• Sun, 22 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

اب ۱۰؍ سال ہی کا فعال کریئر باقی ہے: عامر خان

Updated: November 15, 2024, 8:10 PM IST | Mumbai

بالی ووڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ، ۷۰؍سال کی عمر میں ریٹائر ہونے سے پہلے نئے ٹیلنٹ اور صلاحیتوں کے لئے ایک پلیٹ فارم بننا چاہتے ہیں۔

Aamir Khan Photo: INN
عامر خان۔ تصویر: آئی این این

بالی ووڈ سپر اسٹار عامر خان نے حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران کہا کہ انہیں لگتا ہے کہ بالی ووڈ میں فعال طور پر کام کرنے کے لئے ان کے پاس تقریباً ۱۰؍ سال باقی ہیں۔ عامر خان اکثر اس بات کا اظہار کر چکے ہیں کہ وہ اداکاری چھوڑنے اور ریٹائرمنٹ کے تئیں پرجوش ہیں۔ تاہم، اب جب انہیں لگتا ہے کہ فلمی دنیا میں ان کے پاس محدود وقت ہے، وہ اس وقت کا بہترین فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں۔ ہالی ووڈ رپورٹر انڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے عامر نے کہا کہ میں نے اپنی پوری زندگی میں کبھی ایک ساتھ چھ فلمیں نہیں کیں لیکن اس بار ایسا کرنے کیلئے میرے پاس ایک وجہ ہے۔ جب میں فیصلہ کیا کہ میں ابھی اداکاری نہیں چھوڑوں گا تو میرے ذہن میں اگلا خیال یہی آیا کہ شاید یہ میری فلمی کریئر کے آخری ۱۰ سال ہیں۔ آپ زندگی پر بھروسہ نہیں کر سکتے۔ ہم کل انتقال سکتے ہیں۔

 

عامر نے مزید کہا کہ میں ابھی ۵۹؍ سال کا ہوں اور میرے پاس ۱۰؍ سال کا فلمی کریئر باقی ہے۔ میں امید کرتا ہوں کہ ۷۰؍ سال کا ہونے تک پروڈکٹیو بھی بن جاؤں گا۔ عامر نے انٹرویو کے دوران بتایا کہ وہ، مصنفین، ہدایت کار اور دیگر تخلیقی صلاحیتوں کے حامل ٹیلنٹ اور افراد کی حمایت کرنا چاہتے ہیں جن پر انہیں یقین ہے۔ ۷۰ سال کی عمر میں ریٹائر ہونے سے پہلے وہ ان صلاحیتوں کے لئے ایک پلیٹ فارم بننا چاہتے ہیں۔ عامر خان کے مطابق، فلمی دنیا سے ریٹائر ہونے کا خیال ان کے ذہن میں اس وقت آیا جب وہ ۲۰۲۲ء میں ریلیز ہوئی فلم "لال سنگھ چڈھا" کی شوٹنگ کر رہے تھے۔ تاہم، جب ان کے بچوں نے انہیں سمجھایا اور انتہائی قدم اٹھانے کی بجائے درمیانی راستہ تلاش کرنے کیلئے کہا تو انہوں نے اس مشورے پر عمل کرنے کا فیصلہ کیا۔

 

اس وقت عامر خان اپنی آنے والی فلم "ستارے زمین پر" کی شوٹنگ میں مصروف ہیں جو ان کی ۲۰۰۷ء کی فلم "تارے زمین پر" کا سیکوئل ہے۔ اس فلم میں درشیل سفاری اور جنیلیا دیشمکھ بھی نظر آئیں گے۔ اسی انٹرویو میں فلم کے متعلق بات کرتی ہوئے عامر نے کہا کہ یہ ایک خوبصورت کہانی ہے۔ "تارے زمین پر" اور اس کے سیکوئیل کے درمیان فرق پر بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ تارے زمین پر ایک "جذباتی فلم" ہے جو لوگوں کو رلا دیتی ہے جبکہ "ستارے زمین پر" اس کے برعکس ایک مزاحیہ فلم ہے۔ تاہم عامر نے واضح کیا کہ دونوں فلموں کے موضوعات ایک جیسے ہیں۔ دریں اثنا، رواں سال مارچ میں ریلیز ہوئی کرن رائو کی فلم "لاپتہ لیڈیز" کو ہندوستان کی طرف سے ۹۷؍ ویں اکیڈمی ایوارڈز کے لئے نامزد کئے کئے جانے کے بعد، عامر خان، اپنی اہلیہ کرن راؤ کے ساتھ فلم کیلئے لابنگ میں مصروف ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK