• Sat, 22 February, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

نوتن پہلی مس انڈیا تھیں جنہوں نے فلموں میں کام کیا

Updated: February 21, 2025, 9:29 PM IST | Agency | Mumbai

بالی ووڈ میں ایسی شخصیتوں کی ایک طویل فہرست ہے جِن کے کارناموں کو ہم کبھی فراموش نہیں کرسکتے اور جِنھوں نے فلمی دنیا میں اپنا انمٹ نقش چھوڑا ہے۔

Great actress Nutan. Photo: INN
عظیم اداکارہ نوتن۔ تصویر: آئی این این

بالی ووڈ میں ایسی شخصیتوں کی ایک طویل فہرست ہے جِن کے کارناموں کو ہم کبھی فراموش نہیں کرسکتے اور جِنھوں نے فلمی دنیا میں اپنا انمٹ نقش چھوڑا ہے۔ آج کے دور میں جہاں مس انڈیا کا خطاب جیتنے والی حسیناؤں کو فلموں میں کام کرنے کا موقع آسانی سے مل جاتا ہے، وہیں نوتن کو فلموں میں کام حاصل کرنے کے لئے کافی جدوجہد کرنی پڑی تھی۔ ۴؍ جون ۱۹۳۶ء کو ممبئی میں پیدا ہونے والی نوتن کا اصلی نام نوتن سمرتھ کو اداکاری کا فن وراثت میں ملا۔ ان کی ماں شوبھنا سمرتھ جانی مانی فلم اداکارہ تھیں۔ گھر میں فلمی ماحول ہونے کی وجہ سے نوتن اکثر اپنی ماں کے ساتھ شوٹنگ دیکھنے جایا کرتی تھیں ۔ اس وجہ سے ان کا رجحان بھی فلموں کی طرف ہو گیا اور وہ بھی اداکارہ بننے کے خواب دیکھنے لگیں۔ نوتن نے بطور چائلڈا سٹار فلم ’نل دمينتي‘ سے اپنے کریئر کا آغاز کیا۔ اس درمیان نوتن نے آل انڈیا بیوٹی مقابلہ میں حصہ لیا جس میں وہ سرفہرست رہیں لیکن بالی ووڈ کے کسی تخلیق کار کی توجہ ان کی طرف نہیں گئی۔ 
  انہیں ۱۹۵۰ء میں آئی فلم ہماری بیٹی میں اداکاری کرنے کا موقع ملا جس کی ہدایت کار ان کی ماں شوبھنا سمرتھ تھیں۔ اس کے بعد انہوں نے’ہم لوگ، شيشم، نگينہ اور شباب جیسی کچھ فلموں میں اداکاری کی لیکن ان فلموں سے وہ کوئی خاص پہچان نہیں بنا سکیں جبکہ ۱۹۵۵ء میں ریلیز ہوئی فلم ’سيما‘ میں اپنی بااثر اداکاری کیلئے نوتن کو اپنے فلمی کریئر کا بہترین فلم اداکارہ کا ایوارڈ بھی حاصل ہوا۔ 
 ’سجاتا‘، ’بندنی‘ اور ’دل نے پھر یاد کیا‘ جیسی فلموں کی کامیابی کے بعد نوتن ٹریجڈی کوئن کہی جانے لگیں۔ اب ان پر یہ الزام عائد ہونے لگا کہ وہ صرف درد بھرے کردار ادا کر سکتی ہیں لیکن’ چھلیا‘ اور ’صورت‘ جیسی فلموں میں اپنی اداکاری سے نوتن نے ناقدین کامنہ بند کر دیا۔ نوتن نے اپنے فلمی کریئر میں اس دور کے سبھی بڑے اداکاروں کے ساتھ اداکاری کی۔ راج کپور کے ساتھ فلم اناڑی میں ’بھولا بھالا پیار‘ ہو یا پھر اشوک کمار کے ساتھ فلم بندنی میں سنجیدہ اداکاری یا پھر فلم پیئنگ گیسٹ میں دیو آنند کے ساتھ رومانی کردار ہو نوتن ہر اداکار کے ساتھ ان ہی کے رنگ میں رنگ جاتی تھیں۔ 
 ۸۰ءکی دہائی میں نوتن نے فلموں میں ماں کے کردار ادا کرنا شروع کئے۔ ان فلموں میں ’میری جنگ، نام اور کرما‘ جیسی قابل ذکر فلمیں ہیں۔ فلم میری جنگ کیلئےاپنی بہترین اداکاری کیلئے نوتن بہترین معاون اداکارہ کے انعام سے نوازی گئیں۔ فلم کرما میں نوتن نے دلیپ کمار کے ساتھ کام کیا۔ اس فلم میں نوتن پر فلمایا یہ گانا’دل دیاہے جاں بھی دیں گے اے وطن تیرے لئے‘ ناظرین میں کافی مقبول ہوا۔ نوتن کی صلاحیت صرف اداکاری تک ہی محدود نہیں تھی۔ وہ نغمے اور غزل کہنے میں بھی کافی دلچسپی لیا کرتی تھیں۔ ہندوستانی فلم انڈسٹری میں بطوربہترین اداکارہ سب سے زیادہ فلم فیئر ایوارڈ حاصل کرنے کا ریکارڈ نوتن اور کاجول کے نام مشترکہ طور سے درج ہے۔ نوتن اپنی فلمی کریئر میں پانچ بار فلم فیئر ایوارڈ سے نوازی گئیں تقریباً چار دہائی تک اپنی بہترین اداکاری سے ناظرین کے درمیان خاص شناخت قائم کرنے والی یہ اداکارہ۲۱؍ فروری ۱۹۹۱ء کو اس دنیا کو الوداع کہہ گئیں۔ 

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK