مغربی طرزِ زندگی کی دلدادہ پروین بابی کو ایک دن فلم ساز اور ہدایت کا بی آر اشارہ نے سگریٹ کا کَش لگاتے دیکھا تو اُن کے ذہن میں جس فلم کا تصور تھا انہیں لگا کہ اُنہیں اُن کی ہیروئن مل گئی ہے۔
EPAPER
Updated: January 20, 2025, 12:03 PM IST | Mumbai
مغربی طرزِ زندگی کی دلدادہ پروین بابی کو ایک دن فلم ساز اور ہدایت کا بی آر اشارہ نے سگریٹ کا کَش لگاتے دیکھا تو اُن کے ذہن میں جس فلم کا تصور تھا انہیں لگا کہ اُنہیں اُن کی ہیروئن مل گئی ہے۔
پروین بابی ایک ایسی اداکارہ کے طور پر جانی جاتی ہیں جنہوں نے کسی قسم کی بندشوں کے بغیر اپنے دل کی سنی اوراپنی مرضی سے کام کیا۔ کئی مشہور فلموں کی اداکارہ پروین بابی ۴؍اپریل ۱۹۴۹ءکو گجرات کے شہر جُونا گڑھ میں ایک متوسط مسلم گھرانےمیں پیدا ہوئیں۔ انہوں نے احمدآباد کے سینٹ زیویئر کالج سے انگریزی زبان و ادب میں گریجویشن کیا۔ اسی زمانے میں انہیں ماڈلنگ کے شعبےمیں اپنا کیریئر بنانے کا شوق پیدا ہوا۔
مغربی طرزِ زندگی کی دلدادہ پروین بابی کو ایک دن فلم ساز اور ہدایت کا بی آر اشارہ نے سگریٹ کا کَش لگاتے دیکھا تو اُن کے ذہن میں جس فلم کا تصور تھا انہیں لگا کہ اُنہیں اُن کی ہیروئن مل گئی ہے۔ بی آر اشارہ نے ۱۹؍سال کی پروین بابی کو معروف کرکٹر سلیم دُرانی کے ساتھ اپنی فلم ’چرتر‘ میں کام کرنے کا موقع دیا۔ اگرچہ یہ فلم فلاپ ہو گئی، تاہم پروین بابی اپنی چھاپ چھوڑنے میں کامیاب رہیں۔
ان کی دوسری فلم ’دھوئیں کی لکیر‘ بھی ناکام رہی لیکن امیتابھ بچن کی ساتھ ان کی اگلی فلم ’مجبور‘ نے انہیں بالی ووڈ میں ہیروئن کے طور پر بے پناہ شہرت بخشی۔ ۱۹۷۵ء میں ’دیوار‘ کیا ریلیز ہوئی، بالی ووڈ کو ایک ایسی ہیروین مل گئی جونہ صرف دیکھنے میں خوبصورت تھی بلکہ وہ کردار ادا کرنے کو تیار تھی جو کہ ۷۰ء کے عشرے کی دوسری ہیروئینوں کو منظور نہیں تھے۔ ’دیوار‘ کے بعد’ امر اکبر انتھونی‘ ان کی ایک اور سپر ہٹ فلم رہی۔ بالی ووڈ پر پروین بابی کے اثرات کا اس سے بڑا ثبوت اورکیا ہو سکتا ہے کہ امریکی جریدے ’ٹائم‘ نے اپنے سرورق پر ان کی تصویر شائع کی تھی۔ فلموں سے ریٹائرمنٹ کے بعد وہ تنہائی کی وجہ سے نفسیاتی مریض بن گئیں تھیں اور اُن فلیٹ ہی میں ان کا انتقال ہوا تھا۔
پروین بابی نے۵۰؍سےزائدفلموں میں مرکزی کردار ادا کیا جن میں کئی فلمیں امیتابھ بچن کے ساتھ تھیں۔ ان کی کامیاب فلموں میں دیوار، امر، اکبر، انتھونی اور کالا پتھر شامل ہیں جبکہ ۱۹۷۰ء کے عشرےمیں نوجوانوں کےمزاج کی نمائندگی میں امیتابھ بچن اور پروین بابی کی جوڑی فلمی دنیا میں کامیاب ثابت ہوئی۔ پروین بابی شوبزکی دنیا میں جتنی خوبصورت اور دلکش زندگی گزار رہی تھیں، ان کی ذاتی زندگی اتنی ہی تنہا ئی کا شکاررہی۔ اداکارہ نےشادی نہیں کی البتہ اپنےساتھ کام کرنے والےمتعدد اداکاروں اور ہدایت کاروں کے ساتھ ان کے رشتے کی افواہیں میڈیا میں گردش کرتی رہیں۔ پروین بابی کی موت ۲۰؍ جنوری ۲۰۰۵ء کو ہوئی۔ اس وقت ان کی عمر۵۵؍سال تھی۔ وہ پر اسرار طریقے سے اپنے فلیٹ میں مردہ پائی گئی تھیں۔ ان کی موت کی وجہ فوری طور سامنے نہیں آسکی تھی تاہم رپورٹس کے مطابق پروین بابی ذیابیطس کا شکار تھیں جس کی باعث ان کا موت واقع ہوئی تھی۔