مرتبہ فلم فیئر کے ایوارڈ سے نوازے گئے۔ آخری بار انہوں نے اشوتوش گواریکر کی تاریخی فلم ’پانی پت‘ میں کام کیا تھا۔ انہوں نے دوڑ اور ہیلو جے ہند جیسی فلموں میں اداکاری کے ساتھ چند ایک فلموں کی فلمسازی بھی کی ہے۔ 
نتن دیسائی نے اپنے کریئر کا آغاز۱۹۸۷ء میں ٹی وی شو’تمس‘ سے کیا تھا جس کے ہدایت کار گووند نہلانی تھے۔ انہوں نے اسی ایک سیٹ پر لگاتار ۱۳؍ دن اور ۱۳؍ راتیں گزاری تھیں۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا تھا کہ اس وقت اگر وہ۱۵؍ منٹ کیلئے نہانے بھی جاتے تھے تو انہیں لگتا تھا کہ وہ اپنے۱۵؍ منٹ ضائع کر رہے ہیں۔ انہیں ہالی ووڈ کی ایک فلم میں کام کرنے کا موقع مل رہا تھالیکن نہیں مل سکا، جس کی وجہ سے انہیں کافی تکلیف پہنچی تھی۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے بتایا تھا کہ امریکی فلم ڈائریکٹر اولیور اسٹون کو مشہور اداکار بریڈ پٹ کے ساتھ سکندر اعظم کے موضوع پر ایک فلم بنانی تھی جس کے کچھ حصوں کی شوٹنگ انہیں ہندوستان میں کرنی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ ہم نے بہت ساری باتوں پر تبادلہ خیال کیا، لیکن جب میں انہیں ایک اسٹوڈیو میں لے گیا تو وہ اسے دیکھ کر مایوس سے ہوگئے۔ انہیں جیسا انفراسٹرکچر چاہئے تھا، نہیں ملا۔ تب مجھے لگا کہ ایک ایسا اسٹوڈیو بنانا چاہئے جو بین الاقوامی معیار پر پورا اُتر سکے۔ اس کے بعد کرجت میں ’این ڈی اسٹوڈیو‘ قائم کرنے کا خیال آیا۔ یہ اسٹوڈیو ۴۳؍ ایکڑ میں پھیلا ہوا ہے جس میں ہندوستان کا پہلا تھیم پارک بھی قائم کیا گیا ہے۔ 
این ڈی اسٹوڈیو میں سب سے پہلے عامر خان کی فلم ’منگل پانڈے۔ دی رائزنگ‘ کی شوٹنگ ہوئی تھی۔ اس کے بعد مدھر بھنڈارکر کی ’ٹریفک سگنل‘ اور اشوتوش گواریکر کی ’جودھا اکبر‘ کی شوٹنگ ہوئی۔ انہوں نے ایک مرتبہ بتایا تھا کہ ایشوریا رائے اورریتک روشن اس فلم کیلئے ۶؍ ماہ تک سیٹ پر رہے تھے۔ سلمان خان کی بیشتر بڑی فلموں جیسے وانٹیڈ، باڈی گارڈ، پریم رتن دھن پایو اور کک کی شوٹنگ اسی اسٹوڈیو میں ہوئی ہے۔ ایک انٹرویو میں نتن نے بتایا تھا کہ سلمان کو فطرت کے قریب رہ کر شوٹنگ کرنا پسند ہے، اسلئے وہ ان کے اسٹوڈیو کے انتخاب کو ترجیح دیتے ہیں۔ انہوں نے بتایا تھا کہ وہ’پریم رتن دھن پایو‘ کیلئے ۹۰؍ دن تک سیٹ پر ہی رہے تھے۔ اس فلم کیلئے ایک کروڑ روپے خرچ کرکے ہم نے شیش محل بنایا تھا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK